Sunday, November 8, 2026

دیوالی کے موقع پر مٹھائی کا تحفہ

دیوالی کے موقع پر مٹھائی کا تحفہ

تحریر: مقبول احمد سلفی -جدہ

جب جب دیوالی کا موقع آتا ہے لوگوں کی طرف سے بارہا یہ سوال آتا ہے کہ کیا غیرمسلم تہوار دیوالی کی مناسبت سے غیرمسلم کا دیا ہوا تحفہ مٹھائی  یا اس جیسی کوئی چیز قبول کرسکتے ہیں ؟

اس کا جواب بہت واضح اور صاف ہے کہ جو عمل گناہ پر تعاون کے زمرے میں ہو، وہ  عمل ناجائز ہے۔ دیوالی غیرمسلم کا ایک تہوار ہے جس میں شرکیہ عمل پایا جاتا ہےیعنی غیراللہ کی عبادت  کی جاتی ہے۔ اس مناسبت سے کسی قسم کا تحفہ قبول کرنا شرک پر تعاون ہے اس لئے غیرمسلم سے دیوالی کے موقع پر مٹھائی قبول کرناجائز نہیں ہےخواہ پوجا والی مٹھائی ہو یا بازار سے خریدی گئی عام مٹھائی ہو۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَىٰ ۖ وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ ۚ وَاتَّقُوا اللَّهَ ۖ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ (المائدۃ:2)

ترجمہ: نیکی اور پرہیزگاری میں ایک دوسرے کی امداد کرتے رہو اور گناہ ظلم زیادتی میں مدد نہ کرو اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، بیشک اللہ تعالیٰ سخت سزا دینے والا ہے۔

عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں نے کہا:

يَا رَسُولَ اللَّهِ، أَيُّ الذَّنْبِ أَعْظَمُ؟ قَالَ:" أَنْ تَجْعَلَ لِلَّهِ نِدًّا وَهُوَ خَلَقَكَ (صحيح البخاري:6001)

ترجمہ: اے اللہ کے رسول! کون سا گناہ سب سے بڑا ہے۔ فرمایا یہ کہ تم اللہ تعالیٰ کا کسی کو شریک بناؤ حالانکہ اسی نے تمہیں پیدا کیا ہے۔

کوئی یہ سوال کرے کہ ہم تو اللہ کےساتھ  کسی کو شریک نہیں ٹھہراتے ہیں، محض غیرمسلم کا ہدیہ قبول کرتے ہیں،اس میں شرک کیا ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ غیرمسلم کی طرف سے اس کے تہوار کے موقع پر ہدیہ قبول کرنا شرک پر تعاون کہلائے گا۔ اور آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ جیسے شرک کرنا گناہ ہے ، ویسے ہی شرک پر تعاون کرنابھی  گناہ ہے۔

خلاصہ کلام یہ ہے کہ دیوالی کے موقع پر غیرمسلم کی جانب سے پیش کیا جانے والا تحفہ قبول کرنا جائز نہیں ہے، نہ ہی کسی مسلمان کے لئے جائز ہے کہ وہ غیرمسلم کو اس کے تہوار پہ اپنی جانب سے کوئی تحفہ پیش کرے۔ اسی طرح یہ بات بھی علم میں رہے کہ غیرمسلم تہواروں مثلا دیوالی، چھٹھ، پورنیما، دسہرہ پوجا، درگاپوجا، نوراتری وغیرہ پہ مبارکبادی پیش کرنا جائز نہیں ہے۔اس کی محفل میں شرکت کرنا جائز نہیں ہے اور اس مناسبت سے منعقد کی  گئی دعوت میں شامل ہونا جائز نہیں ہے۔

ہندوستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں ایک بات یہ ذہن میں رہے کہ ممکن ہے کوئی مسلمان ایسی جگہ موجود ہوجہاں دیوالی کی مٹھائی قبول نہ کرنے سے فتنہ و فساد ہوسکتا ہو یا بذات خود اس کے لئے یا اس کے گھروالوں کے لئے خطرہ لاحق ہوسکتا ہو، توایسی صورت میں فتنہ وفساد اور خطرہ سے بچنے کے لئے بازار سے خریدی گئی عام مٹھائی(پرسادوالی نہیں) لینے میں حرج  نہیں ہے بشرطیکہ اس کا دل توحید پر مطمئن ہو اور شرک سے بیزار ہو۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

مَن كَفَرَ بِاللَّهِ مِن بَعْدِ إِيمَانِهِ إِلَّا مَنْ أُكْرِهَ وَقَلْبُهُ مُطْمَئِنٌّ بِالْإِيمَانِ(النحل:106)

ترجمہ: جو شخص اپنے ایمان کے بعد اللہ سے کفر کرے بجز اس کے جس پر جبر کیا جائے اور اس کا دل ایمان پر برقرار ہو۔

یہ ایک استثنائی صورت بیان کی گئی ہے،ہرکسی کے لئے نہیں ہے اور عام حکم یہی ہے کہ شرکیہ تہوار کے موقع پر کسی قسم کا ہدیہ و تحفہ لینا دینا جائز نہیں ہے۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔