Wednesday, January 31, 2018

جامعہ اسلامیہ ممبرا کا مجلہ منہج سلف کا معیاری ترجمان


جامعہ اسلامیہ  ممبرا  کا مجلہ منہج سلف کا معیاری ترجمان

صحافت وکتابت جہاں زوداثرہے وہیں اس کے گہرے اور دیرپا نقوش اذہان وقلوب پر ثبت ہوتے ہیں،اس لئے اسلاف نے کتاب وسنت کی ترویج واشاعت میں تقریر کے ساتھ تحریر کا بھی علم بلند کیا بلکہ انہوں نے جو تحریری وراثت چھوڑی ان سے قیامت تک خوشہ چینی ہوتی رہے گی ، اس وقت عموما لوگ ان  ہی  کے علمی شہ پاروں اور دینی حکمت وبصیرت سے علم کشید کررہے ہیں ۔ایک ایک موضوع پر ضخیم سے ضخیم کتابیں یا دو دو، تین تین  ہندسوں پر محیط جلدیں اعلی پیمانے پر تحریروکتابت اور پرنٹ میڈیا کے ذریعہ دین متین کی دعوت وتبلیغ کا غماز ہیں ۔دراصل یہ سنت نبوی ﷺہے ۔آپ ﷺنے صحابہ کو قرآن کی کتابت کا حکم دیا ،ساتھ ہی احادیث کو بھی الگ سے تحریر کرنے کا حکم صادر فرمایااور صحابہ کرام نے فرمان نبوی کو عملی جامہ پہنایا۔اس لحاظ سے دینی اداروں اور تعلیمی مراکز سے شائع ہونے والے ماہانہ ،سہ ماہی ، ششماہی اور سالانہ دینی وعلمی  مجلے سنت نبوی اور اسلاف کا ترجمان ہیں ۔
شیخ عبدالباری شفیق سلفی حفظہ اللہ کے ذریعہ بذریعہ میل اور واٹس ایپ پابندی کے ساتھ جامعہ اسلامیہ نور باغ، کوسہ ممبراکا دینی ، علمی، اصلاحی اور ادبی ترجمان "ماہنامہ  مجلہ النور" ملتا رہا ہے اور خاکسارکو ہمیشہ اس کے علمی اور ادبی شہ پاروں سے فیضیاب ہونے کا سنہرا موقع ملتا  رہاہے ۔ اس کے لئے میں اپنے عزیز محترم عبدالباری سلفی صاحب کا تہ دل سے مشکور وممنون ہوں۔
عصر حاضر میں سلفی منہج کی عکاسی اور خالص سلفیت کی نشر واشاعت کرنے والے مجلوں میں النور کا بھی شمار ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ یہ ہندوستان بھر میں مقبول خاص وعام ہے اور سوشل میڈیا کی سہولت کی وجہ سے کئی ممالک میں پڑھا جاتا ہے۔مضامین کا تنوع اور ان کا حسن انتخاب ، حالات کی عکاسی اور ان کا تجزیہ ، مؤقر علمائے کرام کے رشحات قلم اور اہم مسائل وفقہ کا اضافہ اس  مجلے کے امتیازی محاسن ہیں ۔ دینی مجلوں کے گرتے گراف کو دیکھتے ہوئے بلکہ دین کے نام پرآج  مجلوں کے ذریعہ بدعات وخرافات اور کشف وکرامات کو ہوا دی جارہی ہے ایسے ماحول میں عوام الناس سے گزارش کے قرآن وحدیث سے مزین مجلہ  النور کو حاصل کریں اور دین کا صحیح علم حاصل کریں ، اگر آسانی سے کوئی دوسرا مجلہ بھی دستیاب ہوسکے  جوقال اللہ اور قال الرسول کے عطر سے مشکبارہو تو اسے بھی علم کے حصول کا اپنا ذریعہ بنائیں ۔
آخر میں اللہ تعالی سے دعاگوہوں کہ جامعہ اسلامیہ اور اس کی نگرانی میں شائع ہونے والا مجلہ النور کو امت کے لئے نفع بخش بنائے ، اس کا فیض ہرفردبشر کو عام کرے اور اسکے شرکاء، معاونین ، منتظمین اور جملہ کارکنان کو جزائے خیر سے نوازے ۔ آمین
خاکسار
مقبول احمدسلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، شمالی طائف(مسرہ) ، سعودی عرب


0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔