Saturday, January 17, 2015

مسافر کی نمازکے احکام

مسافر کی نمازکے احکام


سفر میں مسافر کے لیے یہ رخصت دی گئی ہے کہ وہ چار رکعت والی نماز وںکو دو رکعت پڑھے ،اس کو قصر کہتے ہیں ۔ (بخاری مسلم)۔البتہ مسافر اگر مقیم کے پیچھے نماز پڑھے تو مسافر کو پوری نماز پڑھنی چاہیے ۔ (احمد ، مالک)۔

٭چار رکعت والی نمازیں تین ہیں: ظہر ، عصر اور عشاء۔ مغرب اور فجر کی نمازوں میں قصر نہیں ہے ۔

مسافتِ سفر :

اونٹ کے ذریعہ یا پیدل ایک دن اور ایک رات کی مسافت کو سفر کہاجاتاہے جو تقریبا اَسی (80) کلو میٹر کے برابرہے۔ لہذا جو شخص اَسی (80) کلو میٹریا اس سے زیادہ کاسفر کرے تواسے قصر کرنے کی اجازت ہے ۔

مدتِ قصر :
چار دن تک اگر کسی جگہ قیام کا ارادہ ہے تو قصر کرسکتے ہیں ۔ اگر چاردن سے زیادہ قیام کا ارادہ ہے تو پوری نماز پڑھنی چاہیے ۔
(تحفہ الاخوان باجوبة مھمة فی ارکان الاسلام لابن باز، ص: ۳۲۱) ۔
( شرح بلوغ المرام ازصفی الرحمن مبارکپوری، فقہ الحدیث ج۱، ص:۸۷۵) ۔

٭اگر مسافر حالت تردد میں ہے کہ آج واپس ہوجاؤگا ، کل واپس ہوجاؤں گاتو جب تک وہ اپنے وطن واپس نہ لوٹے اس وقت تک قصر کرسکتاہے ۔ امام ترمذی نے اس سلسلہ میں اہل علم کا اجماع نقل کیا ہے ۔
دیکھیے : جامع ترمذی : ۸۴۵بحوالہ فقہ الحدیث ج۱،ص:۷۷۵)۔

 وضاحت :
قصر کے لیے سفر کی مسافت اور مدت کی تعیین : اہل علم کا ایک اجتہادی مسئلہ ہے نبی کریم ا سے قطعی طورپر کوئی تعیین وارد نہیں ہے لہذا اہل علم کے جو بھی اقوال اقرب الی الحدیث ہیں انہیں اختیار کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ مذکورہ تعیین علامہ ابن باز وغیرہ جیسے اہل علم کی تحقیق ہے جو اقرب الی الحدیث ہے ۔

جمع بین الصلاتین
یعنی دو نمازوں کو ایک وقت میں جمع کرکے پڑھنا۔ سفر میں جمع بین الصلوتین جائز ہے ، مثلاً: ظہر اور عصر کو ظہر کے وقت یا عصر کے وقت ملا کر پڑھنا ، اسی طرح مغرب اور عشاءکو مغرب کے وقت یا عشاءکے وقت ملا کر پڑھنا ۔ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺغزوہ تبوک کے(سفر ) میں اگر سورج ڈھلنے سے پہلے کوچ کرتے تو ظہر کو موخر کرتے اور عصر کے وقت دونوں کو ایک ساتھ جمع کرکے پڑھتے ، اور اگر سورج ڈھلنے کے بعد کوچ کرتے توعصرکو مقدم کرتے اور ظہر کے وقت دونوں کو جمع کرکے پڑھتے، پھر نکل پڑتے ، اور آپ مغرب اور عشاءمیں بھی اسی طرح کرتے ۔
اور اگر مغرب سے پہلے کوچ کرتے تو مغرب کو موخر کرتے اور عشاءکے وقت دونوں کو جمع کرکے پڑھ لیتے اور اگر مغرب کے بعد کوچ کرتے تو عشاءکومقدم کرتے اورمغرب کے وقت دونوں کو جمع کرکے پڑھ لیتے ۔ (ابوداود، ترمذی : صحیح ) ۔


 اختصار از ماهنامه "مصباح" كويت

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔