Monday, May 15, 2017

نماز میں سورہ فاتحہ پڑھنے پہ عبادہ رضی اللہ عنہ کی حدیث عام ہے ۔

نماز میں سورہ فاتحہ پڑھنے پہ عبادہ رضی اللہ عنہ کی حدیث عام ہے ۔
(احناف کے ایک شبہ کا رد)
مقبول احمدسلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر-طائف

بخاری ومسلم سمیت مختلف کتب احادیث میں موجود عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کی حدیث موجود ہے جس میں ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایاجس شخص نے سورہ فاتحہ نہیں پڑھی اس کی نماز نہیں ہوتی ۔ حدیث اس طرح سے ہے ۔
حدثنا علي بن عبد الله قال حدثنا سفيان قال حدثنا الزهري عن محمود بن الربيع عن عبادة بن الصامت أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال لا صلاة لمن لم يقرأ بفاتحة الكتاب(صحيح البخاري:756، صحيح مسلم:394)
ترجمہ: حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس شخص نے سورہ فاتحہ نہیں پڑھی اس کی نماز نہیں۔
صحیحین کی یہ حدیث عام ہے اس  سے معلوم ہوا کہ جس شخص نے اپنی نماز میں سورہ فاتحہ نہیں پڑھی اس کی نماز نہیں ہوتی خواہ وہ امام ہو، منفرد ہو یا مقتدی۔ اسی سبب امیرالمومنین فی الحدیث امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث پر بایں الفاظ باب باندھا ہے ۔
باب وجوب القراءة للإمام والمأموم في الصلوات كلها في الحضر والسفر وما يجهر فيها وما يخافت(امام ومقتدی کے لئے سب نمازوں میں سورہ فاتحہ کی قرات واجب ہے، نماز حضر والی ہو یا سفر والی ، جہری ہو یا سری)
 چونکہ احناف کے یہاں مقتدی کو سورہ فاتحہ پڑھنا منع ہے اس وجہ سے  وہ صحیح احادیث کا یاتو انکار کرتے ہیں یا ان میں من مانی تاویل کرتے ہیں ۔
عبادہ والی اس حدیث میں بھی  احناف متعدد قسم کی تاویلیں کرتے ہیں ان میں سے ایک غلط تاویل  یہ ہے کہ عبادہ والی حدیث کے تمام طرق جمع کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ حدیث صرف امام یا منفرد کے ساتھ خاص ہے مقتدیوں کو شامل نہیں ہے ۔ اور پھر دلیل میں یہ روایت پیش کرتے ہیں ۔
پہلی دلیل : لاَ صلاةَ لمن لم يقرأ بفاتحةِ الْكتابِ فصاعدًا(صحيح النسائي:910)
ترجمہ: جو شخص سورۂ فاتحہ اور کچھ مزید نہ پڑھے اسکی نمازنہیں۔
دوسری دلیل: عن أبي هريرةَ قالَ أمَرَني رسولُ اللَّهِ صلَّى اللَّهُ عليْهِ وسلَّمَ أن أناديَ أنَّهُ لا صلاةَ إلَّا بقراءةِ فاتحةِ الْكتابِ فما زادَ(صحيح أبي داود:820)
ترجمہ: سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے حکم دیا کہ میں اعلان کر دوں کہ قرآت فاتحہ اور کچھ مزید کے بغیر نماز نہیں ۔
تیسری دلیل : عن أبي سعيدٍ قالَ أُمِرنا أن نقرأَ بفاتحةِ الكتابِ وما تيسَّرَ(صحيح أبي داود:818)
ترجمہ: سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہمیں حکم دیا گیا کہ ہم ( نماز میں ) فاتحہ اور جو میسر ہو ( یعنی قرآن میں سے ) پڑھا کریں ۔
چوتھی دلیل : سیدنا ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
لا صلاةَ لِمَن لم يقرَأْ في كلِّ رَكْعةٍ بِ الحَمْدُ للَّهِ وسورةٍ في فَريضةٍ أو غيرِها(ضعيف ابن ماجه:160)
ترجمہ:اس شخص کی کوئی نماز نہیں جو فرض اور نفل نماز کی ہر رکعت میں(اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ) اور اس کے ساتھ کوئی اور سورت نہیں پڑھتا۔
٭ یہ حدیث ضعیف ہے ، اسے علامہ ناصرالدین البانی، علاء الدین مغلطائ، ابن الملقن ، حافظ ابن کثیر، حافظ ابن حجر عسقلانی اور الرباعی وغیرہم نے اسے ضعیف قرار دیا ہے ۔ دیکھیں : (ضعيف ابن ماجه:160، ضعيف الجامع:5266، ضعيف الجامع:6299، شرح ابن ماجه لعلاء :3/395، البدر المنير:3/551،تفسير القرآن:1/26، التلخيص الحبير:1/380، فتح الغفار:333/1،الأحاديث الموضوعة للموصلي:88)
احناف کا غلط استدلال : مذکورہ بالا احادیث سے یہ دلیل پکڑتے ہیں کہ ان حادیث سے سورہ فاتحہ اور قرآن کی دوسری سورتوں کی قرات  کا وجوب ثابت ہوتا ہے جن سے معلوم ہوتا ہے "لاصلاۃ لمن یقرا بفاتحہ الکتاب " کا مخاطب مقتدی نہیں بلکہ  امام اور منفرد ہیں ۔
دراصل یہ احناف  کا ایک شبہ اور ایک اشکال ہے جس کا  کئی طریقے سے جواب تحریر کررہاہوں  ۔
پہلا جواب : عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے ہی مروی  دوسری احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ امام کے پیچھے مقتدی کو بھی  اپنے نفس میں سورہ فاتحہ پڑھنا ہے ۔
عَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ قَالَ صَلَّى بِنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَعْضَ الصَّلَوَاتِ الَّتِي يُجْهَرُ فِيهَا بِالْقِرَاءَةِ فَقَالَ لَا يَقْرَأَنَّ أَحَدٌ مِنْكُمْ إِذَا جَهَرْتُ بِالْقِرَاءَةِ إِلَّا بِأُمِّ الْقُرْآنِ۔(سنن نسائی:921، دارقطنی:1207، جزءالقراءۃ:65)
ترجمہ:حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں ایک ایسی نماز پڑھائی جس میں بلند آواز سے قراءت کی جاتی ہے۔ پھر آپ نے فرمایا: ’’جب میں بلند آواز سے قراءت کروں تو تم میں سے کوئی آدمی سورۂ فاتحہ کے سوا کچھ نہ پڑھے۔
٭اس حدیث کو بیہقی نے صحیح اور دارقطنی نے حسن کہا ہے ۔
 سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا:
كنَّا خلفَ رسولِ اللَّهِ صلَّى اللَّهُ عليهِ وسلَّمَ في صلاةِ الفجرِ فقرأَ فثقُلتْ عليهِ القراءةُ فلمَّا فرغَ قالَ : لعلَّكم تقرؤون خلفَ إمامِكم ؟ قلنا : نعم هذا يا رسولَ اللَّهِ . قالَ : لا تفعلوا إلَّا أن يقرأَ أحدُكم بفاتحةِ الكتابِ فإنَّهُ لا صلاةَ لمن لم يقرأ بِها(أصل صفة الصلاة للالبانی:1/327)
ترجمہ: ہم لوگ نبی ﷺ کے پیچھے فجر کی نماز میں تھے تو آپ نے قراءت کی اور آپ پہ قراءت بوجھل ہوگئی ۔ جب آپ نماز سے فارغ ہوئے تو پوچھا :شاید تم لوگ امام کے پیچھے قراءت کرتے ہو؟ تو صحابہ نے کہا ہاں اے اللہ کے رسول ۔ تو آپ نے فرمایا: فاتحہ کے علاوہ کچھ مت پڑھو کیونکہ اس شخص کی نماز نہیں ہوتی جو فاتحہ نہیں پڑھتا۔
٭ترمذی ، دارقطنی نے اس کی سند کو حسن اور بیہقی نے صحیح قرار دیا ہے ۔شیخ البانی نے جید اورحافظ ابن حجر نے ثابت کہا ہے ۔ اور بھی کئی محدثین اس حدیث کو صحیح قرار دیتے ہیں جیسے ابن حبان، ابن خزیمہ اور خطابی وغیرہ۔
یہ  دونوں احادیث اس بات کا ثبوت ہیں کہ عبادہ والی حدیث میں مقتدی بھی شامل ہےلہذا بغیر سورہ فاتحہ کے کسی کی نماز نہیں ہوگی مقتدی کی بھی نہیں ۔
دوسرا جواب : سورہ فاتحہ کے ساتھ قرآن کی دوسری سورت ملانا واجب نہیں ہے بلکہ مستحب ہے ۔ عطاء بن ابی رباح نے خبر دی کہ انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ فرماتے تھے:
في كلِّ صلاةٍ يقرأُ ، فما أسْمَعَنا رسولُ اللهِ صلى الله عليه وسلم أسْمَعْناكم ، وما أخْفَى عنا أخفيْنا عنكم ، وإن لم تزدْ على أمِّ القرآنِ أَجْزَأْتْ ، إن زدتْ فهو خيرٌ.(صحيح البخاري:772)
ترجمہ: ہر نماز میں قرآن مجید کی تلاوت کی جائے گی۔ جن میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں قرآن سنایا تھا ہم بھی تمہیں ان میں سنائیں گے اور جن نمازوں میں آپ نے آہستہ قرات کی ہم بھی ان میں آہستہ ہی قرات کریں گے اور اگر سورہ فاتحہ ہی پڑھو جب بھی کافی ہے، لیکن اگر زیادہ پڑھ لو تو اور بہتر ہے۔
یہی روایت مسلم شریف میں اس طرح سے آئی ہے ،حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا:
في كلِّ صلاةٍ قراءةٌ ، فما أَسْمَعَنَا النبيُّ صلى الله عليه وسلم أَسْمَعْناكم ، وما أخفى منا أَخْفَيْناه منكم ، ومَن قرَأَ بأمِّ الكتابِ فقد أَجْزَأَتْ عنه ، ومَن زادَ فهو أفضلُ .(صحيح مسلم:396)
ترجمہ: ہر نماز میں قراءت ہے۔ تو جو (قراءت) نبی ﷺ نے ہمیں سنائی ہم نے تمہیں سنائی اور جو انہوں نے ہم سے پوشیدہ رکھی، ہم نے وہ تم سے پوشیدہ رکھی اور جس نے ام الکتاب پڑھ لی تو اس کے لیے وہ کافی ہے اور جس نے (اس سے) زائد پڑھا تو وہ بہتر ہے۔
بخاری ومسلم کی ان دونوں حدیث کی روشنی میں معلوم یہ ہوا کہ سورہ فاتحہ کے علاوہ پڑھنا بہتر وافضل ہے ، اگر کوئی نہ پڑھے تو نماز ہوجائے لیکن سورہ فاتحہ نہ پڑھے تو نماز نہیں ہوگی یعنی سورہ فاتحہ پڑھنا ضروری اورکافی ہے ۔
تیسرا جواب : بسااوقات رسول اللہ ﷺ نے نماز میں صرف سورہ فاتحہ پڑھی ہے ۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ابن خزیمہ کے حوالے سے یہ روایت نقل کی ہے ۔
عن بن عباس أن النبي صلى الله عليه و سلم قام فصلى ركعتين لم يقرأ فيهما إلا بفاتحة الكتاب(فتح الباری :2/243)
ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کھڑے ہوئے اور دو رکعت نماز پڑھی ،ان دونوں رکعتوں میں سورہ فاتحہ کے علاوہ کچھ نہیں پڑھا۔
اس سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ سورہ فاتحہ کے بغیر نماز نہیں ہوگی لیکن سورہ فاتحہ کے علاوہ نہ پڑھے تو نماز ہوجائے گی اس کا مطلب یہ ہوا کہ عبادہ کی روایت عام ہے اور امام ومقتدی سب کو شامل ہے ۔
چوتھا جواب : نحو کے امام سیبویہ نے لکھا ہے کہ فاء کے بعد جولفظ  ذکر ہو وہ ضروری نہیں ہوتا ، اس کی مثال بخاری شریف کی یہ روایت ہے ۔
ام المومنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
تقطعُ اليدُ في ربعِ دينارٍ فصاعدًا(صحيح البخاري:6789)
ترجمہ: چوتھائی دینار یا اس سے زیادہ پر ہاتھ کاٹ لیا جائے گا۔
جس طرح فصاعدا کا لفظ یہاں غیرضروری  کے لئے استعمال ہوا ہے اسی طرح سورہ فاتحہ والی روایت بھی استعمال ہوا ہے یعنی سورہ فاتحہ پڑھنا تو ضروری ہے مگر اس سے زیادہ پڑھنا ضروری نہیں ہے ۔
پانچواں جواب : امام کے پیچھے سورہ فاتحہ پڑھنے سے متعلق ساری روایات بھی اس بات پر شاہد ہیں کہ عبادہ والی روایت عام ہونے کے سبب اس میں مقتدی بھی شامل ہے ۔ یہی اکثر صحابہ ،اکثر تابعین اور اکثر علماء کا موقف ہے چنانچہ امام ترمذی رحمہ اللہ نے عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کی مذکورہ حدیث کے متعلق لکھا ہے ۔
وَهَذَا أَصَحُّ، ‏‏‏‏‏‏وَالْعَمَلُ عَلَى هَذَا الْحَدِيثِ فِي الْقِرَاءَةِ خَلْفَ الْإِمَامِ عِنْدَ أَكْثَرِ أَهْلِ الْعِلْمِ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَالتَّابِعِينَ، ‏‏‏‏‏‏وَهُوَ قَوْلُ:‏‏‏‏ مَالِكِ بْنِ أَنَسٍ،‏‏‏‏ وَابْنِ الْمُبَارَكِ،‏‏‏‏ وَالشَّافِعِيِّ،‏‏‏‏ وَأَحْمَدَ،‏‏‏‏ وَإِسْحَاق يَرَوْنَ الْقِرَاءَةَ خَلْفَ الْإِمَامِ.
ترجمہ: یہ سب سے صحیح روایت ہے،صحابہ اور تابعین میں سے اکثر اہل علم کا امام کے پیچھے قرأت کے سلسلے میں عمل اسی حدیث پر ہے۔ ائمہ کرام میں سے مالک بن انس، ابن مبارک، شافعی، احمد اور اسحاق بن راہویہ کا قول بھی یہی ہے، یہ سبھی لوگ امام کے پیچھے قرأت کے قائل ہیں۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔