اسلام 360 کے متعلق غلط
فہمی نہ پھیلائیں
مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، طائف
کچھ دنوں سےاسلام 360 کے متعلق لوگوں میں بدگمانی پھیلائی
جارہی ہے اس کی وجہ شیخ ابویحی نورپوری حفظہ اللہ کا اس کے متعلق حالیہ ویڈیو بیان
ہے ۔ شیخ ابویحی حفظہ اللہ کی دفاع عن السنہ کے حوالے سے گراں قدرخدمات ہیں ، شیخ
کی کوششوں سے بہت سارے رفض وتشیع کی راہ چلنے والے سیدھی راہ آگئے ۔اللہ شیخ کی
عمر میں برکت دے اور آپ کی کوششوں کو ذخیرہ آخرت بنائے ۔ میں نے شیخ سے آپ کی
ویڈیو کے متعلق طویل آڈیو گفتگو بھی کی اور ان سے اس بارے میں استفسار بھی کیا ۔
اس گفتگو سے ایک بات یہ
معلوم ہوئی کہ آ پ کو یہ معلوم نہیں کہ وہ اہل حدیث ہیں اور دوسری بات کہی کہ میں
نے اصل ڈونیشن کے حوالے سے بات کی تھی یعنی دیگرباتیں ضمنا آگئیں ۔ میں آپ حضرات
کو زاہدحسین چھیپا کے متعلق بتاؤں کہ ان کے والد محمد حنیف چھیپا بریلوی مکتب فکر
کے حامل ایک جامع مسجد کے خطیب تھے ، اللہ نے زاہد صاحب کو پڑوس کے اہل حدیث اور
مرزا حیرت دہلوی کے حل صحیح بخاری سے دین کو سمجھنے میں مدد ملی اور وہ آبائی مسلک
چھوڑ کتاب وسنت سے وابستہ ہوگئے ۔غربت میں زندگی گزاری ، محنت ومزدوری کی اورچھوٹے
موٹے جاب کرتے کرتے آئی ٹی میں ماسٹر ڈگری حاصل کی ۔ کبھی کبھی اللہ کسی ڈاکٹر سے
تو کبھی کسی انجینئر سے دین کا کام لے لیتا ہے جیساکہ عالمی پیمانے پر اس کی
مثالیں موجود ہیں ۔زاہد صاحب اپنےایک بیان میں ذکر کرتےہوئے کہتےہیں کہ ایک مرتبہ
کہیں قرآن کی ایک آیت : "اتَّخَذُوا أَحْبَارَهُمْ وَرُهْبَانَهُمْ
أَرْبَابًا مِّن دُونِ اللَّهِ " سنی پھر بھول گیا ، بہت کوشش کی مگر یاد نہ
آئی اسی سے دل میں خیال پیدا ہوا کہ کیا ایسا کام کیا جاسکتا ہے جس سے دین کی کوئی
بات تلاش کی جاسکے چنانچہ اس مقصد سے سوچنے لگا اور اللہ کی توفیق سے اگست 2016میں
اسلام 360معرض وجود میں آیا۔
آپ کو معلوم ہونا چاہئے
کہ یہ ایپ قرآن وحدیث کا سرچ انجن ہے ، یہ کوئی مدرسہ اور لائبریری کی طرح نہیں کہ
آپ یہاں بیٹھ کر پوری پوری کتاب کامطالعہ کرتے رہیں بلکہ آپ کو قرآن کی کوئی آیت
تلاش کرنی ہے نمبریا عربی لفظ سے یا پھرقرآن کا ہندی، اردو، نیپالی، انگلش اور
رومن اردو ترجمہ جاننا چاہتے ہیں ،اسی طرح قرآن کی کسی آیت کو موضوع کے اعتبار سے تلاش
کرنا چاہتے ہیں بآسانی تلاش کرسکتے ہیں۔ قرآن کی طرح صحاح ستہ مع مشکوۃ ، سلسلہ
صحیحہ ، مسند احمد کے متعلق سرچ کا ایسا ہی بہترین نظم ہے۔ گویا اسلام 360 مطالعہ
کا اسٹیج نہیں قرآن وحدیث سرچ انجن ہے اور سر چ کے نوع بنوع انوکھے وآسان طریقوں
کی وجہ سے اس ایپ کو عوام وخواص میں تلقی بالقبول حاصل ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد
علمائے کرام بشمول اہل حدیث علماءنے اس ایپ کی تصدیق کی اور اس کے استعمال کی
ترغیب دی ہے ۔ ایپ میں علامہ ابتسام الہی ظہیر کی تصدیق شامل ہے ۔ شیخ عبداللہ
ناصررحمانی، شیخ ابراہیم بھٹی اور شیخ محمد داؤد شاکر وغیرہ تصدیق کرتے ہوئے کہتے
کہ ہم اپنی اس تحریرسے اس سافٹ ویئر کی تصدیق کرتے ہیں اور عوام الناس کو اس سے
مستفید ہونے کی ترغیب دیتے ہیں ۔ آپ کو حیرت ہوگی جامعہ بنوریہ عالمیہ کے شیخ
الحدیث مفتی محمد نعیم نے اپنے تصدیق نامے میں احادیث کی تصحیح وتضعیف اور تحقیق
وتخریج کو قابل ستائش اور بہت بڑا کام قرار دیا ہے پھر اس کام کی تصدیق کرتے ہوئے
امت مسلمہ کو استعمال کرنے اور پھیلانے کی تاکید ونصیحت کی ہے جبکہ ہم سب کو معلوم
ہے کہ قرآن وحدیث کا اس طرح جمع ہونا ، سب کے لئے ان کی تلاش وفہم آسان ہونا اور
حدیث کی صحت وضعف معلوم ہونا اہل الرائے اور اہل تقلید کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے
اور واقعی اس ایپ نے تقلیدکرنے والوں کو دلیل تک پہنچنے اور حق کوسمجھنے میں بڑی
مدد کی ہے ۔ بریلوی اس ایپ سے خار کھاتا ہے کیونکہ اس کو اس ایپ کے ذریعہ پیری
مریدی، حلوہ خوری، قبرپرستی، فاتحہ خوانی، عزاداری ، عرس بازی،غیراللہ کی
نذرونیازوغیرہ پہ کوئی دلیل نہیں ملتی یہی وجہ ہے کہ جیونیوزکے ایک پروگرام میں
کوکب نوانی نے کہا جہاں اس ایپ کے فوائد ہیں وہیں بغیر استاد کے اس ایپ کے بڑے
نقصانات بھی ہیں دراصل کوکب نورانی کا یہ ویہی درد ہے جو ہربریلوی کے پیٹ میں ہے ،
کچھ دنوں پہلےاسلام 360پر ایک بریلوی کے لگائے گئے الزامات کی میں نے تردیدبھی کی
تھی۔
اہل حدیث بھائیوں میں
اس ایپ کے متعلق شیخ ابویحی نورپوری حفظہ اللہ کی ایک ویڈیوسے غلط فہمی پیداہوگئی
ہے اور اوپر میں نے بتایا کہ شیخ سے میں نےاس بابت رابطہ بھی کیا اور مجھے تب پتہ
چلا کہ آپ کو زاہد صاحب کے اہل حدیث ہونے کی خبر نہیں تھی اور وہ اصل ڈونیشن کا
جواب دینا چاہ رہے تھے تاہم اس ویڈیو میں کئی ایسی باتیں ضمنا آگئیں جولوگوں کی
بدگمانی کا سبب بن رہی ہیں ، میں ان کی حقیقت پیش کرنا مناسب سمجھتا ہوں ۔
شیخ نے اس ویڈیومیں
بتایا ہےکہ پہلے یہ ایپ بہت اچھا تھا مگر اب اس میں روافض کے ترجمے اور تفاسیر
داخل کردی گئیں حتی کہ منکرین حدیث کی تفسیریں بھی شامل ہیں ۔ شیخ نے اس مفروضے پر
نتیجہ یہ نکالا کہ جب معاملہ ایسا ہے کہ یہ انسانوں کوگمراہی تک لے جائے اس کو
ڈونیشن کیسے دے سکتے ہیں ۔ آگے عرض کرتے ہیں کہ آپ سمجھتے ہیں اس میں فلاں چیز
روافض کی ہے اس لئے نہیں پڑھیں گے بعد کی نسلوں کو یہ معلوم نہیں ہوگا وہ کسی
رافضی کی تفسیر پڑھنا شروع کردیں گے اور گمراہ ہوجائیں گے ۔اب میں موجودہ اسلام
360کے حق میں نہیں ہوں۔
دراصل شیخ نے ایپ کی
تردید میں جوبنیاد قائم کیں وہ بنیاد ہی غلط تھی جس کی وجہ سے نتیجہ ہرحال میں غلط
نکلے گا، اس ایپ میں روافض تو دور کسی رافضی کی تفسیر شامل نہیں اور نہ ہی کسی
منکرحدیث کی تفسیر موجود ہے اس لئے رافضی اور منکرحدیث کی تفسیر پڑھ کر گمراہ ہونے
کا حکم لگانا اور نتیجہ اخذ کرنا غلط ہے ۔ ہاں ایک رافضی خادم رضوی اور ایک
منکرحدیث امین احسن اصلاحی کا اول دن سے ترجمہ موجود ہےاس لئے یہ کہنا پہلے یہ ایپ
ٹھیک تھا اور اب یہ گمراہی کا سبب بن گیا یہ بھی سراسر غلط ہے۔
علماء کی ٹیم کا مکتبہ
شاملہ اردو تیار کرنا بہت بہتر اقدام ہے اور اس ناحیہ سے بہت منفرد کے تراجم
وتفاسیر اور مقالات وکتب کا یونیکوڈ ورزن پیش کیا گیا ہے جس میں الفاظ کے ذریعہ
تلاش کرنے کی سہولت ہے اس کے باوجود یہ ایک مکتبہ (لائبریری )ہے جو صرف اردوزبان
میں ہےجبکہ اسلام 360 قرآن وحدیث کا اڈوانس سرچ انجن ہے اور مختلف زبانوں اور متعدد
فوائد پر مشتمل ہے اس لئے مکتبہ شاملہ اردو اسلام 360 کا بدل نہیں ہے ۔جہاں تک
مالی تعاون کی بات ہے تو مکتبہ شاملہ اردو کو احیاء التراث سےمکمل مالی مدد مل رہی ہے جبکہ اسلام 360 پہ ہزاروں روپئے
ایک فرد نے اپنی جیب سے لگایا ہے ۔کیا ایک غریب کیلے بیچنے والااور جس اسکول میں
صفائی کرتا اسی میں تعلیم حاصل کرنے والا اور اپنا خرچ کرکے ایپ بنانے والا تعاون
کا محتاج نہیں ہے ؟
کئی بھائیوں نے مجھ سے
پہلے بھی ذکر کیا کہ اس میں مختلف قسم کے تراجم وتفاسیر موجود ہیں جو اس ایپ کی
بڑی خامی ہے ، میں ان سب سے عرض کرتا ہوں کہ اولا تراجم سے گمراہ ہونے کی بات کرنا
غلط ہے ، دوسری بات یہ سرچ انجن ہے تحقیق کے لئے ، دلیل اور موضوع کے مطابق آیت
وحدیث تلاش کرنے کے لئے ۔ مطالعہ کے لئے مستقل کتابیں ، لائبریریاں،الگ الگ کتاب
کی اپلیکیشنز اور پی ڈی فائلیں موجود ہیں ، آپ ان کے ذریعہ یکسوئی کے ساتھ علم حاصل
کریں ۔ اسلام 360 ضرور استعمال کریں مگر مطالعہ کے لئےنہیں تلاش دلیل کے لئے بس اورکبھی تحقیق کے لئے
دوسروں کے تراجم وتفاسیر دیکھنے کی ضرورت پڑے تو بھی اس میں کوئی حرج نہیں ہے ۔اگر
شیخ ابویحی حفظہ اللہ مرزارافضی کی ویڈیو زنہیں سنیں گے تو اس کا جواب کیسے دیں گے
؟حقیقت میں میری نظر میں ابتک اس ایپ سے بہتر قرآن وحدیث کا سرچ انجن نہیں ہے ۔
گوگل بھی ایک سرچ انجن
ہے مگر کوئی یہ عالم نہیں کہے گا کہ اس سے سرچ کرنے والا گمراہ ہوجائے گا جبکہ سرچ
کے وقت گمراہی کی سیکڑوں چیزیں سامنے آتی ہیں اور سرچ کرنے والے پڑھے لکھے اور عام
لوگ بھی ہوتے ہیں ۔ اسی طرح یوٹیوب کے ذریعہ عوام اپنے مطلب کی چیزتلاش کرتی ہے
جہاں نہ صرف گمراہی کی چیز بھی ظاہر ہوتی ہے بلکہ ایسی بھی چیز سامنے آتی ہے جس کا
دیکھنا بھی حرام ہے ایسی صورت میں یوٹیوب کی گمراہی وحرام چیزوں سے بچنا یا اس جگہ
علماء کا اپنا چینل بنانا اور تقاریر لوڈ کرنا اوروہاں سے مواد تلاش کرنا کس زمرے
میں آئے گا؟ان جگہوں پر سلفیت برائے نام ، شرک وبدعت ، فحش ولغو، کفروضلالت، رفض
وتشیع اور الحادودہریت وافر مقدار میں موجود ہے ۔ محدث فورم کے مضامین پر
دیوبندیوں اور بریلویوں کے بھی تبصرے ہیں ، اس فورم کی کتاب وسنت لائبریری میں
مقلدوں اورجماعت اسلامی کی کتابیں ہیں بلکہ دنیا کی تمام لائبریریوں میں کئی مکتب
فکر کی کتابیں ہوتی ہیں اس کی وجہ سے کیا ہم محدث فورم، کتاب وسنت لائبریری یا اہل
حدیث مدراس کی لائبریری کا بائیکاٹ کریں گے ؟ نہیں ، کیونکہ یہاں مقصد تلاش وجستجو
ہےیہی مقصد اسلام 360 کے پیش نظر ہے۔
اس لئے آخر میں اپنے
بھائیوں سے عرض کرنا چاہتا ہوں کہ کسی محسن کا شکریہ ادا نہیں کرسکتے تو اس کے
متعلق بدگمانی بھی نہ پھیلائیں ، جس ایپ سے لوگ دلیل تلاش کر دین کے قریب آرہے ہیں
اس کی بدنامی کا سبب نہ بنیں ، زاہد صاحب آپ کا بھائی ہے ،اس نےخود تحقیق کرکے اہل
حدیث منہج اختیار کیا اور دوسروں کے لئے تحقیق کا راستہ ہموار کیا بجائے اس کے کہ
ہم اس بھائی کا شکریہ ادا کریں، اس کو مزیدمشوروں سے نوازیں اور حوصلہ بڑھائیں دل
شکنی کی بات کرتے ہیں ۔ اس ایپ میں عبادات کے زمرے میں نمازکے ذکر میں رفع یدین ،
روزہ کے ذکر میں افطار کی صحیح دعا، حج وعمرہ کے بیان میں بدعی امور کا عدم ذکراور
صحیح دعاوطریقہ کا بیان ، جنازہ میں سورہ فاتحہ کا ذکر اور سپلیکیشن (دعا)میں
ادعیہ ماثورہ کا التزام ہمیں بہت کچھ سوچنے
اور تعریف کرنے پر مجبور کرتا ہے ۔ ذرا غور کریں کہ ایک اکیلا بندہ علماء کے بغیر
اتنا بڑا کام کرسکتا ہے تو جب انہیں سلفی علماء کا ساتھ ملے گا اور انہیں اپنے سے جوڑیں گے تو
کتنا بڑا کام ہوسکتا ہے لیکن بجائے اپنے سےقریب کرنے کےان کے خلاف نفرت پھیلائیں
گے توممکن ہے کوئی دوسرا انہیں اپنالے ۔
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔