پنج سورہ یا سبع سورہ کی حقیقت
تحریر: مقبول احمد سلفی/جدہ
جدہ دعوہ سنٹر۔ سعودی عرب
بدعتی لوگوں کے گھروں میں عام طور سے پانچ سورتوں یا
سات سورتوں پر مشتمل ایک کتاب پائی جاتی ہے۔ پانچ سورتوں (سورہ یٰسین، سورہ رحمان،
سورہ واقعہ، سورہ ملک، سورہ مزمل) پر مشتمل کتاب کو پنج سورہ نام دیا جاتا ہے اور
سات سورتوں(سورہ کہف، سورہ سجدہ، سورہ یاسین، سورہ رحمن، سورہ واقعہ ، سورہ ملک،
سورہ مزمل) پر مشتمل کتاب کو سبع سورہ کہا جاتا ہے۔
اس کتاب میں عموما قرآن کی مذکورہ بالا سورتیں درج ہوتی
ہیں اور ان سورتوں کے فضائل بیان کئے گئے ہوتے ہیں۔ ان فضائل میں بعض صحیح فضائل
ہوتے ہیں جبکہ اکثر و بیشتر فضائل ضعیف اور موضوع ہوتے ہیں۔ سورہ یاسین کی فضیلت
میں ایک بھی صحیح حدیث نہیں ہے ، اس بارے میں جتنی احادیث آتی ہیں سب ضعیف ہیں
مگربدعتی تمام ضعیف و موضوع روایات بیان کرتے ہیں۔اس کتاب میں صحیح اور
ضعیف فضائل کے ساتھ حاجات و ضروریات پورا کرنے کے مصنوعی اور بدعتی طریقے بھی بیان
کیے گئے ہوتے ہیں۔
اس کتاب کے تیار کرنے اور لوگوں میں پھیلانے کا اصل
مقصد یہ ہوتا ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں اس کتاب کو رکھیں اور جب بھی کسی کو جس قسم
کی حاجت وضرورت پیش آئے پنج سورہ یا سبع سورہ پڑھ لے اس کی ضرورت پوری ہو جائے گی
یا کوئی بلا آئی ہو تو وہ ٹل جائے گی۔ اس لئے اس کتاب کا اصل نام بلاؤں کو ٹالنے
والی کتاب ہونا چاہئے۔ بعض لوگوں کا یہ عقیدہ بھی ہوتا ہے کہ مصائب و مشکلات سے
بچنے کے لئے اس کتاب کو روزانہ پڑھنا ضروری ہے۔ پھر ان میں موجود الگ الگ سورت کے
الگ الگ مصنوعی وظائف بیان کئے گئے ہوتے ہیں کہ فلاں فلاں مصیبت میں اتنے اتنے
دفعہ فلاں سورت کو پڑھو تمہاری مشکل آسان ہوجائے گی ۔
اس پنج یا سبع سورہ سے متعلق شرعی حکم یہ ہے کہ قرآن سے
الگ کرکے چند سورتوں کا اس طرح مجموعہ تیار کرنا غلط ہے۔ اللہ کی جانب سے جس طرح
تیس پارے نازل ہوئے ہیں ، ہمیں اپنے گھروں میں تیس پاروں والا قرآن رکھنا چاہئے
اور یہ اعتقاد رکھنا چاہئے کہ مکمل قرآن شفا ہے۔ اور نزول قرآن کا مقصد اسے سمجھ
کر پڑھنا اور اس پر عمل کرنا ہے۔یاد رکھیں کہ جو قرآن پر عمل نہیں کرتا ، اسے قرآن
سے فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
دوسری بات یہ ہے کہ قرآنی سورتوں کو اپنی جانب سے بیماریوں کے لئے خاص کرنا اور پڑھنے کا خاص وقت مقررکرنا اور اس کی مخصوص تعداد متعین کرنا شریعت کے خلاف ہے۔ اس لئے کسی مسلمان کو اس قسم کا تیار کردہ پنج سورہ یا سبع سورہ اپنے گھر میں رکھنا، مشکلات دور کرنے کےلئے اسے پڑھنا ، صدقہ جاریہ کے لئے اسے خرید کر یا پرنٹ کراکر تقسیم کرنا یہ سارےکام غلط ہیں۔ آپ اپنے گھر میں دعا کی کتاب کے طور پر حصن المسلم رکھیں، سادہ قرآن رکھیں اور تفسیر احسن البیان رکھیں۔اگرکوئی آپ سے کہے کہ یہ تو قرآن کی سورتیں ہیں، توآپ اس سے کہیں کہ بالکل اس کتاب میں قرآن کی سورتیں ہیں مگر اس میں سورتوںکے علاوہ جو باتیں لکھی گئی ہیں اور اس کتاب کے ساتھ جو عقیدہ پایا جاتا ہے وہ غلط ہے ۔ آپ کا کیا خیال ہے کہ اگر کوئی ہمارے قرآن میں اپنی جانب سے ایک آیت اضافہ کردے تو آپ وہ قرآن تسلیم کریں گے ، نہیں ہرگز نہیں ۔ بلکہ کوئی ایک نقطہ بھی قرآن میں زیادہ کردے ہم اسے برداشت نہیں کریں گے پھر پنج سورہ یا سبع سورہ میں سورتوں کے علاوہ جو جھوٹی اور بناوٹی باتیں لکھی ہوئی ہیں ایسے مجموعہ کو کیسے قبول کریں گے ؟
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔