گرامی قدر جناب مولا ذکی احمد مدنی حفظہ اللہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔مدیرجامعہ
الہدی الاسلامیہ ہوڑہ(کولکاتا)
السلام وعلیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کا بھیجا ہوا برقی رسالہ دستیاب ہواجس کے ذریعہ شہر
کولکاتا میں کامیابی کے ساتھ "کولکاتاالہدی ایجوکیشنل اینڈ
ویلفیئرسوسائٹی"کےزیر اہتمام تیسری رسول رحمت کانفرس منعقد ہونے کا بخوبی علم ہوا۔ ساتھ ہی ماہنامہ مجلہ الہادی کا سیرت
رسول ﷺ نمبر(جلددوم) الکٹرانک فائل کی شکل میں دستیاب ہوا جو مقالات ومضامین اور تعارف وتاثرات
کے ساتھ تقریبا پانچ صفحات پر مشتمل ہے۔اور
یہ سیرت کے بے شمار اہم گوشوں کو اجاگر
کرنے والاایک وقیع مجلہ ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ سیرت رسول ایک ایسا عنوان ہے جوفرد ومعاشرہ
کی اصلاح اور ان کی تعمیروترقی کا سرچشمہ اور روشن مینارہے ۔ اس
موضوع پہ جس قدر سیمینارو کانفرنس منعقد کئے جائیں اور جس قدر مقالات ومجلات شائع
کئے جائیں لوگوں کے حق میں اسی قدر نفع بخش ہیں۔رسول رحمت کی سیرت مسلمان ہی نہیں،
عالم کی توجہ کا مرکزاصیل ہے اور کیوں نہ ہو کہ رب ذوالجلال نے نبی آخرالزماں ﷺ کو
رہتی دنیا تک کے لئے ساری امت کے واسطے اسوہ حسنہ(بہترین نمونہ) بناکر بھیجا ہے۔ پاک
و بلند ہے وہ ذات جس نے ہماری رہبری کے لئے اس قدر عظیم اخلاق وکرداروالابلند پایہ
،عظیم المرتبت ہادی اعظم یعنی حضرت محمد ﷺکو بھیجا۔
اس لحاظ سے الہدی سوسائٹی کے زیر اہتمام یہ تیسری رسول رحمت
کانفرنس قابل قدر کوشش ہے ۔ اس کانفرنس کے اہم موضوعات اور اس میں شریک ہونے والی
اہم شخصیات پروگرام کی اہمیت کو بیاں کرتے
ہیں۔مزید برآں موقع کی مناسبت سے ملک بھر کے اہم قلمکاروں سے روابط قائم کرکے سیرت
رسول کا وقیع مجموعہ پیش کرنا منفعت قوم وملت کے تئیں الہدی سوسائٹی کے خلوص بیکراں ، جہدمبارک اور سعی مشکور کا غماز
ہے۔
اہل بدعت وتصوف کی جہالت کی وجہ سے ایک طرف عام مسلمانوں میں سیرت رسول کی بجائے اکابر
پرستی کی وبا پائی جاتی ہے تو کچھ غیروں کی کرم فرمائیوں نے عوام میں سیرت رسول سے
تنفر کی فضابنانے کی کوشش کی خصوصا اپنے ملک میں برسراقتدار پارٹی نے سیاسی مفاد کی
خاطر اس معاملہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔بنابرین وطن عزیز میں سیرت رسول
کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد اور سیرت
رسول پہ رسائل کی نشر واشاعت امت دعوت اور امت اجابت دونوں کے حق میں نہایت سودمند
اور مستحسن ومبارک اقدام ہے ۔
پہلے سے ہی میری خواہش تھی کہ "سیرت رسول
نمبر" کا اردو کے ساتھ دیگر زبانوں
میں ترجمہ بھی ہوتا ہے تو کافی بہترہوگا اور یہ جان کر مجھے بیحد خوشی ملی کہ سیرت رسول کے دونوں شماروں کا انگریزی اور
بنگلہ ترجمہ بھی نشر کیا گیا۔ اس سے غیراردوداں طبقہ کے علاوہ غیرمسلم
لوگ بھی استفادہ کرسکیں گے ۔اس سلسلے میں دو تین تجاویز دینا مناسب سمجھتا
ہوں ۔ایک تو یہ ہے کہ ترجمہ کے لئے آئندہ
ہندی زبان کا بھی اضافہ کرلیا جائے تو بہتر ہوگا۔ دوسرا یہ کہ جس طرح مسلمانوں میں
خصوصی نمبر تقسیم کیا جارہا ہے اسی طرح غیرمسلموں میں بھی تقسیم کئے جائیں اور عین
ممکن ہے کہ ان کو بھی دیا جاتاہوگانیزمسلمانوں کے عصری تعلیم یافتہ لوگ بھی پیش نظر رہیں جیسے ٹیچر، انجینئر، ڈاکٹراور
لکچرار وغیرہ کیونکہ ان کا سابقہ
غیرمسلموں سے زیادہ ہے اس لئے ان تک صحیح
معلومات پہنچنا ضروری ہے۔ اور تیسری بات
یہ ہے کہ کانفرنس میں جو موضوع بیان کئے گئے ان سے حاضرین نے استفادہ کیا ، ان کے بیانات سے دوسرے بھی
استفادہ کریں اس کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا بہتر استعمال کیا جائے کیونکہ آج
اسی کا زمانہ ہے ۔ عوام پڑھنے کی بجائے ،سننے کا عادی ہوگئی ہے ۔درحقیقت یہاں
فائدہ بھی زیادہ ہے اس لئے مختلف فورمز پر الہدی سوسائٹی کے نام سے مکمل بیانات
اور ان بیانات کے اہم اہم حصے بناکر شیئر کئے جائیں ، اس سے دور ونزدیک والے فائدہ
بھی اٹھائیں گے، غیروں کو بھی سیرت رسول سے واقفیت حاصل ہوگی اور اس موضوع سے
متعلق لوگوں میں پھیلی غلط فہمی کا ازالہ بھی ہوگا۔ میری یہ بھی چاہت ہے کہ
دونوں شماروں کے مضامین ومقالات پڑھ کر انہیں ویڈیوشکل دی جائے تو اور بھی بہتر
ہوگا۔ ظاہر سی بات ہے کہ ان باتوں کی
انجام دہی کے لئے افرادووسائل کی ضرورت ہوگی لیکن اگر قدم بڑھایا جائے اور
تھوڑا تھوڑا ہی سہی کام کیا جائے توجمع ہوتے ہوتے کام کا انبار لگ جائے گا، شرط ہے
کہ ہم دھیرے دھیرے ہی سہی قدم بڑھانےلگ جائیں۔
المہم ،سیرت کے حوالے سے کئی برسوں سے آپ کے ذریعہ جو کام
سرانجام دیا جارہا ہے اس سلسلے میں عرض یہ ہے کہ اس کا تسلسل آئندہ بھی باقی رہے
اور جو کچھ آپ اور آپ کی مکمل ٹیم نے اب تک انجام دیا ہے اس کے لئے تہ دل سے پوری
ٹیم کومبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ساتھ ہی اللہ تعالی سے دعا ہے کہ یہ ساری دینی خدمات امت
کے حق میں مفیدبنائے، اس میں شریک تمام ذمہ داروں کو بہترین بدلہ عطا فرمائے اور
اس سلسلے میں مزید وسعت و سہولت مہیافرمائے تاکہ آپ سب اور بہتر انداز میں قدم
وملت کی خدمت کرسکیں ۔
آپ کا دینی بھائی
مقبول احمد سلفی
داعی / جدہ دعوہ سنٹر، حی السلامہ- سعودی عرب
5/شعبان 1446ھ۔ مطابق 4/فروری 2025م، بروز منگل
.png)
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔