Wednesday, January 3, 2018

جنازہ کے اہم مسائل واحکام


جنازہ کے اہم مسائل واحکام 
مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، شمالی طائف (مسرہ)

(1) بیماری اور اسلام :
بیماری اللہ تعالی کی طرف سے مومن کے لئے آزمائش ہے ،اس پر صبر کرنے والا اجر کا مستحق ہوتاہے،یہ درجات کی بلندی اور گناہوں کی تلافی کا سبب ہے۔ جائز طریقے سے علاج کرنا توحید وتوکل کے منافی نہیں ہے تاہم دوا کو بذات خود نافع نہ سمجھے بلکہ شفا اللہ کی طرف سے ہے اس پر ایمان رکھے ۔ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر حق ہے کہ وہ مریض کی عیادت کرے ، اسے بھروسہ دلائے اور صبر وثبات کی تلقین کرے ۔ابن ماجہ میں ہے کہ نبی ﷺ کو بیماری لاحق ہوئی اور آپ اسی بیماری میں وفات پاگئے۔
لمَّا مرضَ رسولُ اللَّهِ صلَّى اللهُ عليْهِ وسلَّمَ مرضَهُ الَّذي ماتَ فيهِ( صحيح ابن ماجه:1027)
 بیماری میں وفات پانا خاتمہ بالخیر کی علامت ہے اور ایسے شخص کے لئے نبی ﷺ کی بشارت ہے :
إذا أرادَ اللَّهُ بعبدِه الخيرَ عجَّلَ لَه العقوبةَ في الدُّنيا ، وإذَا أرادَ اللَّهُ بعبدِه الشَّرَّ أمسَك عنهُ بذنبِه حتَّى يوافيَ بِه يومَ القيامة(صحيح الترمذي:2396)
ترجمہ: جب اللہ تعالیٰ اپنے کسی بندے کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کرتاہے تو اسے دنیا ہی میں جلدسزادے دیتا ہے ، اور جب اپنے کسی بندے کے ساتھ برائی کا ارادہ کرتاہے تو اس کے گناہوں کی سزا کو روکے رکھتاہے۔یہاں تک کہ قیامت کے دن اسے پوری پوری سزاد یتاہے۔
(2) موت کی تمنا کرنا:
انسان کے لئے زندگی میں کبھی ایسا موڑ آتا ہے کہ شدید مصیبت یا سخت فتنہ کی تاب نہ لاکر موت کی تمنا کرنے لگتا ہے یا بعض لوگ خودکشی کرلیتے ہیں ۔ اسلام نے ہمیں عموماموت کی تمنا کرنےاورخصوصا ہلاکت کا راستہ اختیار کرنے سے منع کیا ہے ۔ ایسے حالات کو تقدیر کا حصہ سمجھنا، کثرت سے توبہ واستغفار کرنااور صبر کا دامن تھامنا مومن کا شیوہ ہونا چاہئے ۔ فتنہ اگر شدید ترین ہویا مصیبت کی شدت حد سے بڑھ جائے تو اللہ سے موت کی دعا کرسکتے ہیں مگرخود سے ہلاکت کا کوئی راستہ اختیار نہیں کرسکتے ۔ فتنےکی شدت کے وقت کی یہ دعا پڑھیں :
وإذا أردتَ فتنةً في قومٍ فتوفَّني غيرَ مفتونٍ(صحيح الترمذي:3235)
ترجمہ : اے اللہ اگر تو قوم کو فتنہ میں مبتلا کرے تو مجھے بغیر آزمائے ہوئے وفات دیدے۔
یایہ دعا کریں: اللَّهمَّ أحيني ما كانتِ الحياةُ خيرًا لي ، وتوفَّني إذا كانتِ الوفاةُ خيرًا لي(صحيح البخاري:6351 )
ترجمہ:اے اللہ ! جب تک میرے لئے زندگی بہتر ہے مجھے زندہ رکھیو اور جب میرے لئے موت بہتر ہوتو مجھے اٹھالیجیو۔
(3) وفات سے پہلے وصیت :
اگر کسی کو لگے کہ اس کی موت کا وقت قریب ہے تو دو گواہوں کی موجودگی میں وصیت لکھ دے اور کسی امانتدار کے پاس رکھ دے۔اللہ کا فرمان ہے :
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا شَهَادَةُ بَيْنِكُمْ إِذَا حَضَرَ أَحَدَكُمُ الْمَوْتُ حِينَ الْوَصِيَّةِ اثْنَانِ ذَوَا عَدْلٍ مِنْكُمْ أَوْ آخَرَانِ مِنْ غَيْرِكُمْ (المائدة:106)
ترجمہ: اے ایمان والو! تمہارے آپس میں دو شخص کا گواہ ہونا مناسب ہے جبکہ تم میں سے کسی کوموت آنے لگے اور وصیت کرنے کا وقت ہو ،وہ دو شخص ایسے ہوں کہ دیندار ہوں خواہ تم میں سے ہوں یا غیرلوگوں میں سے ۔
ایک طرف حقوق وواجبات اور مال وجائیداد کی وصیت لکھ دے تو دوسری طرف اولاد اور اعزاء واقارب کو رب کی بندگی کرنے، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرنے، شرک وبدعت سے پرہیز کرنے اور کتاب وسنت کے مطابق زندگی گزارنے کی وصیت کرے ۔ اگر یہ یقین ہے کہ وفات کے بعد اس کی اولاد یا اہل خانہ اس کے حق میں شرکیہ اعمال انجام دیں گے تو لازما اس شرک سے بچنے اور سنت کے مطابق تجہیزوتکفین کرنےکی وصیت کرے ۔ اسی طرح اگر میت کے پاس زیادہ مال ہو تو تہائی مال تک اللہ کی راہ میں صدقہ کرنے کی وصیت کرسکتا ہے ۔ وصیت میں کسی کو عاق کرنا ، کسی پر ظلم کرنا ، تہائی مال سے زیادہ وصیت کرنا اور کسی وارث کے لئے مال کی وصیت کرنا جائز نہیں ہے ۔
(4) قریب المرگ کے احکام :
جب کسی مسلمان کی وفات کا وقت قریب ہو اور سکرات الموت طاری ہو تو ہمیں چاہئے کہ اس کے قریب بیٹھ کر نرمی سے لاالہ الا اللہ کی تقلین کریں تاکہ اس کا خاتمہ بالخیر ہواور اس کا چہرہ قبلہ رخ کردیا جائے۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
لقنوا موتاکم لا الہ الا اللہ.(صحیح مسلم: 916)
ترجمہ: اپنے قریب الموت کو لا الہ الا اللہ کی تلقین کرو۔
لاالہ الااللہ کی تلقین کی وجہ یہ ہے کہ اسی کلمے پہ آخرت میں نجات کا دارومدار ہے ۔
سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سےروایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
من كانَ آخرُ كلامِهِ لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ دَخلَ الجنَّةَ(صحیح ابوداؤد: 3116)
ترجمہ : جس کی زبان سے آخری کلمہ لاالہ الااللہ نکلے وہ جنت میں داخل ہوگا۔
بعض لوگ قریب المرگ کے پاس سورہ یسین پڑھتے ہیں مگر اس بابت وارد حدیث ضعیف ہے تاہم بغیر تخصیص کے قرآن کی تلاوت کرنا چاہے تو کوئی حرج نہیں ہے ممکن ہے آیات قرآنیہ سے ایمانی طور پر مستفید ہو۔ وفات کے بعد قرآن کی تلاوت نہیں کی جائے گی ۔
(5) روح نکلنے کے بعد کے احکام:
٭وفات کے فورا بعد میت کی آنکھیں بند کردینا چاہئے اور وہاں صرف خیر کی باتیں کرنی چاہئے ، نبی ﷺ کا فرمان ہے :
إذا حضرتُمْ موتاكُم فأغمِضوا البصرَ فإنَّ البصرَ يتبعُ الرُّوحَ وقولوا خيرًا فإنَّ الملائِكَةَ تؤمِّنُ علَى ما قالَ أهْلُ البيتِ(صحيح ابن ماجه:1199)
ترجمہ: جب تم فوت ہونے والے کے پاس موجود ہو تو اس کی آنکھیں بند کردوکیونکہ نظر روح کے پیچھے ہوتی ہے اور تم (میت کے پاس) خیروبھلائی کی بات کرو کیونکہ فرشتےاہل خانہ کی بات پر آمین کہتے ہیں ۔
٭اسی طرح کسی چادر سے اسے ڈھک بھی دینا چاہئے ۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے :
سُجِيَ رسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّمَ حين مات بثوبٍ حبرةٍ(صحيح مسلم:942)
ترجمہ: جب رسول اللہ ﷺ کی وفات ہوئی تو آپ کو ایک یمنی چادر سے ڈھک دیا گیا۔
٭ اس کے دونوں جبڑوں کو اوپر سے باندھ دیا جائےاورجوڑوں کو آہستہ آہستہ نرم کیا جائے اور پیٹ پر وزنی کوئی چیز رکھ دی جائے ۔
٭ میت کے قرض کی ادائیگی کریں کیونکہ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
نَفسُ المؤمنِ معلَّقةٌ بدَينِه حتَّى يُقضَى عنهُ( صحيح الترمذي:1097)
ترجمہ: مومن کی جان اس کے قرض کی وجہ سے اٹکی رہتی ہے جب تک کہ اس کی ادائیگی نہ ہوجائے۔
٭ جنازہ کی تجہیزوتکفین میں عجلت کریں ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے : أَسْرِعُواْ بالجنازةِ ، فإن تَكُ صالحةً فخيرٌ تُقَدِّمُونَهَا ، وإن يَكُ سِوَى ذلكَ ، فشَرٌّ تضعونَهُ عن رقابكم .(صحيح البخاري:1315)
ترجمہ:جنازہ لے کر جلد چلا کرو کیونکہ اگر وہ نیک ہے تو تم اس کو بھلائی کی طرف نزدیک کررہے ہو اور اگر اس کے سوا ہے تو ایک شر ہے جسے تم اپنی گردنوں سے اتارتے ہو۔
(6) رشتہ داروں کوموت کی خبر دنیا:
اخبارات، نوٹس بورڈ اور ٹیلی ویزن کے ذریعہ وفات کی تشہیر کرنا منع ہے لیکن تجہیزوتکفین میں شامل ہونے  اور دعائے مغفرت کے لئے اعزاء واقارب اور مسلمانوں کو خبر دینے میں کوئی حرج نہیں ہے، مسلم شریف میں ہے نبی ﷺ نے نجاشی کی وفات کے دن لوگوں کو ان کی وفات کی خبر بھجوائی ۔اکثر دور رہنے والے رشتہ دار کا جنازہ روک کر کافی انتظار کیا جاتا ہے جو صحیح نہیں ہے ۔
(7) وفات کی خبر سننے پر :
جب کسی  مسلمان کی وفات کی خبر سنیں تو انا للہ وانا الیہ راجعون پڑھیں ۔اللہ کا فرمان ہے :
الَّذِينَ إِذَا أَصَابَتْهُم مُّصِيبَةٌ قَالُوا إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ (البقرة:156)
ترجمہ: وہ لوگ کہ جب انہیں کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو کہتے ہیں ہم تو اللہ کے ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔
اسی طرح یہ دعا بھی پڑھ سکتے ہیں : إنا لله وإنا إليه راجعون . اللهمَّ ! أْجُرْني في مصيبتي وأَخلِفْ لي خيرًا منها(صحيح مسلم:918)
ترجمہ:یقینا ہم اللہ کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں،اے اللہ!مجھے میری مصیبت پر اجر دے اور مجھے(اس کا) اس سے بہتر بدل عطا فرما۔
(8) میت پہ رونے کی بجائے صبر کرنا چاہئے:
موت برحق ہے وہ کسی وقت آسکتی ہے ، موت پہ جزع فزع کرنا ،چیخنا چلانا اور نوحہ خوانی کرنا اس کے عذاب کا سبب ہے ۔
نبی ﷺ کا فرمان ہے : إِنَّ المَيِّتَ لَيُعَذَّبُ بِبُكَاءِ أَهْلِهِ عَلَيْهِ(صحيح البخاري:1286)
ترجمہ:میت کو اس کے گھروالوں کے رونے کی وجہ سے عذاب ہوتا ہے ۔
اور نبی ﷺ کا فرمان ہے :
الميتُ يعذَّبُ في قبرِه بما نيحَ عليه(صحيح البخاري:1292)
ترجمہ:نوحہ کی وجہ سے میت کو قبر میں عذاب ہوتاہے ۔
غمگین ہونا اور آنکھوں سے آنسو بہ جانا فطری چیز ہے،اس پہ گرفت مشکل ہے۔ جب ابراہیم کی وفات پر نبی ﷺ کی آنکھوں سے آنسو آئے تو عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ نے کہا اے اللہ کے رسول ! آپ بھی بے صبرےہورہے ہیں ؟ تو آپ نے فرمایایہ بے صبری نہیں رحمت ہے:
إنَّ العينَ تدمَعُ والقلبَ يحزَنُ ، ولا نقولُ إلَّا ما يُرْضِي ربَّنا ، وإنَّا بفِرَاقِكَ يا إبراهيمُ لمحزنونَ .(صحيح البخاري:1303)
ترجمہ:آنکھوں سے آنسو جاری ہیں اور دل غم سے نڈھال ہے پر زبان سے ہم کہیں گے وہی جو ہمارے پروردگار کو پسند ہے اور اے ابراہیم! ہم تمہاری جدائی سے غمگین ہیں۔
میت پہ رونے کی بجائے صبر کرنا اجر کا باعث ہے۔ جس کے دو یا تین بچے فوت ہوجائیں اور صبر کرے تو اس کا بدلہ جنت ہے ۔ حضرت ابوھریرة رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے:
أنَّ رسولَ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّمَ قال لنسوةٍ من الأنصارِ " لا يموت لإحداكنَّ ثلاثةٌ من الولدِ فتحتسِبه ، إلا دخلت الجنةَ " . فقالت امرأةٌ منهن : أو اثنَين ؟ يا رسولَ اللهِ ! قال " أو اثنَين " (صحيح مسلم:2632)
ترجمہ: رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے انصار کی عورتوں سے فرمایا: تم میں سے جس کے تین بچے فوت ہوجائیں اور وہ اﷲ کی رضا کیلئے صبر کرے تو جنت میں جائے گی ایک عورت نے عرض کیا:یا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم! اگر دوبچے مریں تو اس کے لئے کیا حکم ہے؟'آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اگر دو مریں تب بھی یہی ثواب ہے۔
یہاں تک کہ کسی  بھی عزیز کی وفات پہ صبر کرنے کا بدلہ جنت ہے۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
يقولُ اللهُ تعالَى : ما لعبدي المؤمنِ عندي جزاءٌ ، إذا قبضتُ صفِيَّه من أهلِ الدُّنيا ثمَّ احتسبه ، إلَّا الجنَّةَ(صحيح البخاري:6424)
ترجمہ: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میرے اس مومن بندے کا جس کی میں کوئی عزیز چیز دنیا سے اٹھا لوں اور وہ اس پر ثواب کی نیت سے صبر کرلے ، تواس کا بدلہ میرے یہاں جنت کے سوا اور کچھ نہیں۔
(9) عورت ومرد کا میت کو دیکھنا :
احادیث کی روشنی میں میت کا چہرہ دیکھنے کے چند مسائل مندرجہ ذیل ہیں۔
٭ میت کا چہر ہ دیکھ سکتے ہیں خواہ غسل کے بعد، کفن کے بعد ، نماز جنازہ کے بعد اور کوئی ان اوقات میں نہ دیکھ سکا ہوتو دفن سے پہلے پہلے کسی وقت دیکھ سکتا ہے ۔
٭ کہیں کہیں پر یہ رواج بناہواہے کہ وہی اشخاص بار بار میت کو دیکھتے ہیں جوکہ صحیح نہیں ہے ۔
٭ میت کا کوئی رشتہ دار دور سے آنے کی وجہ سے تکفین میں تاخیر سے شریک ہوا اس حال میں کہ میت کو قبرستان لے چلا گیا ہے اور وہ میت کا چہرہ دیکھناچاہتا ہے تو وہاں س کے لئے میت کا چہرہ دیکھنے میں کوئی حرج نہیں جیساکہ امام بخاری ؒ نے کفنانے کے بعد میت کے پاس جانے پر باب باندھا ہے ۔
٭بعض لوگ قبر میں میت کواتارکر اس کا آخری دیدار کرتے ہیں یہ صحیح نہیں ہے ۔
٭ بعض کے یہاں گھنٹوں میت کے چہرہ کو کھلاچھوڑ دیتے ہیں تاکہ آنے والے دیکھتے رہیں حالانکہ مسنون یہ ہے کہ میت کو چہرہ سمیت ڈھانپ کر رکھا جائے جیساکہ نبی ﷺ کو چادر سے ڈھانپا گیا تھا۔ ہاں اگر تجہیزوتکفین میں جلدی مقصود ہو اور کچھ دیر کے لئے میت کا چہرہ کھلا چھوڑ دے تاکہ میت کو دیکھنے سے لوگ فرصت پاجائیں اور باربار چہرہ کھولنے کی حاجت نہ پڑے تو اس کی گنجائش ہے ۔
٭ یہاں یہ بات بھی واضح رہےکہ میت کا صرف چہرہ ہی دیکھا جائے اور بدن کے بقیہ حصے پر پردہ ہو۔
٭ عورت ،عورت(میت ) کا چہرہ دیکھ سکتی ہے اور مردوں میں محارم کا ، اسی طرح مرد ،مرد(میت) کا چہرہ دیکھ سکتا ہے اور عورتوں میں محرمات کا ، لیکن اجنبی میت کا چہرہ دیکھنا منع ہے ۔
٭ اگر کوئی بہت بوڑھی عورت ہو تو اس کا چہرہ سبھی لوگ دیکھ سکتے ہیں ۔
٭ جس عورت نے میت کا چہرہ نہیں دیکھا اس حال میں کہ میت کو قبرستان لے چلا گیا اس عورت کو وہاں جاکر میت کا چہرہ نہیں دیکھنا چاہئے ۔
(10) میت کو بوسہ دینا:
جہاں میت کا چہرہ دیکھنا جائز ہے وہیں اسے بوسہ لینا بھی جائز ہے جیساکہ ابوبکررضی اللہ عنہ نے رسول اللہ ﷺ کا بوسہ لیا اور نبی ﷺ نے عثمان رضی اللہ کا بوسہ لیاتھااور بوسہ صرف محرم کے لئے ہے ۔
(11) وفات سے شوہر کا بیوی کے لئے محرم ہونا:
عوام الناس میں منتشر ہے کہ شوہر کی وفات سے نکاح ٹوٹ جاتا ہے اس لئے میاں بیوی ایک دوسرے کے لئے اجنبی ہوجاتے ہیں لہذا بیوی شوہر کو چھو نہیں سکتی، دیکھ نہیں سکتی، غسل نہیں دے سکتی ۔ یہ ساری باتیں غلط ہیں ۔ شوہر سے نکاح ٹوٹ جانے کی کوئی دلیل نہیں اور نہ ہی زوجین ایک دوسرے کے لئے اجنبی ہیں ۔ وفات کے بعد بیوی شوہر کو دیکھ سکتی ہے ، چھو بھی سکتی ہے اور نہلا بھی سکتی ہے اور شوہر کے ترکہ میں وارث بھی ہوگی ۔
(12) پوسٹ مارٹم کی شرعی حیثیت:
لاش کی بے حرمتی کرنےاور اسے چیرپھاڑ کرنے سے ہمیں منع کیا گیا ہے مگر کبھی ضرورت کے تحت بعض میت کا پوسٹ مارٹم کیا جاتا ہے جس میں اس کےجسم کوچیرا جاتا ہے ۔طبی ضرورت مثلا قتل کی وجہ پتہ لگانےیا وبائی مرض کی تحقیق کرنے کی غرض سے جسم کو چیرا جاسکتا ہے ۔ عورت کی لاش کو لیڈی ڈاکٹر چیرپھاڑ کرے ، عورت کی عدم موجودگی میں مرد بھی کرسکتا ہے ۔ تجربہ کی غرض سے مسلم لاش کا پوسٹ مارٹم جائز نہیں ہے لیکن غیر معصوم مرد (ماسوا عورت)مثلا کافر،مرتد ،حربی کی لاش پہ  تجربہ کر سکتے ہیں۔
(13) میت کا عضو نکالنا:
انسان کے سارے اعضائے بدن قابل احترام و اکرام ہیں اور انہیں فروخت کرنا یا جسم سے کاٹ کر کسی کو عطیہ کرنا احترام کے منافی ہے البتہ میت  وفات سے قبل اپنا کوئی عضو کسی محتاج کو عطیہ کرنے کی وصیت کرناچاہے تو بعض علماء نے اس کی اجازت دی ہے جبکہ بعض اہل علم وفات سے قبل یا بعد میں کوئی عضو کے نکالنے سے مطلقا منع کرتے ہیں۔
(14) میاں بیوی ایک دوسرے کو غسل دے سکتے ہیں:
شوہر اپنی بیوی کو وفات کے بعد غسل دے سکتا ہے چنانچہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے انہوں نے فرمایا:
رجعَ رسولُ اللَّهِ صلَّى اللَّهُ عليهِ وسلَّمَ منَ البَقيعِ فوجَدَني وأنا أجِدُ صُداعًا في رَأسي وأنا أقولُ وا رَأساهُ فقالَ بل أنا يا عائشَةُ وا رَأساهُ ثمَّ قالَ ما ضرَّكِ لَو مِتِّ قَبلي فقُمتُ علَيكِ فغسَّلتُكِ وَكفَّنتُكِ وصلَّيتُ عليكِ ودفنتُكِ(صحيح ابن ماجه:1206)
ترجمہ: رسول اللہ ﷺ بقیع سے آئے تو دیکھا کہ میرے سر میں درد ہو رہا ہے اور میں کہہ رہی ہوں: ہائے میرا سر! نبی ﷺ نے فرمایا: بلکہ عائشہ !میں( کہتا ہوں): ہائے میرا سر! پھر فرمایا: تمہارا کیا نقصان ہے اگر تمہاری وفات مجھ سے پہلے ہوگئی؟ ( اس صورت میں) میں خود تمہارے لیے( کفن دفن کا) اہتمام کروں گا ، تمہیں خود غسل دوں گا ، خود کفن پہناؤں گا، خود تمہارا جنازہ پڑھوں گا اور خود دفن کروں گا۔
اسی طرح بیوی اپنے شوہر کو غسل دے سکتی ہے جیساکہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا نے اپنے شوہر حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کو غسل دیاتھا۔
(15) میت کو غسل دینے کا طریقہ :
میت کو غسل دینے کا طریقہ یہ ہے کہ گرم پانی اور اس میں بیری کا پتہ استعمال کرنے کے لئے پہلےسے انتظام کرلیا جائے پھر میت کے جسم کا کپڑا اتارلیا جائے اور ستر ڈھانپ دئے جائیں ، مرد کا ستر ناف سے گھٹنے تک ہے اسے غسل کے دوران ڈھکا رہنا چاہئے ۔
٭ ناخن ، بغل اور مونچھ کے بال لمبے ہوں تو اس کی صفائی کرکے اسے میت کے ساتھ کفن میں ہی رکھ دیا جائے ۔
٭ غسل دینے والا اب نرمی سے میت کا پیٹ دبائے تاکہ فضلات باہر نکل جائیں اور ہاتھ پہ دستانہ لگاکر اگلے اور پچھلے شرم گاہ کی تیار شدہ بیری والے پانی سے صفائی کرے ۔
٭اس کے بعد نماز کی طرح وضو کرائے ، دونوں ہتھیلیاں  کلائی تک تین بار، منہ اور ناک صاف کرے ۔تین بار چہرہ، تین بار دونوں  ہاتھ کہنیوں سمیت، سر اور کان کا مسح پھر دونوں پیر ٹخنوں سمیت دھوئے۔
٭ وضو کراکر بیری والا پانی پہلے سر اور داڑھی پر بہائے پھر دائیں اوربائیں پہلو پر بہائے ۔اس کے بعد پورے بدن پر پانی بہائے۔کم ازکم تین بار جسم پر بہائے تاکہ مکمل طہارت حاصل ہویہ افضل ہے تاہم ایک مرتبہ سر سے پیر تک  پورےجسم کادھونا بھی کفایت کرجائے گا۔ ضرورت کے تحت تین سے زائد بار بھی پانی بہاسکتے ہیں ۔ آخری بار غسل دیتے ہوئے کافور بھی ملالے تاکہ بدن خوشبودار ہوجائے اور نجاست کی مہک ختم ہوجائے۔
٭ عورت کو عورت غسل دے گی ، ایک عورت کامکمل بدن ستر ہے مگر عورت کا عورت کے لئےناف سے گھٹنے تک ستر ہے ۔اوپر جس طرح وضو اور غسل کا طریقہ بتلایا گیا ہے ٹھیک اسی طرح عورت میتہ کو غسل دے گی اور آخر میں بالوں کی تین چوٹیاں بنا دے گی۔
(16) سڑی گلی یا کٹی پٹی لاش کو غسل دینے کی کیفیت :
کبھی کبھی بعض حالات میں لاش کی شکل بگڑ جاتی ہے ، اس میں تعفن پیدا ہوجاتا ہے اور سڑگل جاتی ہے ۔ اکسڈنٹ ہونے سے کبھی لاش اس طرح کٹ جاتی ہے کہ جمع کرنا مشکل ہوجاتاہے ، اسی طرح میت کی سرکاری کاروائی کے باعث زیادہ دن رکھنے پہ سڑ گل جاتی ہے ۔ یا پھر لاش انجان جگہ پہ بہت دن بعد ملی ہو تو اس میں بھی تعفن پیدا ہوجاتا ہے ۔ایسے حالات میں لاش کو غسل دینے کی دو صورتیں ہیں ۔
پہلی صورت : اگر لاش کٹ پٹ گئی ہو تو سارے اعضاء جمع کئے جائیں گے اور انہیں غسل دیا جائے گا۔
دوسری صورت : اور اگر لاش سڑ گل گئی ہو اور غسل دینے کا امکان نہ ہو تو تیمم کیا جائے گا ۔
(17) میت کوغسل دینے والا غسل کرے گا؟
میت کو غسل دینے والا غسل کرے گا یا نہیں اس میں اہل علم کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے اس پہ مدلل مضمون میرے بلاگ پرپڑھا جاسکتا ہے یہاں خلاصہ کے طور پر چند احکام مندرجہ ذیل ہیں۔
٭افضل عمل : غسل دینے والے کے حق میں افضل یہ ہے کہ وہ غسل کرلے تاکہ استحباب پر عمل بھی ہوجائے اور میت کو غسل دینے ، اسے باربار دیکھنے اور حرکت دینے سے ذہن میں جو فتور پیدا ہوگیا ہے وہ زائل ہوجائے اور تازہ ونشیط ہوجائے ۔
٭احیتاطی عمل : اگر غسل نہ کرسکے تو کم ازکم وضو کرلےگرچہ انہوں نے پہلے وضو کیا ہو۔ اگر پہلے وضو نہیں کیا تھاتو نماز جنازہ کےلئے وضو تو بہرحال کرنا ہے ۔
٭جس نے میت کو غسل دیا ہے اسے اپنا کپڑا اتارنے یا صاف کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ جب اسے اپنا بدن دھونا ضروری نہیں تو کپڑا بدرجہ اولی نہیں دھونا ہے ۔
٭جنازہ کی نماز کے لئے کئے گئے وضو سے دوسرے وقت کی نماز پڑھ سکتا ہے کیونکہ اس وضو اور دوسری نماز کے وضو میں کوئی فرق نہیں ہے ۔
٭یہ قول " ومن حملَهُ فليتوضَّأ" (جو میت کو اٹھائے وہ وضو کرے ) اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ جو جو میت کو کندھا دے وہ سب وضو کرے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو میت کو حرکت دے ، ادھر سے ادھر اٹھاکر رکھے ، ایک چارپائی سے دوسری چارپائی پر لے جائے ۔ اور اس میں مذکور وضو نماز جنازہ کے لئے وضو کرنا ہے ۔
(18) عورت ومرد کا کفن :
عورت کو بھی مردوں کی طرح تین چادروں میں دفن کیا جائے گا ، عورت ومرد کے کفن میں فرق کرنے کی کوئی صحیح حدیث نہیں ہے ۔ ابوداؤد میں پانچ کپڑوں سے متعلق ایک روایت ہے جسے لیلیٰ بنت قائف ثقفیہ بیان کرتی ہیں جنہوں نے نبی ﷺ کی بیٹی ام کلثوم کو غسل دیا تھا۔ اس روایت کو شیخ زبیرعلی زئی رحمہ اللہ ضعیف قرار دیتے ہیں اور شیخ البانی نے بھی ضعیف کہا ہے ۔ دیکھیں : (ضعيف أبي داود:3157)
اس لئے شیخ البانی نے احکام الجنائز میں عورت ومردکے لئے یکسان کفن بتلایا ہے اور کہا کہ فرق کی کوئی دلیل نہیں ہے ۔ شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ شرح ممتع میں ذکر کرتے ہیں کہ عورت کو مرد کی طرح کفن دیا جائے گا یعنی تین کپڑوں میں ، ایک کو دوسرے پر لپیٹ دیا جائے گا۔
(19) میت کو کفن دینے کا طریقہ :
اوپر معلوم ہوا کہ عورت ومرد کو تین سفید کپڑوں میں کفن دیا جائے گا۔ تین سفید لفافے ایک پر ایک رکھ دئے جائیں جو لمبائی میں میت سے بڑے ہوں ، سر کی جانب کا زائد حصہ قدم کی جانب سے زیادہ ہو۔ ان لفافوں پر حنوط (خوشبو )جھڑکے جائیں۔میت کو ان لفافوں پر چپ لٹا دیا جائے اور عطر کا گالا بناکر میت کی رانوں، سرینوں ، سر، آنکھ ، ناک ، کان، منہ، پیشانی، داڑھی، ہاتھ، پیر، گھنٹہ ، بغل اور ناف وغیرہ میں رکھ دئے جائیں ۔پھر میت سے سٹے پہلے لفافے کو لپیٹے اس طرح کہ بائیں جانب کا حصہ اٹھاکر میت کو دائیں پہلو پر کرے اور دائیں جانب کا حصہ اٹھا کر میت کو بائیں پہلو پر کرے۔ پھر دوسرا لفافہ لپٹے اور اسی طرح کا عمل کرے پھر تیسرا لفافہ لپٹے اور اسی طرح کا عمل انجام دے ۔ اس کے بعد پیر کی جانب زائد حصے کو آگے کی طرف اور سر کی جانب زائد حصے کو سینے کی طرف کردے اور سر، درمیان اور پیر کے پاس گانٹھ لگا دے ۔ قبر میں دفن کے وقت ان گانٹھوں کوکھول دیا جائے گا۔
(20) قبر کی کیفیت:
قبرکی دو قسمیں ہیں ،ایک لحد (بغلی والی) دوسری شق (شگاف والی) ۔بغلی والی قبر کھودنے کا طریقہ یہ ہے کہ زمین میں میت کے قد برابر مستطیل گڑھا کھودا جائے پھر قبلہ کی جانب نیچے والی دیوار میں میت کے جسم کے مطابق گڑھا کھودا جائے ۔اس میں میت کو قبلہ رخ ڈال کرگڑھا کا منہ کچی اینٹ سے بند کردیا جائے گا ۔شق(شگاف) کا طریقہ یہ ہے کہ زمین میں  میت کے برابر لمبا گڑھا کھودا جائے ۔ بغلی والی قبر شگاف والی قبر سے افضل ہے ۔ تدفین کے بعدقبر زمین کے برابر یا اس سے ایک ہاتھ اوپرکوہان نما ہو۔قبروں کو ایک ہاتھ سے زیادہ اونچا کرنا،اسے چونا گاڑھا کرنا، پختہ بنانا، اس پر عمارت تعمیر کرنا ، کتبے ، درخت یا ٹہنی لگانا ، پھول مالا چڑھانا ،اگربتی یا موم بتی جلانا، یا کسی قسم کا چراغاں کرنا ، یا پھر اس پر میلہ ٹھیلہ لگانا جائز نہیں ہے ۔
ایک قبر میں ایک ہی میت کو دفن کیا جائے بصورت ضرورت ایک سے زائد میت کو دفن کیا جاسکتا ہے ۔ دفن کے بعد ایک قبر سے دوسری قبر میں میت منتقل کرنا بھی جائز نہیں تاہم ضرورت کے تحت جائز ہے۔
(21) جنازہ لےجا نے کے احکام:
جب کسی کی وفات ہوجائے تو اس کی تدفین میں جلدی کرنا چاہئے۔ تجہیزوتکفین کی ادائیگی کے بعد مسلمان مرد جنازہ کو تابوت میں رکھ کر قبرستان لے جائے ۔ویسے مرد کو کفن میں لپیٹنے کے بعد تابوت پر رکھ کربغیر چادر سے ڈھکے بھی قبرستان لے جا سکتے ہیں اور چادر سے ڈھک کر لے جانے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے البتہ عورت کے حق میں بہتر ہے کہ تابوت پر پردہ ڈال کر لے جایا جائے کیونکہ وہ ستر کی چیز ہے ۔
جنازہ عورت کا ہو تو اسے اجنبی مرد بھی کندھا دے سکتا ہے البتہ عورت جنازہ کو کندھا نہیں دے گی اور نہ ہی جنازہ کے پیچھے چلے گی۔
عَنْ أُمِّ عَطِيَّةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا قَالَتْ نُهِينَا عَنْ اتِّبَاعِ الْجَنَائِزِ وَلَمْ يُعْزَمْ عَلَيْنَا(صحیح البخاری: 1278)
ترجمہ: ام عطیہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ ہمیں ( عورتوں کو ) جنازے کے ساتھ چلنے سے منع کیا گیا مگر تاکید سے منع نہیں ہوا۔
مرد حضرات خواہ پیدل ہوں یا سوار بہتر ہے کہ وہ جنازے کے پیچھے چلیں کیونکہ جنازہ کی اتباع یعنی پیچھے چلنے کا حکم ہے ، بخاری کے الفاظ ہیں ۔ إِذَا مَرِضَ فَعُدْهُ وَإِذَا مَاتَ فَاتَّبِعْهُ(صحیح البخاری: 5651)
ترجمہ: جب وہ بیمار ہو جا ئے تو اس کی عیادت کرو اور جب وہ فوت ہو جا ئے تو اس کے پیچھے (جنازے میں) جاؤ۔
تاہم پیدل کے لئے جنازہ کے آگے چلنا بھی جائز ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
الرَّاكِبُ يسيرُ خلفَ الجَنازةِ ، والماشي يَمشي خلفَها ، وأمامَها ، وعن يمينِها ، وعن يسارِها قريبًا مِنها (صحيح أبي داود:3180)
ترجمہ: سوار آدمی جنازہ کے پیچھے چلے اور پیدل لوگ اس کے پیچھے ، آگے ، دائیں اور بائیں اس کے قریب قریب چلیں۔
جنازہ کے ساتھ چلتے ہوئے خاموشی اختیار کی جائے ، بعض لوگ کلمہ شہادت اور بلند آواز سے ذکر کرتے ہیں جوکہ دین میں نئی ایجاد ہے ۔ صحابہ کرام جنازہ کے پیچھے آواز بلند کرنے کو ناپسند فرماتے تھے ۔
كان أصحابُ النَّبيِّ صلَّى اللهُ علَيهِ وسلَّمَ يكرهونَ رفعَ الصَّوتِ عند الجنائزِ .(أحكام الجنائزللالبانی : 92)
ترجمہ: نبی ﷺ کے اصحاب جنازہ کے پیچھے آواز بلند کرنے کو ناپسند فرماتے تھے ۔
٭ شیخ البانی نے کہا کہ اس کی سند کے رجال ثقہ ہیں ۔
نبی ﷺ کا فرمان ہے : لا تُتبَعُ الجَنازةُ بصَوتٍ ولا نارٍ(سنن أبي داود:3171)
ترجمہ: جنازے کے پیچھے آواز اور آگ کے ساتھ نہ آ۔
شیخ البانی نے کہا کہ اس کی سند میں غیر معروف ہے مگر مرفوع شواہد اور بعض موقوف آثارسے اسے تقویت ملتی ہے ۔ (احکام الجنائز:91)
اس کا مطلب یہ ہوا کہ جنازہ کے پیچھے جس طرح آواز لگانا منع ہے اسی طرح آگ لے کر جانا منع ہے کیونکہ اس میں اہل کتاب کی مشابہت ہے ۔ گوکہ جنازہ کے پیچھے سگریٹ پینا اس قبیل سے نہیں ہے مگر نشہ آور چیزیں ہمیشہ منع ہیں ، جنازہ کے پیچھے سگریٹ پینا آخرت سے ہماری غفلت پہ غماز ہے جو ایک مسلمان کو کسی طور زیب نہیں دیتا۔ جنازہ سے تو ہمیں فکر آخرت پیدا کرنا چاہئے ۔
اسی طرح جنازہ دیکھ کر کھڑا ہونا مستحب ہے اور جب جنازہ قبرستان میں رکھ دیا جائے تو بیٹھا جائے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
إذا رأيتمُ الجنازةَ فقوموا ، فمن تَبِعَهَا فلا يقعدْ حتى تُوضعَ .(صحيح البخاري:1310)
ترجمہ: جب تم لوگ جنازہ دیکھو تو کھڑے ہوجاؤ اور جو شخص جنازہ کے ساتھ چل رہا ہو وہ اس وقت تک نہ بیٹھے جب تک جنازہ رکھ نہ دیا جائے۔
اس حدیث میں جنازہ دیکھ کر کھڑے ہونے کا واجبی حکم ہے جبکہ دوسری حدیث میں کھڑے ہونے کی ممانعت بھی آئی ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے : اجلِسوا خالِفوهم(صحيح أبي داود:3176)
ترجمہ: جنازہ دیکھ کربیٹھے رہو اور یہود کی مخالفت کرو ۔
دونوں احادیث کو سامنے رکھنے سے استحباب کا حکم نکلتا ہے ۔
(22) نماز جنازہ سے قبل نصیحت:
موت انسانوں کے لئے بہترین موعظت ہے بشرطیکہ ایمان والا ہواور قبروں کی زیارت کا تو رسول اللہ ﷺ نے حکم فرمایا ہے تاکہ آخرت یاد آئے ۔ مومن بندے کی نصیحت کے لئے کسی کا جنازہ اٹھنا ہی کافی ہے اور قبرستان جانا آخرت یاد دلانے کے لئے کافی وافی ہے ، الگ سے موعظت کرنے کی ضرورت نہیں ۔ بسااوقات نمازجنازہ میں لوگوں کا انتظار ہوتا ہے اور پہلے سے موجود لوگ آنے والوں کے انتظار میں بیٹھے ہوتے ہیں۔ ایسے موقع سے امام صاحب لوگوں کو کچھ نصیحت کردے تو کوئی حرج نہیں ہے اور یہ نصیحت کا بہترین موقع بھی ہے ، یہاں اذہان وقلوب بھی نصیحت قبول کرنے کے لئے تیار ہوتے ہیں ۔ یہ یاد رہے کہ نبی ﷺ سے نماز جنازہ سے قبل لوگوں کو وعظ کرنا ثابت نہیں ہے البتہ عمومی طور پرجنازہ کے وقت تذکیروبیان ملتا ہے جیساکہ انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں :
مَرُّوا بجَنازةٍ فأثنَوا عليها خيرًا، فقال النبيُّ صلَّى اللهُ عليه وسلَّم : وَجَبَتْ . ثم مَرُّوا بأخرَى فأثنَوا عليها شرًّا، فقال : وَجَبَتْ فقال عُمَرُ بنُ الخطابِ رضي الله عنه : ما وَجَبَتْ ؟ قال : هذا أثنَيتُم عليه خيرًا، فوَجَبَتْ له الجنةُ، وهذا أثنَيتُم عليه شرًّا، فوَجَبَتْ له النارُ، أنتم شُهَداءُ اللهِ في الأرضِ .(صحيح البخاري:1367)
ترجمہ: صحابہ کا گزر ایک جنازہ پر ہوا ‘ لوگ اس کی تعریف کرنے لگے ( کہ کیا اچھا آدمی تھا ) تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سن کر فرمایا کہ واجب ہو گئی۔ پھر دوسرے جنازے کا گزر ہوا تو لوگ اس کی برائی کرنے لگے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر فرمایا کہ واجب ہو گئی۔ اس پر عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ کیا چیز واجب ہو گئی؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس میت کی تم لوگوں نے تعریف کی ہے اس کے لیے تو جنت واجب ہو گئی اور جس کی تم نے برائی کی ہے اس کے لیے دوزخ واجب ہو گئی۔ تم لوگ زمین میں اللہ تعالیٰ کے گواہ ہو۔
اس لئے نمازجنازہ سے قبل خطبہ دینا یا وعظ ونصیحت کو لازم پکڑنا جائز نہیں ہے ۔ جنازہ کا تقاضہ ہے کہ بلاتاخیر نمازجنازہ پڑھ کر جلدسے جلد میت کو دفن کردیا جائے ۔ بسااوقات کچھ انتظار ہوتو بغیر خطبے کی شکل کے چند ناصحانہ کلمات کہنے میں کوئی حرج نہیں ۔
سمعت جرير بن عبد الله يقول يوم مات المغيرة بن شعبة ، قام فحمد الله وأثنى عليه ، وقال : عليكم بإتقاء الله وحده لا شريك له ، والوقار ، والسكينة ، حتى يأتيكم أمير ، فإنما يأتيكم الآن . ثم قال : استعفوا لأميركم ، فإنه كان يحب العفو . ثم قال : أما بعد فإني أتيت النبي صلى الله عليه وسلم قلت : أبايعك على الإسلام ، فشرط علي : والنصح لكل مسلم . فبايعته على هذا ، ورب هذا المسجد إني لناصح لكم . ثم استغفر ونزل .(صحيح البخاري:58)
ترجمہ: زیاد بن علاقہ نے کہا میں نے جریر بن عبداللہ سے سنا جس دن مغیرہ بن شعبہ ( حاکم کوفہ ) کا انتقال ہوا تو وہ خطبہ کے لیے کھڑے ہوئے اور اللہ کی تعریف اور خوبی بیان کی اور کہا تم کو اکیلے اللہ کا ڈر رکھنا چاہیے اس کا کوئی شریک نہیں اور تحمل اور اطمینان سے رہنا چاہیے اس وقت تک کہ کوئی دوسرا حاکم تمہارے اوپر آئے اور وہ ابھی آنے والا ہے۔ پھر فرمایا کہ اپنے مرنے والے حاکم کے لیے دعائے مغفرت کرو کیونکہ وہ ( مغیرہ ) بھی معافی کو پسند کرتا تھا پھر کہا کہ اس کے بعد تم کو معلوم ہونا چاہیے کہ میں ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور میں نے عرض کیا کہ میں آپ سے اسلام پر بیعت کرتا ہوں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے ہر مسلمان کی خیر خواہی کے لیے شرط کی، پس میں نے اس شرط پر آپ سے بیعت کر لی ( پس ) اس مسجد کے رب کی قسم کہ میں تمہارا خیرخواہ ہوں پھر استغفار کیا اور منبر سے اتر آئے۔
بظاہر اس اثر میں خطبے کی شکل ہے مگر یہ ہمیشگی والا عمل نہیں جس سے دلیل پکڑتے ہوئے ہمیشہ ایسا کرنا چاہئے ، نہ بطور خاص نمازجنازہ کے وقت ہے اورنہ ہی اس طرح کا عمل نبی ﷺ سے ثابت ہے ۔ نبی ﷺ کی وفات پر حضرت ابوبکررضی اللہ عنہ کا خطبہ دینا بھی ثابت ہے اس سے بھی عدم دوام پرہی دلیل لی جائے گی جس کا نمازجنازہ کے وقت ہمیشہ وعظ کرنے سے کوئی تعلق نہیں ۔ نیز وہاں ایک خاص پس منظر تھا ،حضرت عمر رضی اللہ عنہ نبی ﷺ کی وفات کا انکار کررہے تھے اس وجہ سے ابوبکررضی اللہ عنہ کو یہ مسئلہ واضح کرنا پڑا ۔
آج کل بعض مقامات پر دفن کے بعدقبرستان میں خطیب کی طرح لوگوں کو نصیحت کی جاتی ہے اور اسے جنازے کا حصہ سمجھا جاتا ہے جوکہ واضح بدعت کی شکل ہے ، ایسا کرنا رسول اللہ کی سنت سے ثابت نہیں ہے ۔ کبھی کبھار قبرکے پاس بیٹھے نبی ﷺ سے صحابہ کے ساتھ تذکیر کا ثبوت ملتا ہے ۔ چند حضرات قبرستان میں اتفاقیہ بیٹھے ہوں اور آپس میں تذکیر کرے تو کوئی حرج نہیں مگر لوگوں میں ایک واعظ ہو جو بیٹھ کر یا کھڑے ہوکر سب کو وعظ کرے سنت کی مخالفت ہے ۔ دفن کے وقت جلدی سے تدفین کا کام مکمل کرنا چاہئے اور انفرادی طور پر میت کے لئے استغفار اور ثبات قدمی کی دعاکرنی چاہئے ۔
(23)نماز جنازہ اور صف بندی کے احکام :
٭نماز جنازہ فرض کفایہ ہے ، گاؤں کے چند لوگ جنازے میں شریک ہوگئے تو سبھی سے فریضہ ساقط ہوگیا اور اگر کوئی جنازہ نہ پڑھے تو پوری بستی والے گنہگار ہوں گے ۔
٭میت کے لئے تین صفیں بنانا مستحب ہے لیکن اسے ضروری خیال نہ کیا جائے کیونکہ اس سلسلے میں آثار ملتے ہیں مگر مرفوع روایات ضعیف ہیں ۔ کسی کے جنازہ میں سو آدمی شریک ہو اور وہ میت کے حق میں سفارش کریں تو قبول ہوتی ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
ما من ميِّتٍ تُصلِّي عليه أمَّةٌ من المسلمين يبلغون مائةً . كلُّهم يشفعون له . إلَّا شُفِّعوا فيه(صحيح مسلم:947)
ترجمہ: کو ئی بھی (مسلمان ) مرنے والا جس کی نماز جناز ہ مسلمانو کی ایک جماعت جن کی تعداد سو تک پہنچی ہو ادا کرے وہ سب اس کی سفارش کریں تو اس کے بارے میں ان کی سفارش قبول کر لی جا تی ہے ۔
نبی ﷺ کا ایک دوسرا فرمان ہے :
ما من رجلٍ مسلمٍ يموتُ فيقوم على جنازتِه أربعون رجلًا ، لا يشركون بالله شيئًا إلا شفَّعهم اللهُ فيه(صحيح مسلم:948)
ترجمہ: جس مسلمان کے جنازے میں چالیس آدمی ایسے ہوں جنہوں نے اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کیا ہو تو اللہ تعالیٰ اس کے حق میں ضرور ان کی شفاعت قبول کرتا ہے۔
حتی کہ اگر کسی میت کی خیروبھلائی پر دو شخص بھی گواہی دے تو وہ اللہ کی رحمت سے جنت کا مستحق ہوگا ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
أيُّما مسلمٍ، شَهِدَ له أربعةٌ بخيرٍ، أدخَله اللهُ الجنةَ . فقُلْنا : وثلاثةٌ، قال : وثلاثةٌ . فقُلْنا : واثنانِ، قال : واثنانِ . ثم لم نسألْه عن الواحدِ .(صحيح البخاري:1368)
ترجمہ: جس مسلمان کی اچھائی پر چار شخص گواہی دے دیں اللہ اسے جنت میں داخل کرے گا۔ ہم نے کہا اور اگر تین گواہی دیں؟ آپ نے فرمایا کہ تین پر بھی‘ پھر ہم نے پوچھا اور اگر دو مسلمان گواہی دیں؟ آپ نے فرمایا کہ دو پر بھی۔ پھر ہم نے یہ نہیں پوچھا کہ اگر ایک مسلمان گواہی دے تو کیا؟
٭صفوں کا طاق ہونا ضروری نہیں جفت بھی ہوں تو کوئی حرج نہیں ہے ۔
٭ میت مرد ہو تو امام سر کے پاس اور عورت ہو تو درمیان میں کھڑا ہو۔
٭ اگر میت میں کئی مردوعورت اور بچے ہوں تو عورتوں کو قبلہ کی طرف پھر بچوں کو،اس کے بعد مردوں کو امام کی جانب رکھا جائے ۔
٭ اگر عورتیں نماز جنازہ میں شامل ہوں تو ان کی صف مردوں کے پیچھے ہوگی ۔
٭ باشعوربچے بڑوں کی صف میں کھڑے ہوسکتے ہیں جیساکہ ابن عباس رضی اللہ عنہاجب بچے تھے تو نبی ﷺکے ساتھ بڑوں کی صف میں نماز جنازہ پڑھی اور بچے باشعور نہ ہوں تو انہیں پچھلی صفوں میں رکھا جائے ۔
٭ نماز جنازہ مسجد میں بھی ادا کرسکتے ہیں جیساکہ رسول اللہ ﷺ نے بیضا کے دو بیٹے سہل اور سہیل کا جنازہ مسجد میں پڑھا تھا۔ (مسلم :973)
٭ عموما شہروں میں قبرستان کی بونڈری سے باہر نماز جنازہ کےلئےایک مسجد بنی ہوتی ہے اس میں نماز جنازہ یا دیگر نماز اداکرنے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ وہ قبرستان میں داخل نہیں ہے تاہم قبرستان کے اندر مسجد بنانا اور اس میں پنچ وقتہ نمازیں ادا کرنا جائز نہیں ہے ۔نبی ﷺ کا فرمان ہے :
الأرضُ كلَّها مسجدٌ إلَّا المقبرةَ والحمَّامَ(صحيح الترمذي:317)
ترجمہ: پوری زمین میرے لیے سجدہ گاہ اورطہارت وپاکیزہ گی کاذریعہ بنائی گئی ہے سوائے قبرستان اور حمام کے ۔
حتی کے نماز جنازہ بھی قبرستان میں اور قبروں کے درمیان ادا کرنا منع ہے اس کی وجہ شرک کاسد باب ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
نَهَى أنْ يُصَلَّى على الجنائِزِ بينَ القبورِ( صحيح الجامع:6834)
ترجمہ : نبی نے منع کیا کہ جنازہ کی نماز قبروں کے درمیان پڑھی جائے ۔
ہاں تدفین کے بعدوہ شخص نماز جنازہ اس میت کی قبر پر ادا کرسکتا ہے جس میت کا جنازہ نہیں پڑھ سکا ۔
(24) نماز جنازہ کا طریقہ :
نماز جنازہ کے لئے وضو ، استقبال قبلہ اور نیت شرائط میں سے ہے ۔ صفوں کی ترتیب کے بعد امام صاحب یا جنہیں نماز جنازہ کے لئے میت نے وصیت کی ہو وہ نماز پڑھائے ۔ نماز جنازہ میں نو تکبیرات تک کا ثبوت ملتا ہے مگر چار تکبیرات نبی ﷺ کا آخری عمل ہے اور اس پہ صحابہ کرام کا اجماع ہے اس لئے جنازہ میں چار تکبیرات ہی کہی جائیں گی اس پہ مفصل بحث آگے آرہی ہے۔
پہلی تکبیر: اعوذ باللہ ، بسم اللہ اور سورہ فاتحہ پڑھیں ۔ سورہ فاتحہ سے قبل دعائے استفتاح اور اس کے بعد کوئی سورت پڑھ لینے میں کوئی حرج نہیں ہےتاہم سورہ فاتحہ کا پڑھنا واجب ہے ۔
دوسری تکبیر: نماز میں پڑھا جانے والا درودابراہیمی پڑھیں ۔
تیسری تکبیر: جنازے کی دعا پڑھیں ۔
جنازہ کی کئی دعائیں ہیں ،ان میں سے کوئی پڑھ لینا کافی ہے ۔ ایک دعا یہ ہے : اللَّهمَّ اغْفِرْ لحيِّنا وميِّتِنا وشاهدنا وغائِبنا وصَغيرنا وَكبيرنا وذَكرِنا وأُنثانا اللَّهمَّ مَنْ أحييتَه مِنَّا فأحيِه علَى الإسلامِ ومن تَوَفَّيتَه مِنَّا فتَوفَّهُ علَى الإيمانِ اللَّهمَّ لا تحرمنا أجرَه ولا تُضلَّنا بعدَه(صحيح ابن ماجه:1226)
چوتھی تکبیر: آخری تکبیر پر سلام پھیر دیں ،نماز جنازہ میں ایک سلام کا ذکر ملتا ہے اس وجہ سے اصل نماز جنازہ میں ایک سلام ہی ہے تاہم عام نمازوں میں دو سلام کی دلیل سے نماز جنازہ میں بھی دو سلام پھیرا جاسکتا ہے لہذا ایک سلام اور دو سلام دونوں عمل جائز ہیں۔
٭ ہر تکبیر پر رفع یدین کرنا چاہئے ۔
٭ نماز جنازہ سرا اور جہرا دونوں طرح ادا کرنا جائز ہے ۔
(25)نماز جنازہ عورت بھی ادا کرسکتی ہے :
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ عورت نماز جنازہ نہیں پڑھ سکتی اور اس خیال سے متعلق ثبوت کے طور پر ایک روایت بیان کی جاتی ہے وہ اس طرح ہے :لَيْسَ للنِّسَاءِ في الجنازَةِ نصيبٌ(مجمع الزوائد:16/3)
ترجمہ: عورتوں کے لئے جنازہ میں کوئی حصہ نہیں ہے ۔
اس سے استدلال نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ ضعیف ہے ۔ شیخ البانی نے اسے بہت ہی ضعیف کہا ہے ۔(ضعيف الترغيب:2069)
حقیقت یہ ہے کہ عورتیں بھی میت کا جنازہ پڑھ سکتی ہیں ۔ حضرت ابوسلمی بن عبدالرحمن روایت کرتے ہیں کہ جب سعد بن وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوا تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ادخُلوا به المسجدِ حتى أصليَ عليه(صحيح مسلم:973)
ترجمہ: سعد کا جنازہ مسجد میں لاؤ تاکہ میں بھی نماز جنازہ ادا کرسکوں ۔
عورتوں کی افضل نماز تو گھر میں ہی ہے ، اس لحاظ سے عورتیں میت کے غسل اور کفن کے بعد جمع ہوکر جماعت سے میت کی نماز جنازہ گھر ہی میں پڑھ لے تو کوئی حرج نہیں اور وہ مردوں کے ساتھ مسجد میں ادا کرنا چاہے تو بھی کوئی حرج نہیں ہے جیساکہ اوپر والی حدیث عائشہ گزری جس سے مسجد میں عورت کا نماز جنازہ پڑھنا ثابت ہوتا ہے۔
اس بارے میں شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ سے سوال کیا گیا کہ کیا عورتوں کے لئے جائز ہے کہ گھر کی ساری عورتیں جمع ہوکر گھر ہی میں میت کی نماز جنازہ پڑھ لے؟
توشیخ رحمہ اللہ نے جواب کہ کوئی حرج نہیں عورتیں نماز جنازہ مردوں کے ساتھ مسجد میں ادا کرے یا جنازہ والے گھر میں ادا کرلے کیونکہ عورتوں کو نماز جنازہ پڑھنے سے منع نہیں کیا گیا بلکہ قبروں کی زیارت کرنے سے منع کیا گیا ہے ۔ ("مجموع فتاوى" ابن عثيمين:17/157)
(26)تکبیرات جنازہ اور صحابہ کرام:
نماز جنازہ میں چار سے زائد تکبیرات کابھی ثبوت ملتا ہے ، تین تکبیر سے لیکر نو تکبیرات کا ذکر ہے تاہم صحیحین میں پانچ تک کا ذکر ہے ۔
حضرت عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ کہتے ہیں:
كان زيدٌ يُكبِّرُ على جنائزِنا أربعًا . وإنه كبَّر على جنازةٍ خمسًا . فسألتُه فقال : كان رسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّمَ يُكبِّرُها .(صحيح مسلم:957)
ترجمہ: حضرت زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہمارے جنازوں (کی نماز) میں چار تکبیریں کہا کرتے تھے۔ ایک جنازہ پر انہوں نے پانچ تکبیریں کہیں تو ہم نے ان سے پوچھا کہ " آپ تو ہمیشہ چار تکبیریں کہا کرتے تھے آج پانچ تکبیریں کیوں کہیں؟ انہوں نے فرمایا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پانچ تکبیریں کہا کرتے تھے۔
یہ حدیث متعدد کتب احادیث میں مروی ہے مثلا ابوداؤد، ترمذی ، نسائی ، ابن ماجہ، بیہقی ، مسند طیالسی اور مسند احمد وغیرہ ۔
امام نووی رحمہ اللہ نے اس حدیث کے تحت لکھا ہے :
دل الإجماع على نسخ هذا الحديث لأن ابن عبد البر وغيره نقلوا الإجماع على أنه لا يكبر اليوم إلا أربعا ، وهذا دليل على أنهم أجمعوا بعد زيد بن أرقم ، والأصح أن الإجماع يصح من الخلاف (شرح مسلم)
ترجمہ: اجما ع اس بات پہ دلالت کرتا ہے کہ یہ حدیث منسوخ ہے اس لئے کہ ابن عبدالبر وغیرہ نے اس بات پہ اجماع نقل کیا ہے کہ اس وقت صرف چار تکبیرات کہی جائے گی ، یہ اس بات پہ دلیل ہے کہ زید بن ارقم کے بعد اس پہ اجماع کرلیا گیا اور صحیح بات یہ ہے کہ اختلاف سے اجماع صحیح ہوتا ہے ۔
گویا امام نووی رحمہ اللہ کے نزدیک پانچ والی روایت منسوخ ہے اور جنازہ کی چار تکبیرات پہ اجماع ہے ۔ جمہور کا مذہب بھی یہی ہے کہ چار تکبیرات ہی مشروع ہیں ، ان کی چار وجوہات ہیں ۔ پہلی وجہ تو یہ ہے کہ یہ اکثر صحابہ سے مروی ہے ، ان کی تعداد پانچ تکبیرات بیان کرنے والے صحابہ سے زیادہ ہے ۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ صحیحین کی روایت ہے ۔ تیسری وجہ یہ ہے کہ چار تکبیرات پہ اجماع واقع ہوا ہے ۔چوتھی وجہ یہ ہے کہ نبی ﷺ کا آخری عمل یہی ہے جیساکہ امام حاکم نے مستدرک میں ابن عباس رضی اللہ عنہما سے ان لفظوں کے ساتھ روایت ذکر کیا ہے(آخر ما كبر رسول الله صلى الله عليه وسلم على الجنائز أربع ) کہ نبی ﷺ نے جنازہ پہ سب سے آخری مرتبہ چار تکبیرات کہیں۔ (نیل الاوطار ، باب عددتکبیر صلاۃ الجنائز)
صاحب عون المعبود کا رحجان چار تکبرات کی طرف لگتا ہے چنانچہ انہوں نے علی بن جعد کے حوالے سے صحابہ کے کچھ آثار پیش کئے جن سے چار تکبیرات پہ اجماع کا علم ہوتا ہے جیسے کہ بیہقی میں ہے کہ عمر رضی اللہ عنہ نے کہا صحابہ کبھی چار تو کبھی پانچ پر عمل کرتے تو ہم نے چار پہ جمع کردیا۔ بیہقی میں ابووائل رضی اللہ عنہ سے یہ روایت بھی ہے کہ صحابہ نبی ﷺ کے زمانہ میں چار، پانچ ، چھ اور سات تکبیرات کہا کرتے تھے تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے سب کو جمع کرکے اس اختلاف کی خبر دی اور انہیں چار تکبیرات پہ جمع کردیا۔ابراہیم نخعی کے طریق سے یہ روایت بھی ہے کہ صحابہ کرام ابومسعود رضی اللہ عنہ کے گھر جمع ہوئے اور جنازہ کی چار تکبیرات پہ اجماع کرلیا۔ (عون المعبود ، باب التکبیر علی الجنازۃ)
امام ترمذی نجاشی والی روایت جس میں چار تکبیر کا ذکر ہے اسے بیان کرکے لکھتے ہیں کہ اسی حدیث پر نبی ﷺ کے اکثر اصحاب کا عمل ہے اور دیگر اہل علم کا بھی کہ جنازہ کی تکبیرات چار ہیں ۔ یہ قول سفیان ثوری، مالک بن انس، ابن المبارک ، شافعی ، احمد اور اسحاق وغیرھم کا ہے ۔ (سنن الترمذی، باب ماجاء فی التکبیر علی الجنازۃ)
شیخ ابن باز رحمۃ اللہ علیہ سے سوال کیا گیا کہ اگر کوئی میت فضل کے اعتبار سے بڑا ہو تو کیا ان کے جنازہ میں تکبیر ات زائد کہی جاسکتی ہیں ؟ تو شیخ نے جواب دیا کہ افضل یہی ہے کہ چار پہ اکتفا کرے جیساکہ اس وقت عمل کیا جاتا ہے اس لئے کہ یہ نبی ﷺ کا آخری عمل ہے ، نجاشی کی بڑی فضیلت ہے پھر بھی نبی ﷺ نے ان کی نماز جنازہ میں چار تکبیرات پہ ہی اکتفا کیا ۔ (مجموع فتاوى و رسائل بن باز – تیرہویں جلد)
خلاصہ کلام یہ ہوا کہ نماز جنازہ میں چار تکبیرات نبی ﷺ کا آخری عمل ہے اور اس پہ صحابہ کرام کا اجماع ہے اس لئے جنازہ میں چار تکبیرات ہی کہی جائیں گی ۔
(27) کئی جنازے کی ایک ساتھ نماز :
ایک ساتھ متعدد جنازے کے سوال پر شیخ ابن باز رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ سنت یہ ہے کہ سب جنازے کو جمع کیا جائے اور ان پر ایک بار نماز ادا کی جائے کیونکہ نبی ﷺ نے جنازہ کے متعلق جلدی کرنے کا حکم دیا ہے ۔ شیخ البانی رحمہ اللہ احکام الجنائز میں کہتے ہیں کہ جب عورت ومرد کے کئی جنازے جمع ہوجائیں تو ان سب پر ایک مرتبہ نماز جنازہ پڑھی جائے ، دلیل میں ابن عمر کا اثر پیش کرتے ہیں جس میں ایک ساتھ نو میت کا جنازہ پڑھنے کا ذکرہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہتے ہیں کہ اکیلے اکیلے بھی جنازہ پڑھنا جائز ہے اور یہی اصل ہے ، نبی ﷺنے شہداء احد پر ایسا ہی کیا ہے ۔ خلاصہ یہ ہے کہ میت کے حق میں بہتر یہ ہے کہ ایک ساتھ سب کا جنازہ پڑھا دیا جائے لیکن اگر سب کا الگ الگ جنازہ پڑھا یا جائے تو یہ بھی جائز ہے۔
جب ایک مرتبہ میں ایک سے زائد میت کی نماز جنازہ ہوجاتی ہے تو مصلی کو جنازہ کے عدد کے حساب سے ثواب ملے گا یعنی ہرجنازہ کی نماز کے بدلے ایک قیراط ثواب ۔ اللہ کا فضل زیادہ وسیع ہے۔
(28) :نماز جنازہ کی بعض تکبیر کی قضا کا طریقہ:
نماز جنازہ کی چاروں تکبیریں رکن اور بحیثیت رکعت کے ہیں ،ان کی ادائیگی کے بغیر نہ تو امام کی نماز درست ہے ، نہ ہی مقتدی کی ۔
اگر امام بھول کر تین تکبیر پہ سلام پھیردے تو یاد دلائی جائے تاکہ چوتھی کہے ۔ ورنہ نماز نہیں ہوگی ۔ اگر تین ہی سلام پھیردیا اور تنبیہ کرنے پر بھی چوتھی تکبیر نہیں کہی تو مقتدیوں کو چاہئے کہ وہ خود سے چوتھی تکبیر کہہ کر اپنی نماز جنازہ مکمل کرے ۔
اگر مقتدی دو تکبیریں ختم ہونے کے بعد نماز جنازہ میں شامل ہوتو وہ اپنی پہلی تکبیر میں فاتحہ پڑھے ، دوسری تکبیر میں درود ۔اور جب امام سلام پھیردے تو وہ تیسری تکبیر خود سے کہے اس میں میت کی دعا پڑھے اور خود سے ہی چوتھی تکبیر کہہ کر سلام پھیردے ۔
شیخ ابن بازرحمہ اللہ جس سے جنازہ کی بعض تکبیر چھوٹ گئی اس کے متعلق لکھتے ہیں کہ سنت یہ ہے کہ جس سے جنازہ کی بعض تکبیر یں چھوٹ گئیں وہ ان کی قضا کرے نبی ﷺ کے قول کے عموم کی وجہ سے ۔
إذا أقيمت الصلاة فامشوا إليها وعليكم السكينة والوقار ، فما أدركتم فصلوا ، وما فاتكم فاقضوا(جب نماز کھڑی ہوجائے تو اس کی طرف چل پڑو اور سکینت ووقار لازم پکڑو، جو مل گئی اسے پڑھو اور جوچھوٹ گئی اس کی قضا کرو)
قضا کا طریقہ یہ ہے: جو مل گئی ہے اسے اول نماز سمجھے اور چھوٹ گئی ہے (جس کی قضا کرنی ہے)اسے آخر نماز سمجھے۔ نبی ﷺ کے فرمان کی وجہ سے: فما أدركتم فصلوا ، وما فاتكم فأتموا(جو مل گئی اسے پڑھو اور چھوٹ گئی اس کی قضا کرو)۔
اگر مقتدی امام کو تیسری تکبیر میں پائے تو وہ تکبیر کہہ کر فاتحہ پڑھے اور جب امام چوتھی تکبیر کہے تو وہ اس کے پیچھے تکبیر کہے اور نبی ﷺ پر درود پڑھے۔ اور جب امام سلام پھیردے تو وہ (سلام نہ پھیرکر) خود سے تکبیر کہے تو اور میت کے لئے مختصر دعا کرے اور پھر چوتھی تکبیر کہے اور سلام پھیردے ۔ (مجموع الفتاوى :13/149)
(29)نماز جنازہ غائبانہ کا حکم :
جس طرح جنازہ سامنے رکھ کر اس کی نماز پڑھنا یا دفن کے بعد قبر پر اس کے لئے نماز جنازہ پڑھنا ثابت ہے اسی طرح یہ مسئلہ بھی ثابت ہے کہ جنازہ کسی شہر میں ہو اور اس کے متعارفین دوسرے شہر میں ہوں وہ غائبانہ نماز جنازہ ادا کرسکتے ہیں ۔
صحیح بخاری میں حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے مروی ہے انہوں نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
قد تُوُفِّيَ اليومَ رجلٌ صالحٌ من الحبَشِ، فَهَلُمَّ فَصَلُّوا عليه . قال : فصَفَفْنا، فصلَّى النبي صلَّى اللهُ عليه وسلَّم عليه ونحن صُفوفٌ(صحيح البخاري:1320)
ترجمہ: آج حبش کے ایک مرد صالح ( نجاشی حبش کے بادشاہ ) کا انتقال ہوگیا ہے۔ آؤ ان کی نماز جنازہ پڑھو۔ جابر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ پھر ہم نے صف بندی کرلی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ ہم صف باندھے کھڑے تھے۔
اس روایت کوبعض علماء نے نجاشی کے ساتھ خاص مانا ہے جبکہ اسے خاص کرنے کی کوئی دلیل نہیں ہے لہذا جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ نجاشی کی میت بطور معجزہ نبی کے سامنے کردی گئی تھی اس لئے وہ جنازہ غائبانہ نہیں تھا بلکہ حاضرانہ تھا۔ یہ قول مرجوح ہے اس کی طرف التفاف نہیں کیا جائے گا اور جنہوں نے نمازجنازہ غائبانہ کو بدعت یا ناجائز کہا وہ بھی خطا پر ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ نماز جنازہ غائبانہ مشروع و مطلق طور پر عام ہے کیونکہ نبی ﷺ نے خود غائبانہ نمازجنازہ پڑھی اورصحابہ کو پڑھنے کا حکم جوکہ آپ ﷺ کے الفاظ " فصلوا علیہ" (تم سب ان کی نماز کی نماز جنازہ پڑھو) سے صراحت کے ساتھ بالجزم ظاہروباہر ہے۔ نیز کسی صحابی سے غائبانہ نماز جنازہ پر نکیر منقول نہیں ہے ۔
رئیس الاحرار مولانا محمد رئیس ندوی حفظہ اللہ اپنی کتاب نماز جنازہ اور اس کے مسائل میں واقعہ نجاشی پر بحث کرتے ہوئے لکھتے ہیں ۔
اس سے صاف طاہر ہے کہ مسلمان میت کی نماز جنازہ علی الاطلاق اور علی العموم مشروع ہے اس کی لاش کا نمازیوں کے سامنے موجود وحاضر ہوناضروری نہیں۔ نجاشی پر نماز جنازہ غائبانہ پڑھنے کا حکم دیتے وقت رسول اللہ ﷺ نے "صلواعلی اخیکم النجاشی" کے واضح الفاظ کے ذریعہ صراحت کردی تھی کہ جس نجاشی کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھنے کا حکم میں تمہیں دے رہاہوں وہ تمہارے یعنی مومنوں کے بھائی ہیں ۔ظاہر ہے کہ آپ نے یہ بات اسلام کے اس اصول کے تحت فرمائی تھی کہ انماالمومنون اخوۃ(الحجرات:1) سارے کے سارے اہل ایمان باہم ایک دوسرے کے بھائی ہیں ۔ اس سے یہ بات واضح ہے کہ نماز جنازہ پڑھنے کے لئے میت کا مومن ہونا تو شرط ہے اس کی لاش کا نمازیوں کے سامنے حاضروموجود ہونا شرط نہیں ۔ انتہی
(30) جنازہ کے مکروہ اوقات :
تین اوقات میں نماز جنازہ پڑھنا اور میت کو دفن کرنا منع ہے ۔ عقبہ بن عامر جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:
ثلاثُ ساعاتٍ كان رسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّمَ ينهانا أن نُصلِّيَ فيهنَّ . أو أن نَقبرَ فيهن موتانا : حين تطلعُ الشمسُ بازغةً حتى ترتفعَ . وحين يقومُ قائمُ الظهيرةِ حتى تميلَ الشمسُ . وحين تَضيَّفُ الشمسُ للغروبِ حتى تغربَ .(صحيح مسلم:831)
ترجمہ: تین اوقات ایسے ہیں جن میں رسول اللہ ﷺہمیں نمازپڑھنے سے یا اپنے مردوں کودفنانے سے منع فرماتے تھے,جس وقت سورج نکل رہا ہویہاں تک کہ وہ بلند ہوجائے،جس وقت ٹھیک دوپہرہورہی ہویہاں تک کہ سورج ڈھل جائے اورجس وقت سورج ڈوبنے کی طرف مائل ہو یہاں تک کہ وہ ڈوب جائے۔
اس حدیث میں صلاۃ کا لفظ بھی وارد ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ جس طرح میت کو ان تین وقتوں میں دفن کرنا منع ہے اسی طرح میت پر نماز جنازہ پڑھنا بھی منع ہے۔ اس طرح فجر کے بعد ، ظہر کے بعداورعصرکے بعد میت پر نماز جنازہ پڑھ سکتے ہیں اور دفن بھی کرسکتے ہیں ۔
ایک اشکال اور اس کا حل :
ایک حدیث میں ہے کہ جب جنازہ آجائے تو تاخیر نہ کی جائے ،اس سے بعض علماء نے یہ دلیل پکڑی ہے کہ ہم میت کو کبھی بھی دفن کرسکتے ہیں یہاں تک کہ مکروہ اوقات میں بھی ۔ پہلے وہ حدیث دیکھیں :
علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے :
أنَّ النبيَّ - صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّم - قال له : يا عَلِيُّ ! ثلاثٌ لا تؤخِّرْها : الصلاةُ إذا أَتَتْ ، والجَنازةُ إذا حَضَرَتْ ، والأَيِّمُ إذا وَجَدْتَ لها كُفْؤًا (مشکوۃ , ترمذی، بیہقی)
ترجمہ: نبی اکرمﷺ نے ان سے فرمایا:' علی! تین چیزوں میں دیر نہ کرو: نمازکو جب اس کا وقت ہوجائے، جنازہ کوجب آجائے، اور بیوہ عورت (کے نکاح کو) جب تمہیں اس کا کوئی کفو (ہمسر)مل جائے۔
اس حدیث کو شیخ البانی ؒ نے ضعیف کہا ہے مگر اس کا معنی صحیح ہے ۔ (تخریج مشکوۃ المصابیح : 577)
اس حدیث کی روشنی میں چند باتیں ملحوظ رہے۔
اولا : تین اوقات میں دفن کی ممانعت واجبی نہیں ہے بلکہ کراہت کے درجے میں ہے کیونکہ وجوب کا قرینہ نہیں پایا جاتا۔
ثانیا: اگر وقت تنگ ہو اور میت کو دفن کرنےکی ضرورت ہو تومکروہ اوقات میں دفن کرنے میں کوئی حرج نہیں ۔
ثالثا: جان بوجھ کر مکروہ اوقات میں دفن کرنا منع ہے ہاں تجہیز و تکفین میں تاخیر ہوگئی اور اب مزید تاخیر صحیح نہیں تو پھر ممنوع وقت میں دفن کرسکتے ہیں ۔
رابعا: حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ میت ہونے کے بعد اس کی تدفین میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے بلکہ جلدی سے دفن کردینا چاہئے ۔ دوسری حدیث سے اس مفہوم کی تائید ہوتی ہے ۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
أَسْرِعُواْ بالجنازةِ ، فإن تَكُ صالحةً فخيرٌ تُقَدِّمُونَهَا ، وإن يَكُ سِوَى ذلكَ ، فشَرٌّ تضعونَهُ عن رقابكم .(صحيح البخاري:1315)
ترجمہ: جنازہ لے کر جلد چلا کرو کیونکہ اگر وہ نیک ہے تو تم اس کو بھلائی کی طرف نزدیک کررہے ہو اور اگر اس کے سوا ہے تو ایک شر ہے جسے تم اپنی گردنوں سے اتارتے ہو۔
رات میں دفن کرنے کا حکم :
ایک حدیث میں رات میں دفن کرنے کی ممانعت وارد ہے ۔ وہ روایت مندرجہ ذیل ہے ۔
مسلم شریف میں ہے :
فزجر النبيُّ صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّمَ أن يُقبرَ الرجلُ بالليلِ حتى يصلى عليهِ . إلا أن يضطرَ إنسانٌ إلى ذلك . وقال النبيُّ صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّمَ " إذا كفَّنَ أحدكم أخاهُ فليُحْسِنْ كفنَه " .(صحيح مسلم:943)
ترجمہ: پس نبی ﷺ نے ڈانٹا کہ آدمی کو رات میں دفن کیا جائےالا یہ کہ انسان اس کے لئے مجبور ہوجائے ہاں اگر نماز جنازہ پڑھ لی گئی ہو تو چنداں حرج نہیں ہے۔ نیز نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم اپنے بھائی کو کفن دو تو اچھے طریقے سے کفناؤ۔
یہ حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ اگر رات میں نماز جنازہ یا کفن و دفن میں دقت ہو یعنی صحیح سے میت کی تجہیزوتدفین نہ ہونے کا خطرہ ہو تو رات میں دفن نہ کیا جائے لیکن اگر رات میں دفنانے کی سہولت ہو تو رات میں بھی دفن کرسکتے ہیں ۔ اس کی دلیل ملتی ہے۔
ابن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا :
مات إنسانٌ ، كان رسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّمَ يعودُهُ ، فمات بالليلِ ، فدفنوهُ ليلًا ، فلمَّا أصبحَ أخبروهُ ، فقال : ما منعكم أن تُعَلِّمُوني . قالوا : كان الليلُ فكرهنا ، وكانت ظلمةٌ ، أن نَشُقَّ عليك ، فأتى قبرَهُ فصلَّى عليهِ .(صحيح البخاري:1247)
ترجمہ: ایک شخص کی وفات ہوگئی, رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی عیادت کو جایا کرتے تھے, چونکہ ان کا انتقال رات میں ہوا تھا اس لیے رات ہی میں لوگوں نے انہیں دفن کر دیا اور جب صبح ہوئی تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو خبر دی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ( کہ جنازہ تیار ہوتے وقت ) مجھے بتانے میں ( کیا ) رکاوٹ تھی؟ لوگوں نے کہا کہ رات تھی اور اندھیرا بھی تھا۔ اس لیے ہم نے مناسب نہیں سمجھا کہ کہیں آپ کو تکلیف ہو۔ پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کی قبر پر تشریف لائے اور نماز پڑھی۔
اور بہت سے صحابہ وصحابیات کو رات رات میں دفن کیا گیا ہے ۔ ابوبکررضی اللہ عنہ، عثمان رضی اللہ عنہ، عائشہ رضی اللہ عنہا، عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ اور فاطمہ رضی اللہ عنہا رات میں ہی دفن کئے گئے ۔
(31) تدفین کے آداب ومسائل:
٭ہرمسلمان کی لاش کو دفن کیا جائے گا حتی کہ کافر کی بھی لاش ملے تو اسے دفن کرنا چاہئے مگر کافر کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنا جائز نہیں ہے ۔
٭ میت کو قبر میں مرد ہی اتارے گا عورت نہیں ، ہاں عورت کی لاش ہو تو بہتر ہے اسےقبر میں اس کا محرم اتارے اور محرم نہیں تو معمر آدمی اتارے ۔ انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
شَهِدْنَا بِنْتًا لرسولِ اللهِ صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّمَ ، قال : ورسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّمَ جالسٌ على القبرِ ، قال : فرأيتُ عيناهُ تدمعانِ ، قال : فقال : هل منكم رجلٌ لم يُقَارِفِ الليلةَ . فقال أبو طلحةَ : أنا ، قال : فانْزِلْ . قال : فنزَلَ في قَبْرِهَا .( صحيح البخاري:1285)
ترجمہ: ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک بیٹی کے جنازہ میں حاضر تھے۔ آپ قبر پر بیٹھے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھیں آنسوؤں سے بھر آئی تھیں۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا۔ کیا تم میں کوئی ایسا شخص بھی ہے کہ جو آج کی رات عورت کے پاس نہ گیا ہو۔ اس پر ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں ہوں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پھر قبر میں تم اترو۔ چنانچہ وہ ان کی قبر میں اترے۔
٭ قبر میں اتارنے کا طریقہ یہ ہے کہ میت کو پیر کی جانب سے اتارے اور اتارتے وقت کہے " بسم الله وعلى ملة رسول الله صلى الله عليه وسلم"۔
٭ قبرمیں اتارکر میت کو دائیں پہلو پر لٹاکر اس کا چہرہ قبلہ رخ کردیا جائے اور بند کھول دئے جائیں مگر چہرہ نہ کھولا جائے ۔
٭ اب گڑھا بند کرنے کے لئے پہلے کچی اینٹیں ، لکڑی ، بانس ، تخت وغیرہ کا استعمال کیا جائے تاکہ اس کے اوپر سے جب قبر پرمٹی ڈالی جائے تووہ قبر کے اندر نہ گرے ۔
٭ پھر جنازے میں شریک لوگ اپنی لپوں سے دوتین لپیں مٹی قبر پر ڈال دیں اور آخر میں گورکن قبر کو زمین کے برابر یا ایک بالشت کے قریب کوہان نما اونچا کرے اور اس پر پانی جھڑک دے ۔
٭مٹی دیتے وقت "مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ وَفِيهَا نُعِيدُكُمْ وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً أُخْرَى" پڑهنا حدیث سے ثابت نہیں ہے، ایک حدیث اس قبیل سے آئی ہے مگر اسے البانی صاحب نے سخت ضعیف قرار دیا ہے۔
لمَّا وُضِعت أمُّ كلثومٍ بنتُ رسولِ اللَّهِ صلَّى اللهُ علَيهِ وسلَّمَ في القبرِ قالَ رسولُ اللَّهِ صلَّى اللهُ علَيهِ وسلَّمَ : مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ وَفِيهَا نُعِيدُكُمْ وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً أُخْرَى(أحكام الجنائز:194)
ترجمہ: جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی ام کلثوم قبرمیں اتاری گئیں تو آپ نے یہ آیت پڑھی: مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ وَفِيهَا نُعِيدُكُمْ وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً أُخْرَى"(ہم نے اسی مٹی سے تم کو پیدا کیا، اسی میں ہم تم کو لوٹائیں گے اور اسی سے دوبارہ زندہ کرکے اٹھائیں گے)۔
٭ میت کو فائدہ پہنچانے کے لئے قبر میں کچھ رکھنا بدعت ہے خواہ تعویذ، چادر، پیر و مرشد کا کپڑا وغیرہ اسی طرح قبر کے اوپر ثواب کی نیت سے پھول مالا ، ٹہنی رکھنا بھی بدعت ہے۔ نیز قبروں کو ایک ہاتھ سے زیادہ اونچا کرنا، اس پر چراغاں کرنا ، چونا گاڑھا کرنا، پختہ کروانا ، کتبے لگانا جائز نہیں ہے البتہ پتھر سے نشان رد کرسکتے ہیں ۔
(32)دفن کے بعد قبر پر پانی جھڑکنا:
میت کی تدفین کے بعد قبر پر پانی ڈالنا مستحب ہے، اس سلسلے میں متعدد احادیث ملتی ہیں ۔ نبی ﷺ نے سعد بن معاذ رضی اللہ کی قبر پر پانی ڈالا، اپنے بیٹے ابراہیم کی قبر پر بھی پانی چھڑکا۔ اسی طرح عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہا کی قبر پر پانی چھڑکنے کا حکم دیا۔ بلال بن رباح نے نبی ﷺ کی قبر پہ پانی چھڑکا تھا۔ اس قسم کی روایات ملتی ہیں ۔ ان ساری روایتوں کو علامہ البانی رحمہ اللہ نے ضعیف قرار دیا تھا ،بعد میں ایک صحیح روایت ملی توشیخ نے کہا:
في رش القبر أحاديث كثيرة ، ولكنها معلولة - كما بينت ذلك في "الإرواء" (3/205 - 206) . ثم وجدت في "أوسط الطبراني" حديثاً بإسناد قوي في رشه صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لقبر ابنه إبراهيم ، فخرجته في "الصحيحة" (3045) " انتهى من " سلسلة الأحاديث الضعيفة " (13/994) .
ترجمہ: قبر پر پانی چھڑکنے سے متعلق بہت احادیث ملتی ہیں مگر کوئی بھی علت سے خالی نہیں جیساکہ میں نے ارواء الغلیل میں بیان کیا ہے ۔ پھر میں نے طبرانی اوسط میں ایک حدیث پائی جو قوی سند سے ہے ،وہ ہے نبی ﷺ نے اپنے بیٹے ابراہیم کی قبر پر پانی چھڑکا تھا۔ تو میں نے اس حدیث کی تخریج سلسلہ صحیحہ میں کی ۔ (حوالہ : سلسلہ ضعیفہ :13/994)
طبرانی اوسط کی روایت یہ ہے :
وعن عائشة أن النبي صلى الله عليه وسلم رش على قبر ابنه إبراهيم‏.‏(رواه الطبراني في الأوسط)
ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے اپنے بیٹے ابراہیم کی قبر پر پانی چھڑکا۔
اسے طبرانی نے اوسط میں روایت کیا ہے۔
اس روایت کے متعلق ہیثمی نے کہا کہ اس کے سارے رجال صحیحین کے ہیں سوائے شیخ طبرانی کے ۔
اس لئے یہ کہا جائے گا کہ قبر پر پانی چھڑکنا مستحب و مسنون ہے، اس جانب بہت سے اہل علم بھی گئے ہیں ان میں شیخ ابن باز اور شیخ ابن عثیمین رحمہما اللہ بھی ہیں ۔
قبر پر پانی چھڑکنے سے متعلق چند باتیں دھیان میں رکھنا ضرروی ہیں ۔
(ا) قبر پر پانی چھڑکنا دفن کے فوراً بعد ہو تاکہ پانی چھڑکنے کے جو فوائد ہیں وہ حاصل ہوسکیں ۔ پانی چھڑکنے کے چند فوائد یہ ہیں ۔
٭ دھول مٹی بیٹھ جائے ۔
٭ ہوا کے جھونکھوں سے قبر کی حفاظت ہو۔
٭ میت سے آنے والی بدبو کو روک سکے کیونکہ ہوسکتا ہے کسی درندہ کو یہ محسوس ہو اور وہ میت کو چیرپھاڑ کرے۔
(ب) دفن کے بعد پانی ڈالنا ضروری نہیں بلکہ مستحب ہے ، نہ ڈالے تو کوئی حرج نہیں ۔
(ج) بعض لوگ ہر زیارت کے وقت قبر پہ پانی ڈالتے ہیں یہ بدعت ہے ۔
(د) بعض لوگ پانی کے ساتھ قبر کی لپائی پوتائی کرتے ہیں ، اس پر پھول چڑھاتے ہیں ، اگربتی جلاتے ہیں ، ٹہنیاں گاڑتے ہیں ، یہ سارے ناجائز اعمال ہیں ۔ ان سے بچیں۔
(ر) کچھ لوگ پانی کے ساتھ قبر پرپرندوں کے لئے دانہ ڈالتے ہیں ، ممکن ہو اس عمل سے میت کو صدقہ کا ثواب پہنچانے کی نیت ہو یہ بھی مردود عمل ہے ۔
(ش) بعض لوگ خاص مواقع پر پانی ڈالتے ہیں مثلا عاشوراء،ربیع الاول ، رجب اور پندرہویں شعبان وغیرہ پہ ایسا کرتے ہیں سو یہ بھی بدعت ہے کیونکہ پانی ڈالنے کا کوئی وقت متعین نہیں ہے ۔
(ص) اگر مٹی دھنس جائے اور لاش نظر آنے یا اس کی اہانت کا اندیشہ ہو تو بعد میں بھی مٹی ڈال کر پانی چھڑکا جاسکتا ہے ۔
(ط) بدعتیوں میں یہ عقیدہ پایا جاتا ہے کہ قبر پر پانی چھڑکنے سے میت کو فائدہ پہنچتا ہے یا اس کو ٹھنڈک ملتی ہے ۔ یہ سراسر باطل عقیدہ ہے ،اس عقیدہ سے مسلمان توبہ کرے ۔
(33) جنازہ اور دفن میں شریک ہونے کا اجر:
جنازہ میں شرکت کا بہت اجر ہے ، نبی ﷺ کا فرمان ہے : من صلَّى على جنازةٍ فلَهُ قيراطٌ ومنِ انتظرَ حتَّى يُفرَغَ منْها فلَهُ قيراطانِ قالوا وما القيراطانِ قالَ مِثلُ الجبَلينِ(صحيح ابن ماجه:1259)
ترجمہ: جس نے جنازے کی نماز پڑھی اس کے لیے ایک قیراط ثواب ہے اور جس نے انتظار کیا حتی کہ اس (کے دفن )سے فراغت ہو جائے ، اس کے لیے دو قیراط ثواب ہے۔صحابہ نے کہا: دو قیراط کیسے ہوتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:دو پہاڑوں‌کے برابر۔
اس حدیث پر علماء نے بحث کرتے ہوئے یہ لکھا ہے کہ قیراط کا ثواب صرف اسی کو ہے جو جنازے کی نماز میں شرکت کرے اور اگر تدفین تک باقی رہتا ہے تو دو قیراط کا ثواب ملے گا۔ بعض روایات سے پتہ چلتا ہے کہ فقط جنازہ کے ساتھ چلے تو بھی ثواب کا مستحق ہے ۔
اگر کوئی آدمی اس وقت قبرستان آیا جب جنازے کی نماز ہوچکی تھی تو وہ تدفین میں شریک ہوسکتا ہے ، اسی طرح کوئی آدمی قبرستان کے راستے سے گذر رہا تھا ، اور وہاں جنازہ دفناتے ہوئے دیکھا تو اسے بھی چاہئے کہ تدفین میں شریک ہوجائے ۔ جہاں تک قیراط کا ثواب ہے تو احادیث کی روشنی میں وہ قیراط کا مستحق نہیں لیکن اپنی نیت کے حساب سے اجر کا مستحق ہے ۔
(34) میت کے لئے دعاکے مقامات و آداب :
میت کے حق میں ہمیشہ دعا کرنا مشروع ہے مگر دعا کے لئے اپنی طرف سے کوئی مخصوص وقت یا مخصوص طریقہ متعین کرنا دین میں نئی ایجاد ہے ۔ چند اوقات جن میں میت کے لئے دعا کرنا نبی ﷺ سے ثابت ہیں انہیں یہاں بیان کیا جاتا ہے تاکہ لوگ میت کو دعا دینے کے لئے سنت کو لازم پکڑیں اور بدعت سے باز رہیں ۔
اولا : جب کسی کی وفات ہوجائے تو اس کے گھر والے میت کے حق میں خیر و بھلائی اور مغفرت کی دعا کریں کیونکہ وہاں موجود فرشتے اہل خانہ کی خیروبھلائی پہ آمین کہتے ہیں ۔
ثانیا: نماز جنازہ میں میت کے لئے دعاواستغفار کیا جائے اورنبی ﷺ سے اس بابت کئی دعائیں منقول ہیں ۔
ثالثا: دفن کرنے کے بعد لوگ میت کی قبر پر کھڑے ہوں اور اس کی مغفرت اور ثابت قدمی کے لئے دعا کریں کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا حکم ديا ہے۔
وفات سے لیکر میت کو قبرستان میں دفن کردینے تک تین مقامات پر میت کے لئے رسول اللہ ﷺ سے اس کے لئے دعائیں کرنا اور اپنی امت کو تعلیم دینا ثابت ہے ۔
وفات سے لیکر دفن تک ان تین مقامات کے علاوہ بھی میت کے لئے جس قدر چاہیں دعا کرسکتے ہیں مگر وقت متعین کرنا مثلا بعض لوگ نماز جنازہ کے فورا بعد دعا کرتے ہیں یا طریقہ متعین کرنا مثلا بعض لوگ میت کے گھروں میں جمع ہوکر اجتماعی دعا کرتے ہیں یہ سب بدعات کی قبیل سے ہیں ۔
میت کے لئے دعا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ہم اس کی عافیت ، بخشش اور بلندی درجات کے لئے قبلہ رخ ہوکر انفرادی طور پراللہ سے دعا کریں، نہ کہ ہم دعاؤں میں میت کا وسیلہ لگائیں اور ان سے حاجات طلب کریں۔
جیساکہ اوپر بیان کیا گیا کہ میت کے لئے ہمیشہ دعا کرنا مشروع ہے مگر اپنی جانب سے کوئی وقت یا طریقہ مخصوص کرنا جائز نہیں ہے اور میت کو فائدہ پہنچانے کے لئے دعا کرنے کے افصل اوقات وہی ہیں جن میں دعائیں قبول ہوتی ہیں مثلا درمیانی رات ، رات کا آخری حصہ، جمعہ کا دن اور سجدہ میں وغیرہ ۔
(35) میت کے اقسام و احکام :
اس عنوان کے تحت میت کی جو قسمیں بنتی ہیں ان کے متعلق مختصر حکم بیان کیا جائے گا تاکہ کم ازکم ایک آدمی کو ان سے متعلق اہم بات معلوم ہوجائے ۔
مقروض کا جنازہ :میت کے ذمہ قرض ہو تو اس کے مال سے سب سے پہلے قرض اتارا جائے ، اگر قرض کی ادائیگی کے لئے میت کا ترکہ نہیں ہو تو مالداروں میں سے کسی کو قرض کی ادائیگی کا ذمہ لینا چاہئے ۔ اگر کسی میت کا قرض ادا کرنے والا کوئی نہ ہو تو بھی اسے نماز جنازہ پڑھ کر دفن کیا جائے گا۔
بے نمازی کا جنازہ:بے نمازی کے حکم میں اہل علم کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے ، اکثر اہل علم اس جانب گئے ہیں کہ بے نمازی کو نہ غسل دیا جائے ، نہ کفن دیا جائے ، نہ نماز جنازہ پڑھی جائے اور نہ ہی مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔ بعض اہل علم اس جانب گئے ہیں کہ اگر وہ نماز کی فرضیت کا قائل تھا اور سستی کی وجہ سے اس کی ادائیگی نہیں کرتا تھا تو مسلمان کی طرح اس کو دفن کیا جائے گا لیکن اس کے جنازہ میں صالح افراد شامل نہ ہوں ۔
خود کشی کرنے والے کا حکم: خود کشی کرنے والا اہل علم کے نزدیک کافر نہیں ہے اس لئے اس کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی البتہ صاحب علم وتقوی لوگوں کی نصیحت کے لئے اس جنازہ میں شریک نہ ہوں تو بہتر ہے ۔ جب خودکشی کرنے والا کافر نہیں ہے تو اس کے لئے دعائے مغفرت کرنا اورتعزیت کرنا جائز ہے۔
فاسق وفاجر کا جنازہ: فاسق وفاجر کو بھی مسلمان کی طرح کفن دفن کیا جائے گا۔
اہل شرک و بدعت کا جنازہ :اگر کوئی شرک اکبر اور بدعت مکفرہ کا مرتکب ہو تو اس کی نمازجنازہ نہیں ہے اور اگر ایسے لوگوں کا جنازہ اٹھایا جائے تو اس میں ہماری شرکت بھی جائز نہیں ۔
کافر کا جنازہ: کافر میت پہ انا للہ واناالیہ راجعون اور فی نار جہنم کہنے میں کوئی حرج نہیں ہے اورکافر کی میت پہ اس کی تعزیت(اسلامی احسان و سلوک کے تئیں) یعنی اس کے اقرباء کو دلاسہ دینا ماسوا استغفار کے جائز ہے لیکن اس کے جنازہ میں شرکت کرنا جائز نہیں ہے ۔
آپ ﷺ ابوطالب کی موت پہ ان کے جنازہ میں شریک نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کی تدفین میں جبکہ ابوطالب نے قدم قدم پہ آپ کی مدد کی تھی ۔
ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ اسلام نے کفار سے موالات کو منع فرمایاہے اور کافر کی میت میں شرکت موالات میں سے ہے ، اس میں کافر کا احترام اور اس سے محبت کا اظہار ہے ۔ جنازہ کے پیچھے چلنا، یہ تو ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پہ حق ہے، اسے کافروں کو کیسے دیا جاسکتاہے ۔
جنبی، حائضہ اور نفساء کا حکم:وہ ناپاکی (حیض ونفاس) جو اللہ کی طرف سے فرض ہے اس میں وفات پانا حیرت یا گناہ کاباعث نہیں ہے ، مومن معنوی اعتبار سے ہمیشہ پاک ہی رہتا ہے ۔ جنابت سے بھی مومن حقیقی طور پر پاک ہی رہتا ہے ۔حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ اور حضرت حنظلہ رضی اللہ عنہ جب شہید ہوئے تو دونوں جنبی تھے (دیکھیں :طبرانی:3/1489)۔ایک عورت ام کعب کا نبی ﷺ نے جنازہ پڑھایا جو حالت نفاس میں وفات پائی تھی ۔(بخاری : 1331)۔ اور جو یہ کہا جاتا ہے کہ حیض میں مرنے والی عورت شہید ہے سو جھوٹ ہے ۔ 
 ایسے قسم کے میتوں کو اسی طرح وضو اور غسل دیا جائے گا جیسا کہ ایک عام میت کو غسل دیا جاتا ہے یعنی زائد غسل دینے کی ضرورت نہیں ۔
خواجہ سرا کا جنازہ : اگر مخنث مسلمان ہے تو اسے قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔خواجہ سرا کی تین قسمیں ہیں ۔
پہلی قسم : جس میں لڑکی کے آثار ہوں اس پہ لڑکی کا حکم لگے گا اور عورت اسے غسل دے گی ۔
دوسری قسم : جس میں لڑکے کے آثار ہوں اسے مرد غسل دے گا۔
تیسری قسم : مخنث مشکل کی ہے ، اس کے متعلق یہ حکم ہے کہ اگر اس کے محارم ہوں تو اسے غسل دیدے ورنہ کپڑا سمیت کوئی دوسرا غسل دے سکتا ہے ، بعض نے یہ کہا ہے کہ تیمم کرادے۔ اور دفن کا طریقہ بھی مسلمان مرد و عورت کی طرح ہے ۔
جو فطری طور پر مخنث ہوں ان پر کوئی گناہ نہیں ، مگر جو ہجڑا بن جاتے ہیں وہ ملعون ہیں انہیں توبہ کرنا چاہئے ۔
دوران حج فوت ہونے والا: دوران حج وفات پانے والے کو بیری ، پانی اور غیرخوشبو والے صابون سے غسل دیا جائے گااور احرام کے کپڑے میں ہی کفن دیا جائے گا ۔ نہ اس کا بال کاٹاجائے گا، نہ اس کا ناخن کاٹا جائے گا اور نہ ہی اسے خوشبو لگائی جائے گی ۔ محرم کی طرح اس کا سر بھی کھلارہے گا اور کھلے سر، ایک چادر، ایک ازارمیں نماز جنازہ پڑھ کر دفن کردیا جائے گا۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ یہ حاجی ہے ، قیامت میں اسی حالت میں تلبیہ پکارتا ہوا اٹھایا جائے گا۔ ہاں اگر مرنے والی عورت ہو تو اس کا سر وچہرہ سمیت مکمل بدن ڈھانپا جائے گا ۔(اس پہ مفصل ومدلل احکام جاننے کے لئے میرے بلاگ پر تشریف لائیں) ۔
شہید کا جنازہ:شیخ صالح فوزان شہید کے جنازہ کے متعلق فرماتے ہیں کہ شہید کو دوسرے میت کے مقابلے میں خصوصیت حاصل ہے وہ خصوصیت یہ ہے کہ انہیں نہ تو غسل دیا جائے گا ، نہ ہی نماز جنازہ پڑھی جائے گی اور جس کپڑے میں قتل کئے گئے اسی میں دفن کر دئے جائیں گے۔
بچے کا جنازہ :اس میں سب کا اتفاق ہے کہ زندہ پیدا ہوکر مرنے والے بچے کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی ، اسی طرح اس بچے کی بھی نماز ادا کی جائے گی جس نے پیدائش کے وقت آواز نکالی ہو۔اختلاف اس میں ہے کہ جو بچہ مرا ہوا پیدا ہوا اس کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی یا نہیں ؟
اگر بچہ روح پھونکنے کے بعد یعنی چار ماہ کے بعد پیدا ہو تواسے غسل دیا جائے گا، اس کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی اور اسے قبر میں دفن بھی کیا جائے گا چاہے مرا ہوا پیدا ہو لیکن جوحمل ( بچہ ) چار ماہ سے پہلے گر جائے تو اسے نہ غسل دیا جائے گا اور نہ ہی اس کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی بلکہ اسے کسی کپڑے میں لپیٹ کر دفن کردیا جائے گا کیونکہ اس میں روح ہی نہیں ۔
سمندر میں مرنے والا:اگر سمندر ی جہاز میں کسی کی موت ہوجائے تو اس کے رقفاء کوشش کریں ساحل تک پہنچنے کی تاکہ زمین میں دفن کرسکے ، اگر یہ ممکن نہ ہوتو کسی جزیرہ کی تلاش کرے جہاں دفن کرسکے ۔ اگر کوئی جزیرہ بھی نہ ملے اور ساحل سمندر بہت دور ہو میت میں تعفن پیدا ہونے کا اندیشہ ہو تو اس میت کو غسل دے ، اس کو کفن پہنائے اور پھر جہاز میں سوار لوگ اس کی نماز جنازہ پڑھیں اور کسی بھاری پتھر سے میت کو باندھ دیں اور سمندر میں ڈال دیں اسی میں میت کی حفاظت ہے ۔ویسے آج کل بحری جہاز میں برف اور فرج کا انتظام ہوتا ہے اس صورت میں بہتر ہے کہ میت کو برف میں محفوظ کرکے ساحل تک پہنچاجائے اور قبر کھود کر اس میں دفن کیا جائے ۔
قصاص میں قتل ہونے والا: قصاصا قتل ہونے والا آدمی مسلم ہے اور اس پر جاری ہونے والی حد اس کے گناہ کا کفارہ ہے اس لئے جسے خواہ زنا یا قتل کے بدلے قتل کیا جائے ایسے مقتول کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی البتہ اگرمقتول مرتد، جادوگر ، کاہن، یہودیہ،نصرانیہ اورشاتم رسول وغیرہ ہو تو اسے کپڑا میں لپیٹ کر کسی گڑھا میں دفن کردیا جائے گا جس طرح کافر میت کا حکم ہے ۔
حاملہ میت کا حکم :پہلی بات تو یہ سمجھ لیں کہ حالت حمل(حلال حمل) میں عورت کی وفات درجہ شہادت کے بلند مقام میں ہے ۔ دوسری بات یہ ہے کہ اگر عورت مرجائے اور اس کے پیٹ میں غیر متحرک یعنی مردہ بچہ ہو تو بلااختلاف عورت کو مردہ بچہ سمیت دفن کیا جائے گا لیکن تیسری بات میں اختلاف ہے کہ اگر بچہ زندہ ہو یعنی پیٹ میں حرکت کر رہاہوتو کیا بچے کو ماں سمیت دفن کردیا جائے گا یا بچہ باہر نکالاجائے گا؟
اس سلسلے میں میرے نزدیک راحج بات ابن حزم کا قول ہے کہ اگر حاملہ عورت مر جائے اور بچہ پیٹ میں حرکت کر رہاہو اور حمل چھ مہینے کا ہوگیا ہو تو لمبائی میں ماں کا پیٹ چاک کیا جائے گا اور بچے کو نکالا جائے گا۔
نامعلوم لاش کا حکم: آج کے ترقی یافتہ دور میں بڑی سہولت ہوگئی ہے ، اگر کسی انجان جگہ پر لاوارث لاش ملے اور ظاہری آثار و علامات سے مسلم وغیر مسلم ہونے کا پتہ نہ چلے تو ترقی یافتہ دور کی طبی سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ آج لاشوں کی تحقیق وپوسٹ مارٹم کی جدید ترین ایجادات مثلا ڈی این اے ٹسٹ، فنگر پرنٹس، باڈی اسکین، بلڈ گروپ ٹسٹ وغیرہ سے بآسانی معاملہ حل کرسکتے ہیں ۔
کٹی ہوئی لاش کا حکم :سڑی گلی، کٹی پٹی اور جلی ہوئی لاشوں میں اہم مسئلہ غسل کا ہے جسے میت کے غسل کے احکام کی جگہ بیان کر دیا گیا ہے۔ 
(36)شہداء کا مقام اور ان کے اقسام :
اسلام میں جہاد، شہادت اور شہید کا بلند مقام ہے ، شہداء کو انبیاء اور صدیقین کے بعد تیسرے درجہ پر رکھا گیا ہے جیساکہ اللہ کا فرمان ہے :
وَمَن يُطِعِ اللَّهَ وَالرَّسُولَ فَأُولَٰئِكَ مَعَ الَّذِينَ أَنْعَمَ اللَّهُ عَلَيْهِم مِّنَ النَّبِيِّينَ وَالصِّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّالِحِينَ ۚ وَحَسُنَ أُولَٰئِكَ رَفِيقًا (النساء:69)
ترجمہ: اور جو بھی اللہ تعالٰی کی اور رسول ﷺ کی فرمانبرداری کرے وہ ان لوگوں کے ساتھ ہوگا جن پر اللہ تعالٰی نے انعام کیاہے ، جیسے نبی اور صدیق اور شہید اور نیک لوگ یہ بہترین رفیق ہیں ۔
قرآن وحدیث میں شہداء کے بے شمار فضائل ومناقب ،بڑے اجروثواب اور بلند درجات کا ذکر کیا گیا ہے جن کا یہاں احاطہ ممکن نہیں ہے ۔ ویسے سارے مرنے والوں کو برزخ کی زندگی ملتی ہے مگر اللہ نے خصوصی طورپر شہداء کی  برزخی زندگی  کا ذکر کیا ہے ، ان سے گناہوں کی مغفرت کا وعدہ کیا گیا،قرض کے علاوہ سارے گناہ معاف ہوجاتے ہیں، انہیں جنت کی بشارت دی گئی، ان کی روحیں قندیل میں عرش الہی سے آویزاں ہیں اور سبزپرندوں کے جوف میں سواری کرتی ہیں اور جنت میں سیروتفریح کرتی ہیں ۔شہید کی یہ بھی خصوصیت ہے کہ انہیں ان کے کپڑوں میں خون سمیت بغیر غسل وجنازہ کے دفن کیا جاتا ہے تاکہ قیامت میں انہیں کپڑوں میں اٹھائے جائیں ۔شہداء جب اپنا یہ مقام دیکھتے ہیں تو پھر سے دنیا میں لوٹنے اور شہید ہونے کی تمنا کرتے ہیں ۔ یہ وہ شہداء ہیں جو اسلام وکفر کی کسی لڑائی میں شہید ہوئے ہوں ۔ شہداء کااتنا بڑا مقام ہونے کے باوجود ان سے ہم استغاثہ نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ وہ دنیا سے وفات پاچکے ہیں جو زندگی انہیں نصیب ہوئی ہے وہ برزخ کی زندگی ہے ۔ جب شہداء کو حاجت روائی کے لئے نہیں پکار سکتے تو صالحین واولیاء کو بھی بدرجہ اولی نہیں پکار سکتے بلکہ اللہ کے علاوہ کسی کو بھی مدد کے واسطے  پکارنا منع ہے ، اللہ نے حکم دیا ہے کہ ہم صرف اسی کو ہی پکاریں اور وفات پانے والےتو ہماری پکار بھی نہیں سن سکتے مدد کرنا تو بہت دور کی بات ہے۔
شہداء کی ایک دوسری قسم بھی ہے جو کچھ مخصوص اعمال اور مخصوص حالات کی وجہ سے شہید کا مقام پاتے ہیں ، ان کی تعداد بھی کئی ہیں ۔ سات قسم کے شہداء کا اکٹھے ایک حدیث میں بیان ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
الشَّهادةُ سبعٌ سوى القتلِ في سبيلِ اللَّهِ المطعونُ شهيدٌ والغرِقُ شهيدٌ وصاحبُ ذاتِ الجنبِ شهيدٌ والمبطونُ شهيدٌ وصاحبُ الحريقِ شهيدٌ والَّذي يموتُ تحتَ الهدمِ شهيدٌ والمرأةُ تموتُ بِجُمعٍ شهيدةٌ(صحيح أبي داود:3111)
ترجمہ: اللہ کی راہ میں قتل ہونے والوں کے عِلاوہ سات شہید ہیں (1) مطعون شہید ہے(2) اور ڈوبنے والا شہید ہے(3)ذات الجنب کی بیماری سے مرنے والا شہید ہے اور (4)اورپیٹ کی بیماری سے مرنے والا ، اور(5) جل کر مرنے والا شہید ہے، اور (6)ملبے کے نیچے دب کر مرنے والا شہید ہے ، اور (7)اور وہ عورت جو ولادت کی تکلیف ( درد زہ ) میں وفات پا جائے شہید ہے ۔
یہ فطری طور پر ملنے والی شہادتیں ہیں ، کچھ شہادتیں مبارک اعمال کی انجام دہی کی وجہ سےہمیں نصیب سکتی ہیں جن کا ہمیں خصوصی اہتمام کرنا چاہئے ۔ان میں سے ہے شہادت کی تمنا کرنا، والدین کی خدمت کرنا،بیوہ اور مسکین کی خدمت کرنا، اول وقت پر نماز پڑھنا، عشرہ ذی الحجہ میں اعمال صالحہ انجام دینا، عورتوں کا حج کرنا، اپنی نفسانی خواہشات سے جہاد کرنا، ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا، اپنے مال، عزت اور دین کی حفاظت کرتے ہوئے قتل ہونا، فتنے کے زمانے میں دین حق پر عمل کرنا، نماز کے بعد تسبیح فاطمی پڑھنا، اللہ کا ذکر کرنا، سو بار اللہ اکبر، سوبار الحمد للہ اور سوبار سبحان اللہ کہنا، اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرناوغیرہ ۔ انہیں تفصیل سے جاننے کے لئے میرے بلاگ پر مضمون " کیا عورتوں کو جہاد کے اجر سے محروم کیا گیا ہے؟" مطالعہ فرمائیں ۔
(37)حسن خاتمہ کی علامت واسباب :
موت سے قبل اچھی حالت میں وفات پانا یا زبان پر کلمہ کا جاری ہونا حسن خاتمہ کی علامت ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے : الأعمالُ بالخَوَاتِيمِ ( صحيح البخاري:6607) یعنی عمل کا دارومدار خاتمہ پر ہے ۔ اور یہ بھی فرمان نبوی ہے : من كانَ آخرُ كلامِهِ لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ دَخلَ الجنَّةَ(صحيح أبي داود:3116)ترجمہ: جس کی زبان سے آخری کلمہ لاالہ الااللہ نکلے وہ جنت میں داخل ہوگا۔
 اس لئے مسلمان کو بری موت سے اللہ کی پناہ اور حسن خاتمہ کی اللہ سے ہمیشہ دعا کرتے رہنا چاہئے اور عمل ترک کرکے صرف دعا سے موت کے وقت کلمہ نصیب نہیں ہوگا بلکہ ہمیں کلمے کا تقاضہ پورا کرنا ہوگا یعنی اللہ اور اس کے رسول کے فرمان کے مطابق زندگی گزارنی ہوگی۔ حسن خاتمہ کی کچھ علامتیں ہیں جنہیں نیچے ذکر کیا جاتا ہے ۔
شہادت کی موت تو سب سے اچھا خاتمہ ہے جس کا ذکر اقسام کے ساتھ اوپر ہواہے وہ ساری قسمیں اچھی موت ہیں، ان کے علاوہ مرتے وقت زبان سے کلمہ ادا ہونا، پیشانی سے پیسہ نکلنا، مومن کی اچانک موت ہونا ،جمعہ کی رات یا دن میں وفات پانااور کسی بھی قسم کا نیک کام کرتے ہوئے وفات پانا مثلا نمازپڑھتے ہوئے ، روزہ رکھتے ہوئے ، تلاوت کرتے ہوئے ، ذکر کرتے ہوئے ، دعا کرتے ہوئے اور توبہ واستغفار کرتے ہوئے وغیرہ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے : إذا أرادَ اللهُ بعبدٍ خيرًا استعملَه ، فقيل : كيف يستعملُه يا رسولَ اللهِ ؟ قال : يوفِّقُه لعمَلٍ صالحٍ قبلَ الموتِ(صحيح الترمذي:2142)
ترجمہ: جب اللہ تعالیٰ کسی بندے کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کرتا ہے تو اسے کام پر لگاتا ہے،عرض کیا گیا: اللہ کے رسول! کیسے کام پر لگاتا ہے؟ آپ نے فرمایا:موت سے پہلے اسے عمل صالح کی توفیق دیتا ہے۔
اس لئے ہم اعمال صالحہ کے ذریعہ اللہ کا پسندیدہ بندہ بنیں تاکہ موت کے وقت وہ ہمیں عمل صالح کی توفیق دے ۔ بعض اہل علم نے لکھا ہے کہ موت کے وقت نیک لوگوں کے چہرے پہ تبسم و نورانیت بھی حسن خاتمہ کی علامت ہے۔ یاد رہے وفات کے بعد یا دفن کے بعد میت کی طرف جھوٹے  کشف وکرامات منسوب کرنا اور ان کی تشہیر کرکے اپنی تجارتی دوکان سجانا سخت عذاب کا باعث ہے ۔
(38)موت کے وقت ظاہر ہونے والی بری علامات:
ایک مسلمان کو بری موت سے بکثرت پناہ مانگنی چاہئے ،مرتے وقت جس کا خاتمہ شر پر ہو واقعی اس کے لئے افسوس در افسوس ہے ۔ بری موت کی وجہ دین سے دوری، اعمال صالحہ سے نفرت ، برائی سے محبت اوراس پر اصرار ، ذکر الہی سے غفلت اور منکرات وفواحش کی انجام دہی، عقائد باطلہ ، شرک وبدعات پر عمل اور ان کی نشر واشاعت، آخرت سے بے فکری اور دنیا سے بیحد محبت وغیرہ  ہے۔ ایسی صفات کے لوگوں کو مرتےوقت کبھی کلمہ نصیب نہیں ہوتابلکہ برائی کرتے ہوئے ان کی موت واقع ہوتی ہے مثلا فلم دیکھتے ہوئے، زنا کرتے ہوئے، شراب پیتے ہوئے ، جوا کھیلتے ہوئے، خودکشی کرکے،شرک وبدعت کرتے ہوئے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے : مَنْ ماتَ على شيءٍ بَعثَهُ اللهُ عليْهِ(صحيح الجامع:6543)
ترجمہ: جس حالت میں آدمی فوت ہوگا،اسی پر اسے قیامت کے دن اٹھایا جائے گا۔
آپ ذرا تصور کریں جس کی موت زنا کرتے ہوئے ہواور قیامت میں وہ زناکرتے ہوئے اٹھایا جائے وہ شخص رب کو کیا منہ دکھائے گا اور اس کا حساب وکتاب کیسا ہوگا؟
بسا اوقات اچھے لوگوں کی موت پر ہمیں کچھ ایسی علامات نظر آتی ہیں جنہیں ہم ناپسند کرتے ہیں مثلا چہرہ یا بدن کا سیاہ ہوجانا تو اس قسم کی کوئی علامت کے ظہور پرپردہ کرنا چاہئے بطور خاص میت کو غسل دینے والے اگراس میں کوئی بری علامت دیکھے تو لوگوں سے اسے بیان نہ کرے ۔ حقیقت حال کا اللہ کو علم ہے ہمیں کسی مسلمان میت کی برائی کرنے سے منع کیا گیا ہے ۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں:
ذُكرَ عندَ النَّبيِّ صلى الله عليه وسلم هالِكٌ بسوءٍ فقالَ : لاَ تذْكروا هلْكاكم إلاَّ بخيرٍ(صحيح النسائي:1934)
ترجمہ: نبی کریم ﷺ کے سامنے کسی مرنے والے کا ذکر برائی کے ساتھ کیا گیا تو آپ نے فرمایا: اپنے فوت شدگان کا ذکر بھلائی کے سوا(برائی کے ساتھ ) نہ کرو۔
(39)سوگ اور عدت کے مسائل:
سوگ اور عدت یہ دونوں عورتوں سے متعلق ہیں ، مردوں کے لئے سوگ نہیں ہے ۔ جب کسی عورت کا کوئی رشتہ دار وفات پاجائے تو تین دن سوگ منانا جائز ہے اور شوہر کی وفات پر چار مہینے دس دن سوگ منانا واجب ہے۔ نبی ﷺکا فرمان ہے : لا يحلُّ لامرأةٍ تؤمنُ باللهِ واليومِ الآخرِ أنْ تحدَّ على ميِّتٍ فوقَ ثلاثِ ليالٍ ، إلَّا على زوجٍ أربعةَ أشهُرٍ وعشرًا (صحيح البخاري:5334)
ترجمہ: کسی عورت کے لیے جو اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتی ہو یہ جائز نہیں کہ کسی میت پر تین دن سے زیادہ سوگ منائے ، صرف شوہر کے لیے چار مہینے دس دن کا سوگ ہے ۔
سوگ منانے کا اسلامی طریقہ کیا ہے ؟ سوگ میں زینت اور بناؤسنگار کی چیزیں استعمال کرنا منع ہیں۔ خوشبو اور سرمہ سے بھی پرہیزکرنا ہے۔بیوہ عدت کے دوران رنگین وچمکدار کپڑے،ریشمی اور زعفرانی لباس،زینت کی چیزیں مثلا کان کی بالی، نان کا نگ، ،پازیب، کنگن، ہار،انگوٹھی، چوڑیاں، کریم ، پاؤڈر، خوشبودارتیل ، عطر، سرمہ ، مہندی وغیرہ استعمال نہیں کرے گی ۔حیض سے پاکی پر معمولی مقدار میں بخور وغیرہ استعمال کرسکتی ہےاور دوا کے طور پرسرمہ بھی استعمال کرسکتی ہے مگر صرف رات میں ۔ خلاصہ یہ ہے کہ سوگ میں عورت پر غم کے آثار ظاہر ہوں اس وجہ سے زینت کی چیزیں استعمال کرنا منع ہے۔ سفید کپڑا ہی بیوہ کی علامت نہیں ہے کوئی بھی عام سادہ کپڑا جو خوبصورت نہ ہو پہن سکتی ہے اور ضرورت کی چیزیں انجام دینے مثلا کھانا پکانا، پانی بھرنے، جھاڑو دینے، غسل کرنے، کپڑا صاف کرنے ، بات چیت کرنے اور گھریلو امور انجام دینے میں کوئی حرج نہیں ہے یہاں تک کہ اگر کوئی ملازمت ہواور چھٹی کی کوئی گنجائش نہ ہو توبناؤسنگار سے بچتے ہوئے ملازمت بھی کرسکتی ہےکیونکہ یہ ضرورت میں داخل ہے۔ بلاضرورت بات چیت، ہنسی مذاق، گھر سے نکل کر کام کرنا (الایہ کہ اشد ضرورت ہو)، ٹیلی ویزن ،ریڈیو ، اخبار اور موبائل کا بلاضرورت استعمال کرنا یعنی وقت گزاری کے لئے منع ہے ۔ خالی وقت میں قرآن کی تلاوت، ذکرواذکار، دعاواستغفاراورکتب احادیث وسیر کا مطالعہ بہتر ہے ۔
وفات پر یا نزول بلا پر آنکھوں سے آنسو بہ جائے ، بے اختیار رونا آجائے اس میں کوئی حرج نہیں ہے مگر قصدا پھوٹ پھوٹ کر دیر تک روتے رہنے ،آہ وبکا کرتے رہنے، جزع فزع کرنے ، زبان سے برے کلمے نکالنے اور نامناسب کام کرنا سوگ کے منافی ہے اور اس سے صبر کا اجر ضائع ہوجائے گا۔میت کی بیوہ یا ا س کے کسی رشتہ دار کو میت کے پاس جزع فزع کرنے کی ممانعت ہے ، وہاں چیخنے چلانے کی بجائے میت کے حق میں دعائے خیر کرنا چاہئے ۔ ابوسلمہ رضی اللہ عنہ کی وفات کے وقت ان کے گھر والے چیخنے چلانے لگے تو آپ ﷺنے فرمایا:
لا تَدعوا علَى أنفسِكُم إلَّا بِخيرٍ ، فإنَّ الملائِكَةَ يؤمِّنونَ على ما تَقولون ثمَّ قالَ : اللَّهمَّ اغفِر لأبي سلَمةَ وارفع درجتَهُ في المَهْديِّينَ ، واخلُفهُ في عقبِهِ في الغابِرينَ ، واغفِر لَنا ولَهُ ربَّ العالمينَ ، اللَّهمَّ افسِح لَهُ في قبرِهِ ، ونوِّر لَهُ فيهِ(صحيح أبي داود:3118)
ترجمہ: اپنے لیے بد دعائیں مت کرو بلکہ اچھے بول بولو کیونکہ جو تم کہتے ہو اس پر فرشتے آمین کہتے ہیں ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ( بطور دعا ) فرمایا: اے اللہ ! ابوسلمہ کی بخشش فرما، ہدایت یافتہ لوگوں کے ساتھ اس کے درجات بلند کر اور اس کے پیچھے رہ جانے والوں میں تو ہی اس کا خلیفہ بن ۔ اور اے رب العلمین ! ہماری اور اس کی مغفرت فرما، اے اللہ ! اس کی قبر کو فراخ اور روشن کر دے ۔
مزید چند مسائل مندرجہ ذیل ہیں ۔
بیوہ کو عدت کے طور پر چار مہینے اور دس دن گزارنے جوسوگ کے دن  ہیں ،حاملہ کی عدت وضع حمل ہے، عدت کی شروعا ت اس دن سے ہوگی جب شوہر کی وفات ہوئی ہےگرچہ بیوہ کو خبر بعد میں ہوئی ہو، عدت شوہرکے گھر میں گزارے گی، عدت کے دوران بلاضرورت سفر کرنا منع ہے، دوران عدت سوگ کے مذکورہ احکام اپنانے ہیں ،اس میں نکاح کرنا یا نکاح کا پیغام دینا منع ہے بلکہ عدت کے گزرنے کے بعد ہی دوسرے مرد سے شادی کرسکتی ہے ۔ بیوہ کے احکام ومسائل سے متعلق مفصل ومدلل مضمون میرے بلاگ پر دیکھیں ۔
(40)تعزیت کے آداب :
جو اہل شرک اور کافر ہیں انہیں صرف دلاسہ دے سکتے ہیں ،ان کےمیت کے لئے استفغار نہیں کرسکتے ہیں اور مسلمانوں کی تعزیت کرنا مسنون اوربڑے اجر کا کام ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
ما من مؤمنٍ يعزِّي أخاهُ بِمُصيبةٍ إلَّا كساهُ اللَّهُ سبحانَهُ من حُلَلِ الكرامةِ يومَ القيامَةِ(صحيح ابن ماجه:1311)
ترجمہ: جو مومن اپنے بھائی کی مصیبت کے وقت اس کی تعزیت کرتا ہے ، اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن عزت وشرف کا لباس پہنائیں گے۔
میت کے رشتہ داروں کا غم ہلکا کرنے کے لئے انہیں تسلی دینا، صبر دلانا، اظہارہمدردی کرنا ، تعاون کی ضرورت ہوتو ان کا تعاون کرنااور میت کے لئے دعاءواستغفار کرنا تعزیت کہلاتی ہے۔ تعزیت کے طور پریہ دعا رسول اللہ ﷺ سے منقول ہے:إنَّ لله ما أخذَ وله ما أعطى . وكلُّ شيء ٍعنده بأجلٍ مسمى(صحيح مسلم:923)
ترجمہ: لی ہوئی چیز بھی اسی کی ہے اور دی ہوئی چیز بھی اسی کی تھی اور ہر چیز اس ذات کے پاس وقت مقررہ کے مطابق لکھی ہوئی ہے۔
سوگ کے دن متعین ہیں جیساکہ اوپر معلوم ہوا مگر تعزیت کے واسطے زیارت کرنے کادن مدت متعین نہیں ہے جب کسی کے یہاں وفات کی خبر ملے اس کی تعزیت کرسکتا ہے خواہ تین دن بعد ہی ہو مگر تعزیت کے لئے خیمہ نصب کرنا، کسی جگہ لوگوں کا جمع ہونا، رسمین انجام دینا ،اجتماعی شکل میں دعوت کا اہتمام کرنا ، اجتماعی دعائیں، دعا میں ہاتھ اٹھانا، باربار تعزیت کے لئے جانا یہ سب امور ثابت نہیں ہیں لہذا ان سے بچا جائے  ۔ جریر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:
كنَّا نرى الاجتماعَ إلى أَهلِ الميِّتِ وصنعةَ الطَّعامِ منَ النِّياحة(صحيح ابن ماجه:1318)
ترجمہ: ہم اہل میت کیلئے اکٹھا ہونا ، اور دفن کرنے کے بعد کھانا بنانا نوحہ گری میں شمار کرتے تھے۔

(41)وصیت کا نفاذ اور ترکہ کی تقسیم :
میت کی تدفین کے بعد انہوں نے حقوق العباد یا دین وخدمت سے متعلق جو وصیت کی ہو اس کا نفاذ عمل میں لایا جائے ۔ قرض سے متعلق وصیت کا نفاذ تو میت کی تدفین سے قبل ہی ہونا ہے بقیہ وصیتیں تدفین کے بعد جس قدر جلدی ہو سکے نافذ کردینا چاہئے الا یہ کہ اس میں تاخیر کی وجہ اورمعقول گنجائش ہو۔ کسی وارث کے لئے جائز نہیں ہے کہ میت کی مالی وصیت ترک کرکے اپنے لئے مال جمع کرے اور نہ ہی بلاوجہ تاخیر کرے ۔ وصیت کے علاوہ بچنے والے مال کو میت کے وارثین میں منصفانہ تقسیم کرے ۔وراثت کی تقسیم سے قبل وارثوں کا حصہ جاننے کے لئے علم الفرائض کے عالم سے رجوع کرے اور یہ بات دھیان میں رکھے کہ تاخیر سے وراثت کی تقسیم وارثوں میں اختلاف اور تنازع کا سبب بن سکتی ہے ۔ بسااوقات زوروقوت والا وارث ضعیف وارثوں کا حق مارلیتا ہے یہ بڑا ظلم ہے اللہ کے یہاں اس کا سخت محاسبہ ہوگا۔ وراثت میں بیٹیوں کا حصہ نہیں نکالاجاتا ہے جوان کے حق میں ظلم کے ساتھ وراثت کے باب میں اس زمانے کا بہت بڑا المیہ ہے ۔ مسلمانوں کو بطور خاص علماء وغیرشادی شدہ نوجوانوں کو سماج سے جہیز کی رسم مٹانے اور بیٹیوں کو وراثت میں حق دینے کا کوئی ٹھوس لائحہ عمل منظور کرنا چاہئے تاکہ نکاح اور وراثت میں شرع کی بالادستی قائم ہوسکے۔
(42) میت اور احوال قبر:
میت کی تدفین کے بعد اس کے حالات دنیاوی حالات سے مختلف ہوجاتے ہیں ۔ موت سے قبل اسے دنیاوی زندگی حاصل تھی اب وفات کے بعد برزخ کی زندگی مل رہی ہے۔برزخ موت کے بعد سے لیکرقیامت تک کے درمیانی وقفے کو بولتے ہیں اور برزخ کے معاملہ کو کسی بھی طرح دنیا وی معاملات پر قیاس نہیں کیا جائے گا۔ ویسے بھی عالم برزخ اور قبر کے حالات غیبی امور میں سے ہیں ان میں اٹکل لگانا، بلادلیل کوئی بات کہنا یا رائے وقیاس کرنا بالکل ممنوع ہے۔ میت کی بزرخی زندگی سے متعلق کتاب وسنت میں جتنی دلیل وارد ہے بس اتنی ہی ذکر کی جائے گی ۔ مثلا قبر میں میت کی تدفین کے بعد سوال کے لئے منکرنکیر آتے ہیں ، مومنوں کو سوال کے وقت ثابت قدمی اور کافروں کو رسوئی نصیب ہوتی ہے ۔ مومنوں کو قبرمیں انواع واقسام کی نعمت اور کافروں کو مختلف قسم کاعذاب ملتا ہے، مسلمانوں میں سے گنہگاروں کو بھی عذاب ملتا ہے ۔ میت کے بولنے ، سننے اور جواب دینے کی دلیل ملتی ہے مگر یہ بولنا، سننا اور جواب دینا خاص مواقع سے متعلق ہے اور یہ برزخ کا معاملہ ہے قبر میں بولنے ،سننے اور جواب دینے کو دنیا میں بولنے ،سننے اور جواب دینے پر قیاس نہیں کرسکتے ۔اس لئے ہم مردے کو اپنی بات نہیں سناسکتے اور نہ وہ ہماری پکار کو سنتے اور جواب دیتے ہیں ۔
اس کو ایک مثال سے اس طرح سمجھ لیں کہ جس میت کو دفن نہیں کیا جاتا کئی دنوں یا مہینوں تک اسٹور کرکے رکھا جاتا ہے آخر اس سے بھی منکر نکیر سوال کرتے ہیں اور میت جواب دیتا ہے ۔ کیا کسی نے ایسے بے گوروکفن میت کو بولتے دیکھا ہے ؟۔ قرآن آل فرعون پر صبح وشام آگ کا عذاب پیش کئے جانے کا ذکر ہے ، فرعون کی لاش لوگوں کے سامنے ہے کسی نے آگ نہیں دیکھی اور نہ ہی فرعون کو درد والم سے روتے ہوئے دیکھا ہے۔نیند میں لوگ باتیں کرتے ہیں جبکہ بغل میں جاگنے والا اس آدمی کی آواز نہیں سنتا ۔ اس مثال سے مقصود یہ ہے کہ بزرخ کے معاملہ کو دنیا پر ہرگز ہرگز قیاس نہیں کیا جائے گا۔ اور عذاب جسم وروح دونوں کو ہوتا ہے ۔
جب ہمیں یہ معلوم ہوگیا کہ قبر کا معاملہ غیبی ہے اس کے متعلق ہم اتنا ہی جانتے ہیں جتنا قرآن وحدیث میں بیان کیا گیا ہے اور مردے ہماری پکار نہیں سنتے ،نہ ہی انہیں ہمارے حال کی کوئی خبر ہوتی ہے ۔ لہذا مردوں کو پکارنا جہالت، ان سے مدد مانگنا شرک اور ان کے لئے غیرشرعی امور انجام دینا بدعت وخرافات ہے۔ ہمیں میت کے حق میں زیادہ سے زیادہ استغفار کرنا چاہئے اور ان کی طرف سے ایصال ثواب کے طور پر صدقہ وخیرات بھی کرسکتے ہیں ۔
(43) میت کا خواب میں آنا:
یہ ممکن ہے کہ کوئی شخص کسی جانے پہچانے میت کو خواب میں دیکھے ، اپنے رشتہ داروں کو بھی خواب میں دیکھ سکتا ہے ، کوئی عالم یا بزرگ بھی خواب میں آسکتے ہیں حتی کہ نبی ﷺ کو بھی خواب میں دیکھا جاسکتا ہے ۔ خواب کی نوعیت مختلف ہوسکتی ہے ، کبھی خواب سچا ہوسکتا ہے یعنی میت کی کیفیت واحوال معلوم ہوسکتے ہیں تو کبھی شیطان ڈرانے کی غرض سے میت کى شکل اختیار کرکے خواب میں آسکتا ہے ۔ ڈراؤنی خواب سے اللہ کی پناہ طلب کی جائے اور عمدہ خواب ہوتو اس کے ماہر سے تعبیر معلوم کیا جائے۔
خواب کے نام پر بدعتیوں میں گورکھ دھندے کئے جاتے ہیں ، خوابوں کو اپنے من سے تراش کر لوگوں میں بیان کئے جاتے ہیں کہ میں نے فلاں کو خواب میں دیکھا ، فلاں برزگ خواب میں مجھے یہ پیغام دے رہےتھے ، مدینہ کے شیخ نے خواب میں ایسا دیکھا، فلاں ولی نے مجھے نور کا تاج پہنایا۔ وغیرہ اس وقت تو حد ہوجاتی ہے جب بدعتی اپنی شہرت کے لئےمصنوعی خوابوں کو نبی ﷺ کی طرف منسوب کردیتا ہے ۔الیاس قادری کےیہاں ایسے بے شمار خواب ہیں ۔
قادری صاحب کے یہاں باقاعدہ خواب اور کشف وکرامات کا ایک مستقل شعبہ ہے جہاں لوگ اپنی مرضی سے جب چاہیں اور جیسے چاہیں خواب دیکھتے ہیں شرط یہ ہے کہ خواب قادری صاحب کے حق میں دیکھے جائیں ورنہ سخت عتاب ہے۔ مفتی ابوداؤد قادری نے الیاس قادری کے نام ایک مکتوب میں ان کی پول کھول دی ہے اور مخالفات بریلویہ پہ زبردست سرزنش کی ہے ۔اس مکتوب میں خواب سے متعلق لکھتے ہیں کہ امیر دعوت اسلامی کی تشہیر ونمائش کے لئے خوابوں اور کشف وکرامات کا بھی باقاعدہ شعبہ ہے جہاں سے بکثرت اور مسلسل اس قسم کی نمائشی چیزوں کی اشاعت ہوتی رہی ہے ۔دعوت اسلامی کے ایک مبلغ نے خواب دیکھا کہ حضور ﷺ نے اس سے ارشاد فرمایا: الیاس قادری کو مجھ رحمۃ للعالمین کا سلام فرمانا اور ان سے کہنا کہ تم خود ابراہیم قادری کو گلے لگالو،جب الیاس قادری سے یہ خواب بیان کیا تو کہا اسے لوگوں میں بیان مت کرو ورنہ امت میں فساد پھیلے گاجب دعوت اسلامی کے اراکین میں یہ بات آئی تو کہا معاذاللہ کیا سرکارﷺ امت میں فساد ڈالنے کے لئے پیغام بھیج رہے ہیں؟
الیاس قادری کی بہن نے خواب دیکھا کہ ایک بار اس کے والدنوارانی چہرے والے ایک بزرگ کے ساتھ تشریف لائے ، میرا ہاتھ پکڑکر کہا بیٹی ! تم ان کو پہنچانتی ہو؟ یہ ہمارے میٹھے میٹھے مدنی آقا ﷺ ہیں ۔ پھر شہنشاہ رسالت مجھ پر شفقت کرنے لگے اور کہا تم نصیب دار ہو۔
اسی بہن نے ایک اور خواب سنا یاکہ بڑے بھائی جان نے مجھے خواب میں اپنی قبر کے حالات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا جب مجھے قبر میں رکھا گیا اور میری طرف عذاب بڑھا تو بھائی الیاس کا ایصال میرے عذاب کے درمیان حائل ہوگیا۔
ایک بارخود الیاس قادری نے خواب دیکھا ایک مجلس سجی ہوئی ہے ، جس میں صحابہ کرام حاضر خدمت ہیں، اعلی حضرت بھی حاضر خدمت ہیں ،آپ یعنی الیاس کے سر پر عمامہ ہے ۔حضور نے اعلی حضرت کے سرسے عمامہ اتارکر الیاس قادری کے سر پر رکھ دیا۔ نعوذباللہ من ذلک
الیاس قادری کی کتاب فیضان سنت میں مذکور ہے ایک شخص نے خواب دیکھا کہ حضور ﷺ الیاس عطار کے والد سے اس کا تعارف کرارہے ہیں ، الیاس عطار کے والد نے اس شخص سے کہا الیاس عطار کو کہنا اس کی امی نے بھی سلام بھیجا ہے ۔ اس واقعہ پر مفتی ابوداؤد قادری نے لکھا ہے کہ خواب دیکھنے والا فخر سے کہہ رہاہے کہ میں نے الیاس عطار کے والد سے مصافحہ کرنے کی سعادت حاصل کی جبکہ فخر تو اسے حضور ﷺ سے مصافحہ کرکے کرنا چاہئے تھا۔ حضور ﷺ کو اس نے اہمیت نہیں دی ۔ مزید آگے لکھتے ہیں : کیا الیاس عطار کی امی کا سلام بھیجنا اس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ الیاس عطار منگھڑت خوابوں کے ذریعہ اپنے سارے خاندان کے تعلقات حضور ﷺ سے دکھانا چاہتے ہیں؟
(44) قبر ستان میں نماز پڑھنے کا حکم:
نہایت افسوس ناک امر ہے کہ جس کام سے نبی ﷺ نے اپنی امت کو وفات کے وقت منع کیا تھا لوگ اس کام سے بھی باز نہیں آئے ۔ذرا حدیث رسول ﷺ پڑھیں اور امت مسلمہ کی حالت زار پر غور فرمائیں ۔ ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں :
قال رسولُ اللهِ -صلى الله عليه وسلم -في مَرَضِه الذي لم يَقُمْ منه : لعنّ اللهُ اليهودَ والنَّصارى ؛ اتخذُوا قبورَ أنبيائِهم مساجدَ . لولا ذلك أبرزَ قبرَه ، غيرَ أنه خَشِيَ ، أو خُشِيَ أَنْ يُتَّخَذَ مسجدًا .(صحيح البخاري: 1390)
ترجمہ: رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنے جس مرض سے صحت یاب نہ ہو سکے اسمیں فرمایا :اللہ تعالی کی لعنت ہو یہود ونصاری پر کہ ان لوگوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو سجد گاہ(عبادت کی جگہ )بنالیا ،حضرت عائشہ بیان فرماتی ہیں کہ اگر یہ بات نہ ہوتی تو آپ کی قبر باہر بنائی جاتی مگر یہ خوف لاحق تھا لوگ آپ کی قبر کو مسجد بنالیں گے۔
نبی ﷺ کی بیماری کے وقت کے اس فرمان سے قبروں کو سجدہ گاہ بنانےکی شدت کا پتہ چلتا ہے لیکن افسوس در افسوس مسلمانوں نے نبی ﷺ کے اس فرمان کی بھی قدر نہیں کی اور لوگوں کی قبروں پہ عبادت گاہ تعمیر کرلئے ۔
قبرستان وہ جگہ ہے جہاں مردوں کو دفن کیا جاتا ہے ، وہ نماز پڑھنے کی جگہ نہیں ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
اجعلوا في بيوتِكم من صلاتِكم، ولا تتَّخِذوها قبورًا (صحيح البخاري:1187)
ترجمہ: اپنے گھروں میں نماز پڑھو اور انہیں قبرستان نہ بناؤ ۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ قبرستان وہ جگہ ہے جہاں نماز نہیں پڑھی جائے گی بلکہ بصراحت رسول اللہ ﷺ نے قبرستان میں نماز پڑھنے سے بھی منع کیا چنانچہ آپ ﷺ کا فرمان ہے :
الأرضُ كلَّها مسجدٌ إلَّا المقبرةَ والحمَّامَ(صحيح الترمذي:317)
ترجمہ: ساری زمین مسجد (نماز پڑھنے کی جگہ ہے) سوائے قبرستان اور غسل خانہ کے ۔
مذکورہ بالا دلائل سے معلوم ہوا کہ قبرستان میں نماز نہیں پڑھی جائے گی اور نہ ہی نماز پڑھنے کے لئے وہاں مسجد بنائی جائے گی نیز اگر کسی مسجد میں قبر ہو تو وہاں بھی نماز کا یہی حکم ہے ۔جو قبرستان میں یا قبروں پہ نماز پڑھتے ہیں وہ سب سے برے لوگ ہیں ۔ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے :
واعلَمُوا أنَّ شَرَّ الناسِ الذين اتَّخذُوا قُبورَ أنْبيائِهمْ مَساجِدَ(صحيح الجامع:233)
ترجمہ: اور جان لو !بدتر ین لوگ وہ ہیں جنہوں نے انبیاء کی قبروں کو مسجدیں بنالیں۔
اسی طرح قبروں کی طرف منہ کرکے نماز پڑھنا یا قبر کے پاس نماز پڑھنا جائز نہیں ہے ، اگر نماز قبر والے کے لئے ہوتو شرک اکبر ہے ۔ قبرکے پاس نماز پڑھنے یا قبرکی طرف منہ کرکے نماز پڑھنے کی ممانعت والی دلیل "قبروں کو سجدہ گاہ نہ بناؤ" بھی ہے کیونکہ اس حدیث کا معنی ہے قبرکی طرف منہ کرکے نماز پڑھنا یا قبر کے پاس نماز پڑھنا منع ہے ۔ دوسری حدیث میں صراحت کے ساتھ قبر کی طرف نماز پڑھنے سے منع کیا گیا ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
لا تجلِسوا على القبورِ ولا تصلُّوا إليها(صحيح مسلم:972)
ترجمہ: قبروں پرنہ بیٹھو اور نہ ہی ان کی طرف نماز پڑھو۔
لہذا قبرستان میں یا اس کی حدود میں بنی مسجد میں نماز پڑھنا جائز نہیں ہے ، نہ ہی اس مسجد میں نماز جائز ہے جس میں قبر ہو ۔ اگر کسی کی نماز جنازہ چھوٹ گئی ہوتو وہ قبر کے پاس قبلہ رخ ہوکر نماز جنازہ ادا کرسکتا ہے بس ،باقی نوافل یا پنچ وقتہ نمازیں قبرپہ یا قبرستان میں یا قبرستان کی مسجد میں جائز نہیں ہے ۔ بعض قبرستان کے بغل میں یا کونے پر یعنی قبرستان کی باؤڈری سے الگ مسجد بنی ہوتی ہے اس مسجد کا کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ وہ قبرستان میں داخل نہیں ہے۔
(45)قبروں کی زیارت کے اقسام :
قبروں کی زیارت کے متعلق عوام میں بڑی غلط فہمیاں ہیں ، قبورومزارات کی زیارت کے لئے ایک جگہ سے دوسری جگہ کا سفر کیا جاتا ہے جوکہ ناجائزوممنوع ہے۔آج کل تو قبروں کے نام سے گرانقدر تجارت کی جاتی ہے ، وہاں عجیب وغریب کرشمے دکھاکر لوگوں کو اپنے فریب کا شکار بنایا جاتا ہے ۔ قبروں کا طواف، عرس ومیلے، غیراللہ کے لئے نذرونیاز،قبروں کو سجدہ ، مردوں سے استغاثہ ، مجاروں کے شیطانی کرشمے ، عورتوں کی عفت وعصمت سے کھلواڑ جیسے بڑے بڑے گناہ کئے جاتے ہیں ۔ یہ بات صحیح ہے کہ قبروں کی زیارت مسنون ہے مگر قبر اور مردوں کے نام پر تجارت کرنا سراسر ایمان کے منافی ہے ۔ حیرت ہے ان لوگوں پر جو قبروں کی مسنون زیارت کی بجائے یہاں اپنا ایمان ضائع کرتے اور کرواتے ہیں ۔ نیچے میں قبروں کی زیارت کے اقسام بیان کرتا ہوں تاکہ ہمیں زیارت قبور کے سلسلے میں صحیح رہنمائی مل سکے ۔ قبروں کی زیارت کے تین اقسام ہیں ۔
(1)پہلی قسم : یہ مردوں کے ساتھ خاص اور عورتوں کے حق میں کبھی کبھار مشروع ہے۔ وہ یہ ہے کہ قبروں کی زیارت اہل قبور کے لئے دعا اور آخرت کی یاد دہانی کے لئے ہونبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :
زوروا القبورَ فإنَّها تذَكِّرُكمُ الآخرةَ(صحيح ابن ماجه:1285)
ترجمہ : تم قبروں کی زیارت کرو، اس سے آخرت یاد آئے گی۔
ایک دوسری حدیث کے الفاظ اس طرح ہیں ۔
كنتُ نهيتُكم عن زيارَةِ القبورِ ألا فزورُوها ، فإِنَّها تُرِقُّ القلْبَ ، و تُدْمِعُ العينَ ، وتُذَكِّرُ الآخرةَ ، ولا تقولوا هُجْرًا(صحيح الجامع:4584)
ترجمہ:میں نے تمہیں زیارت قبور سے روکا تھا لیکن اب تم ان کی زیارت کیا کرو کہ اس سے رقت قلب پیدا ہوتی ہے، آنکھیں پرنم ہوتی ہیں اور آخرت کی یاد آتی ہے اور بری بات نہ کہو۔
اس حدیث میں زیارت قبر کا جو مقصد بیان کیا گیا اس کا محتاج عورت بھی ہے اور یہاں زیارت قبر میں مردوں کی طرح عورت بھی شامل ہے،آپ ﷺ نے لعنت صرف ان عورتوں پر بھیجی ہے جو بکثرت قبروں کی زیارت کرتی ہے اور جو کبھی کبھار زیارت کرے اس پر لعنت نہیں ہے۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان دیکھیں :
لعنَ رسولُ اللَّهِ صلَّى اللَّهُ عليْهِ وسلَّمَ زوَّاراتِ القبورِ(صحيح ابن ماجه:1290)
ترجمہ : نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے زیادہ قبروں کی زیارت کرنے والی عورتوں پر لعنت فرمائی ہے۔
عورت کا قبروں کی زیارت کرنے سے متعلق کئی دلائل ملتے ہیں جیسے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا اپنے بھائی عبداللہ عبدالرحمن کی قبر کی زیارت کرنا ، آپ رضی اللہ عنہا کا رسول اللہ ﷺ سے زیارت قبر کی دعا پوچھنا اور قبرکے پاس بیٹھی رونے والی عورت کو نبی ﷺ کا دلاسہ دینا وغیرہ ۔ اس لئے دلائل کی رو سے عورتوں کا کبھی کبھار قبروں کی زیارت کرنا قوی معلوم ہوتا ہے۔
(2) دوسری قسم : یہ کہ قبر کے پاس قرات کرنے کے لئے،یا وہاں نماز پڑهنے کے لئے ، یا وہاں ذبح کرنے کے لئے جایا جائے تو یہ بدعت ہے اور شرک کے وسائل میں سے ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
من عملَ عملا ليسَ عليهِ أمرُنا فهو ردٌّ(صحيح مسلم:1718)
ترجمہ : جس نے کوئی ایسا کام کیا جو دین میں سے نہیں تو وہ باطل و مردود ہے۔
(3) تیسری قسم : یہ ہے کہ قبر کی زیارت میت کے لئے ذبیحہ پیش کرنے اور اس سے ان کا تقرب حاصل کرنے یا اللہ کے علاوہ میت کو پکارنے کی غرض سے یا ان سے مدد مانگنے کی نیت سے ہو تو یہ شرک اکبر ہے،گرچہ میت نبی یا صالح یا ان کے علاوہ ہی کیوں نہ ہو۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے:
إِنَّهُ مَن يُشْرِكْ بِاللَّهِ فَقَدْ حَرَّمَ اللَّهُ عَلَيْهِ الْجَنَّةَ وَمَأْوَاهُ النَّارُ ۖ (المائدة:72)
ترجمہ : جو اللہ کے ساته شرک کرتا ہے اللہ اس پر جنت کو حرام کردے گا اور جہنم اس کا ٹهکانہ ہے۔

(46) میت کے لئےایصال ثواب کے ناجائز طریقے:
جنازہ کے نام پر امت میں بے شمار بدعات وخرافات درآئی ہیں جو گنتی سے باہر ہیں ۔ وفات سے لیکر دفن کرنے تک اور تدفین سے لیکر ایصال ثواب کے نام پر رسم ورواج، بدعات وخرافات، شرک وکفر اور تجارت ومعیشت کا ناجائز کھیل کھیلا جاتا ہے۔ مزارات کی تعمیر کرکےمیت سے کمانے کا ذریعہ بنالیا گیا ہے ۔ ایسے ہی حالات کی علامہ اقبال نے جواب شکوہ میں عکاسی کی ہے ۔
بجلیاں جس میں ہوں آسُودہ، وہ خرمن تم ہو
بیچ کھاتے ہیں جو اسلاف کے مدفن، تم ہو
ہو نِکو نام جو قبروں کی تجارت کرکے
کیا نہ بیچو گے جو مِل جائیں صنَم پتھّر کے
جو آدمی کل تک خود کھانے پینے، چلنے پھرنے، کام کاج کرنے، سونے جاگنے ، اٹھنے بیٹھنے ، دواوعلاج کرنے، بیماری وشفا، اولاد واطفال، راحت وسکون ، فضل وکرم کے لئے پل پل اللہ کا محتاج تھا آج جسم سے روح نکلنے اور دنیا سے کوچ کرکے قبر میں داخل ہوکریکایک صفات الہیہ سے متصف ہوجاتا ہے۔وہ بارش بھی برساتا ہے، اولاد بھی دینے لگتا ہے، بیماری دور کرنے لگ جاتا ہے،لوگوں کی حاجت پوری کرنے لگتاہے، مشکلیں دور کرنے لگتا ہے، قسمت بنانے اورسنوارنے لگتا ہے۔ اس کے لئے سجدہ اور عبادت روا ہوجاتا ہے۔ اللہ کی پناہ ایسے گمراہ عقائد سے ۔
یہا ں ہم ان مسائل کا ذکر نہیں کریں گے ورنہ مضمون طویل ہوجائے گا،یہاں میرا مقصد ایسے بعض غیر مشروع اعمال ذکر کرنا ہے جن کے ذریعہ میت کے لئے ایصال ثواب کیا جاتا ہے ۔
میت کے گھر چالیس دن تک کھانا بھیجنا:
آج کل ایسا ہوتا ہے کہ لوگ میت کے گھر چالیس دن تک کھانا بھجواتے ہیں، مجلس قائم کرتے ہیں ، اور اسی طرح اہل میت دوسروں کے لئے اپنے گھر کھانا پکاتے ہیں وفات کے دن بھی اورتیرہویں ، چالیسویں پہ بھی سو شریعت سے اس عمل کا حکم جان لینا چاہئے۔
کسی کے گھر میت ہوجائے تو اس کے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کو چاہئے کہ اہل میت کے لئے کھانا تیار کرکے ان کے گھر بھیجے ، یہ عمل مسنون ہے ۔ جب جنگ موتہ کے دن حضرت جعفر رضی اللہ عنہ کى شہادت کی خبر پہنچی تو رسول الله صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:
اصنَعوا لآلِ جعفرٍ طعامًا ، فإنَّهُ قد أتاهُم أمرٌ شغلَهُم(صحيح أبي داود:3132)
ترجمہ: جعفر کے گھر والوں کے لئے کھانا تيار کرو کیونکہ انہیں وہ چیز پہنچی ہے جس نے انہیں مشغول کر دیا ہے۔
اسی طرح صحیحین میں یہ روایت موجود ہے ۔
عَنْ عَائِشَةَ، زَوْجِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أَنَّهَا كَانَتْ إِذَا مَاتَ المَيِّتُ مِنْ أَهْلِهَا، فَاجْتَمَعَ لِذَلِكَ النِّسَاءُ، ثُمَّ تَفَرَّقْنَ إِلَّا أَهْلَهَا وَخَاصَّتَهَا، أَمَرَتْ بِبُرْمَةٍ مِنْ تَلْبِينَةٍ فَطُبِخَتْ، ثُمَّ صُنِعَ ثَرِيدٌ فَصُبَّتِ التَّلْبِينَةُ عَلَيْهَا، ثُمَّ قَالَتْ: كُلْنَ مِنْهَا، فَإِنِّي سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ:التَّلْبِينَةُ مُجِمَّةٌ لِفُؤَادِ المَرِيضِ، تَذْهَبُ بِبَعْضِ الحُزْنِ۔(صحيح البخاري:5417)
ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ جب کسی گھر میں کسی کی وفات ہو جاتی اور اس کیوجہ سے عورتیں جمع ہوتیں اور پھر وہ چلی جاتیں ۔ صرف گھروالے اورخاص خاص عورتیں رہ جاتیں تو آپ ہانڈی میں تلبینہ پکانے کا حکم دیتیں ۔ وہ پکایا جاتا پھر ثرید بنایا جاتا اور تلبینہ اس پر ڈالا جاتا ۔ پھر ام المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتیں کہ اسے کھاؤ کیونکہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے آپ فرماتے تھے کہ تلبینہ مریض کے دل کو تسکین دیتا ہے اور اس کا غم دور کرتا ہے ۔
تلبینہ :یہ ایک غذا ہے جو سوپ کی طرح ہوتا ہے، جو آٹے اور چھان سے بنایا جاتا ہے، بسا اوقات اس میں شہد ملایا جاتا ہے، اسے تلبینہ اس لئے کہتے ہیں کہ اسکا رنگ دودھ جیسا سفید اور دودھ ہی کی طرح پتلا ہوتا ہے۔بعض لوگ اسے جو کی کھیر بھی کہہ سکتے ہیں۔
ان دونوں احادیث سے اہل میت کے لئے کھانا پکانا ثابت ہوتا ہے مگر اہل میت کو کھانا کھلانے کے لئے چالیس دن متعین کرنا رسم ورواج میں سے ہےاور اگرچالیس دن کو ثواب سمجھ لیا جائے تو پھر بدعت ٹھہرے گی۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
من عملَ عملا ليسَ عليهِ أمرُنا فهو ردٌّ(صحيح مسلم:1718)
ترجمہ:جس نے ہمارے دین میں کسی چیز کو ایجاد کیا جو اس میں سے نہیں ہے تو وہ چیز مردود ہے۔
اسی طرح اہل میت کے یہاں جمع ہونا اور پھر ان لوگوں کے لئے اہل میت کا کھانا پکانا نہ صرف زمانہ جاہلیت کے عمل میں سے ہے بلکہ یہ نوحہ میں شمار ہے ۔
كنَّا نرى الاجتماعَ إلى أَهلِ الميِّتِ وصنعةَ الطَّعامِ منَ النِّياحة(صحيح ابن ماجه:1318)
ترجمہ: ہم گروہِ صحابہ اہل میّت کے یہاں جمع ہونے اور ان کے کھانا تیار کرانے کو مردے کی نیاحت سے شمار کرتے تھے۔
امام نووی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ اہل میت کا کھانا بنانا، دوسروں کا ان کے یہاں جمع ہونا اس سلسلے میں کوئی چیز منقول نہیں ہے اس لئے یہ کام بدعت اور غیرمستحب ہے ۔ (روضة الطالبين:2/145).
اس لئے اہل میت کا میت کی وفات پہ تیجا، دسواں، تیرہواں ، چالیسواں یا کوئی اوراس طرح کا دن منانا بدعت ہے البتہ گھر آئے مہمان کی ضیافت کرنا اس سے مستثنی ہے ۔اہل میت کو چاہئے کہ میت کی طرف سے فقراء ومساکین میں بغیر دن کی تعیین کے صدقہ کرے ۔
قرآن خوانی اور ایصال ثواب :
قریب المرگ شخص کے پاس بیٹھ کر یا قبر پر کھڑے ہوکر ،بیٹھ کر یا گھروں میں اجتماعی شکل میں بیٹھ کر قرآن خوانی کرنا کتاب وسنت سے ثابت نہیں ہے ۔ قرآن کی تلاوت کرکے میت کو اس کا ثواب ہدیہ کرنے کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ قرآن تو زندوں کے لئے نازل کیا گیا ہے ،جب تک زندگی ملی قرآن پڑھا، سمجھا اوراس پر عمل کیا یا کسی کو ان باتوں کی توفیق نہ ملی ۔ جب قبر میں چلا گیا تو اس کتاب سے منکرنکیر نے امتحان لیا ، پاس ہوگیا تو خیروعافیت ،فیل ہوگیا تو ذلت ورسوائی ۔ قرآن زندوں کے لئے ہے اس لئے زندہ لوگ اسے پڑھیں اور اس کے مطابق اپنی زندگی بنائیں۔ مردوں کے لئے قرآن پڑھناچھوڑدیں اور جان لیں اس کا ثواب کسی دوسرے کو ہدیہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ جن احادیث میں میت کے لئے قرآن پڑھنے کا ذکر ہے وہ ضعیف ہیں اور اسکے جوازکے سلسلے میں علماء کے جو اقوال ہیں وہ بلادلیل ہیں ۔
فاتحہ خوانی اور ایصال ثواب :
سورہ فاتحہ ایک عظیم سورت کا نام ہے اور یہ نماز کا رکن ہے ، تعجب ہے لوگوں پر نماز کے فاتحہ کا انکار کرتے ہیں اور اسی نام سے مردوں کو ایصال ثواب کرتے ہیں جس کا دین میں کہیں اتہ پتہ نہیں ۔ فاتحہ خوانی دین میں ایک نئی ایجاد بدعت ہے ۔ میت کے نام پر گھروں میں جمع ہوکریا کھانا سامنے رکھ کر یا میت کی تدفین کے بعد ایصال ثواب کی نیت سے فاتحہ خوانی کی رسم انجام دی جاتی ہے ۔ نام خوبصورت کام بدعت وگمراہی والا ہے۔ بھلا فاتحہ یا قل یا بلا قل والی دوسری سورتوں سے میت کی بخشش کا کیا تعلق ؟ یا سورہ فاتحہ کے نام سے قل والی سورتوں کے پڑھنے کا کیا مطلب ؟ یا سورہ اخلاص کو اتنی بار اور دوسری سورتوں کو اتنی بار پڑھنے کی کیا دلیل ہے ؟
کسی کی وفات ہوجائے تو اس کی تعزیت کریں یعنی اہل میت کو دلاسہ دیں اور میت کی مغفرت کے لئے دعا کریں اور میت کے رشتہ دار میت کے لئے جب چاہیں دعائے مغفرت کریں ، رسم ورواج اور غیرمشروع کاموں سے میت کو فائدہ نہیں پہنچتا۔
نذرونیاز اور ایصال ثواب :
میت کے لئے نذرونیاز کرنا اور اس کا تقرب حاصل کرنے کے لئے جانور ذبح کرنا عبادت کے قبیل سے جو کہ سراسر شرک ہے کیونکہ عبادت صرف اور صرف اللہ کے لئے ہے : اللہ فرمان ہے :
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ (الذاریات:56)
ترجمہ: میں نے انسانوں اور جناتوں کی تخلیق صرف اپنی عبادت کے لئے کی ہے ۔
ایک دوسری آیت میں ہے:
قُلْ إِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ (الانعام:162)
ترجمہ: اے نبی کہہ دیجیے کہ بلا شبہ میری نماز میری عبادت میرا جینا اور میرا مرنا سب کچھ اللہ رب العالمین کے لیے ہے۔
جو لوگ غیراللہ کے نام سے نیاز کرتے ہیں ، غیراللہ کے لئے جانور ذبح کرتے ہیں ، غیراللہ کے کھانے پکاکر پیش کرتے ہیں ایسے لوگوں کو اللہ کا یہ فرمان جان لینا چاہئے ۔
إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيْكُمُ الْمَيْتَةَ وَالدَّمَ وَلَحْمَ الْخِنزِيرِ وَمَا أُهِلَّ بِهِ لِغَيْرِ اللَّهِ ۖ فَمَنِ اضْطُرَّ غَيْرَ بَاغٍ وَلَا عَادٍ فَلَا إِثْمَ عَلَيْهِ ۚ إِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ (البقرۃ:173)
ترجمہ: بیشک اللہ نے تم پر مُردار اور خون اور سور کا گوشت اور جس چیز پر اللہ کے علاوہ کسی دوسرے کا نام پُکارا جائے حرام کردیا ہے لیکن جو مجبور ہو جائے بشرطیکہ بغاوت کرنے والا اور نافرمانی کرنے والا نہ ہو تو اس پر گناہ نہیں، بے شک الله بہت بخشنے والا بڑا مہربان ہے۔
اور نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے :
لعَنَ اللهُ مَن ذَبِحَ لغيرِ اللهِ (صحيح النسائي:4434)
ترجمہ: جو شخص اللہ کے علاوہ کسی دوسرے کی (تعظیم اور نذرونیاز) کے لئے جانور ذبح کرتا ہے اس پر اللہ کی لعنت ہو۔
ان چندآیات وحدیث سے ہمیں معلوم ہوا کہ عبادت کا سارا کام اللہ کے لئے انجام دینا چاہئے اور غیراللہ کے لئے پیش کئے گئےگیارہویں شریف، ربیع الاول کی شیرنیاں، رجب کا کونڈا، محرم کی سبیلیں، شعبان کے حلوےمٹھائیاں اور عرس و مزارات کے لنگر ، کھچڑے، دیگیں ، پوریاں ، بتاشے ، کھیراور ہر قسم کے نذرونیاز حرام ہیں ۔
بدنی عبادات اور ایصال ثواب :
کوئی زندہ آدمی کسی میت کی طرف سے نفلی نماز یا نفلی روزہ رکھ کر اس کا ثواب میت کو پہنچائے ایسی کوئی دلیل شریعت میں وارد نہیں ہے جبکہ بہت سے مسلمان میت کی طرف سے نمازیں ادا کرتے ہیں اور روزے رکھتے ہیں اور ان کا ثواب مردوں کو بخشتے ہیں ۔ یہ عمل رسول اللہ ﷺ یا اصحاب رسول سے ثابت نہ ہونے کے سبب جائز نہیں ہے اور اس طرح کرنےسے مردوں کو فائدہ بھی نہیں پہنچے گا۔ اسی طرح ہزاروں لاکھوں بار کوئی وظیفہ پڑھ کر ، اذکار کرکے، تسبیح پڑھ کر، درود شریف پڑھ کر، تلاوت کرکے، طواف کرکے میت کو ایصال ثواب کرنا غیرمشروع ہے ۔
ہاں میت کے چھوٹے ہوئے روزوں کی قضا ہے لیکن نمازوں کی کوئی قضا نہیں ہے۔ میت کی طرف سے چھوٹے روزوں کی قضا کے سلسلے میں میری مفصل تحریر بلاگ پرپڑھیں۔
قبروں  پرچراغاں کرنا اور پھول چڑھانا:
کچھ لوگ قبروں پر چراغاں کرنے اور اس پر پھول مالا، چادر چڑھانے کو باعث اجر اور میت کے حق میں مفید تصور کرتے ہیں جبکہ قبروں پر پھول مالا چڑھانا سنت سے ثابت نہیں ہے اور قبروں پہ دیئے جلانے والا شریعت کی نگاہ میں لعنت کا مستحق ہے ایک حدیث میں ہے:'' قبروں پر چراغ جلانے والے پر ر سول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنت کی ہے۔''
اس حدیث کی تشریح میں صاحب المرعاۃ فرماتے ہیں:
«وفيه رد صريح علي القبورين الذين يبنون القباب علي القبور ويسجدون اليها ويسرجون عليها ويضعون الزهور والرياحين عليها تكريما وتعظيما لاصحابها» (المرعاۃ:١/٤٨٦)
ترجمہ: اس حدیث میں واضح تردید ہےان قبوریوں کی جو جو قبروں پر قبے بناتے ان کی طرف سجدے کرتے ان پر چراغ جلاتے اور ان پر تعظیم واحترام کی خاطر پھول اور خوشبو رکھتے ہیں۔
ملا علی قاری قبروں پر چراغاں کی ممانعت کی حکمت بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
النہی عن اتخاذ السرج اما لما فیہ من تضییع المال لانہ لا نفع لاحد من السراج ولانھا من اٰثار جہنم واما للاحتراز عن تعظیم القبور کالنہی عن اتخاذ القبور ومساجد۔
(مرقات: ج1 ص470)
ترجمہ: قبروں پر چراغاں کرنے کی ممانعت اس وجہ سے ہے کہ اس میں مال کا ضیاع ہے اور اس چراغ سے کوئی فائدہ نہیں اور یہ جہنم کے آثار میں سے ہے اور اس لیے کہ قبروں کی ایسی تعظیم سے بچا جائے جیسا کہ قبروں کو مسجد بنائے جانے سے منع کیا گیا ہے۔
جہا ں تک رسول اللہ ﷺ کا کھجور کی شاخ کوقبر پررکھناہے تو  یہ عمل آپ کے ساتھ ہی خاص تھا اس سے کوئی دوسرا اپنے لئے دلیل نہیں پکڑ سکتا ہے۔
میت کی طرف سے عقیقہ:
میت کی طرف سے عقیقہ کا ثبوت نہیں ملتا ہے ، عقیقہ زندوں کی طرف سے کیا جاتا ہے اس وجہ سے کوئی میت کو ایصال ثواب کی غرض سے اس کا عقیقہ نہ کرے ۔
میت کی طرف سے قربانی:
میت کی طرف سے قربانی دینے کے لئے وہی ثبوت پیش کئے جاتے ہیں جو نبی ﷺ کی طرف سے قربانی دینے کے لئے پیش کئے جاتے ہیں اور نبی ﷺ کی طرف سے قربانی دینے کا حکم ثابت نہیں ہے ۔ ہاں کوئی اپنی قربانی میں میت کو شریک کرلے تو اس صورت کو علماء نے جائز کہا ہے ۔ اس سلسلے میں میرا نقطہ نظر یہ ہے کہ جو لوگ میت کی طرف سے قربانی دینا چاہتے ہیں وہ قربانی کا پیسہ میت کی طرف سے صدقہ کردیں ، یہ ایسی صورت ہے جس میں کسی کا اختلاف نہیں ہے اور اس کی دلیل موجود ہے ۔ میت نے اگر قربانی کرنے کی وصیت کی ہو تو پھراس کا نفاذ ضروری ہے ۔
صدقات وخیرات میں غیرشرعی طریقہ :
بدعتی مسلمان یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ بعض مواقع سے روحیں صدقات وخیرات کا محتاج ہوتی ہیں اس وجہ سے ان موقعوں پر یہ لوگ ارواح کی جانب سے لوگوں میں خیرات تقسیم کرتے ہیں اس عمل کا کتاب وسنت میں کوئی دلیل نہیں ہے ۔
(47) میت کے لئے ایصال ثواب کے جائز طریقے :
اس سے پہلے یہ بتلایا گیا ہے کہ میت کو غیرمشروع طریقوں سے ایصال ثواب کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے اور ان غیرمشروع طریقوں کا بھی ذکر کیا گیا جو لوگوں میں رائج ہے ، اب یہاں میت کے لئے ایصال ثواب کے مشروع طریقے ذکر کئے جاتے ہیں جن سے میت کو ثواب پہنچتا ہے۔
اس سلسلہ میں سب سے پہلی بات یہ ہے کہ بعض کام ایسے ہیں دنیا میں جن کی انجام دہی سے خود بخود کو میت کو اس کی قبر میں ان کاموں کا ثواب دیا جاتا ہے ۔ ان کاموں کا ذکر صحیح مسلم کی مندرجہ ذیل روایت میں ہے ۔
حضرت ابوہریرہ رضى الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلى الله علیہ وسلم نے فرمایا:
إذا مات الإنسانُ انقطع عنه عملُه إلا من ثلاثةٍ : إلا من صدقةٍ جاريةٍ . أو علمٍ ينتفعُ به . أو ولدٍ صالحٍ يدعو له(صحيح مسلم:1631)
ترجمہ: جب انسان وفات پاجاتا ہے تو اس کا عمل منقطع ہوجاتا ہے مگر تین عمل ایسے ہیں جن کا اجروثواب اسے مرنے کے بعدبھی ملتا رہتا ہے ۔ صدقہ جاریہ،علم جس سے فائدہ اٹھایاجاتا ہو،صالح اولاد جو مرنے والے کے لیے دعا کرے ۔
اس حدیث میں تین کاموں کا ذکر ہے جن کا ثواب مرنے کے بعد بھی جاری رہتا ہے وہ تین کام صدقہ جاریہ، نفع بخش علم اور صالح اولاد کی دعا ہیں۔
صدقہ جاریہ سے مراد یہ ہے کہ انسان اپنی حیات میں سماج کے فائدہ کے لئے کوئی بھی ایسا کام کیا ہو جو اس کے مرنے کے بعد بھی قائم رہے مثلا لوگوں کی بھلائی کے لئے سڑک ، کنواں ،پل، ہسپتال، نل،مسافرخانہ، یتیم خانہ، تعلیم گاہ اور سجدہ گاہ بنایا ہو تو ان کاموں کا اجر قبر میں میت کو اس وقت تک ملتا رہے گا جب تک ان کاموں سےلوگوں کا بھلا ہوتا رہے گا۔ وہ لوگ بھی اس اجر میں شامل ہوں گے جنہوں نے میت کو ان کاموں پر ابھاراہوگا يا ان کاموں میں مدد کیا ہوگا۔ ساتھ ہی یہ بھی یاد رہے کہ اگر انسان دنیا میں ایسی کوئی بری چیز قائم کرکے جاتا ہے جس سے سماج میں برائی پھیلتی ہے، فتنہ وفساد اور فسق وفجور کا سبب ہے تو میت کے عذاب میں اضافہ ہوگا مثلا کوئی فلم ہال ، جواگھر، نائٹ کلب، بیربار، ڈانس باروغیرہ بناکے مر جائے ۔ اللہ کی پناہ ایسی موت سے ۔
نفع بخش علم سے مراد انسان کا زندگی میں لوگوں کو قرآ ن وحدیث کی تعلیم دینا، دینی کتابیں لکھنا، لکھوانا اور ان کی نشرواشاعت کرنا، تقریر وتحریر کے ذریعہ لوگوں کی علمی رہنمائی کرنا، حصول علم کے لئے کسی قسم کی راہ ہموار کرنا مثلا معلم کی تنخواہ دینا، مدرسہ کی تعمیروترقی میں حصہ لینا، کتابوں کی اشاعت اور طلبہ کے اخراجات برداشت کرناوغیرہ ۔ ان کاموں کا اجر ان سب کو بھی ملے گا جنہوں میت کو ان کاموں کی طرف رہنمائی کی ہو یا ان کاموں پر کسی طرح کا تعاون کیاہو۔ ساتھ ہی یہاں یہ بات بھی معلوم رہے کہ اگر کوئی شخص زندگی میں لوگوں کو ایسی تعلیم دیتا ہے جس سے گمراہی پھیلتی ہے ، ایسی کتاب یا مضمون لکھتا ہے جس سے علم نہیں جہالت کو شہ ملتی ہے یا ایسی تقریر اور خطبہ دیتا ہے جس سے امت میں اختلاف وانتشار، فرقہ پرستی ، کتاب وسنت سے دوری اور اعمال صالحہ سے تنفرد پیدا ہوتا ہے تووفات کے بعد ایسے میت کے عذاب میں اضافہ کیا جائے گا۔دنیا میں ایسے علماء سوء کی آج کل بڑی تعداد ہے۔اللہ کی پناہ ایسی موت سے ۔
صالح لڑکا کی دعا سے مراد میت اپنے پیچھے نیک اولاد (بیٹا، بیٹی، پوتا، پوتی، نواسہ ، نواسی وغیرہ) چھوڑے اور یہ میت کے لئے دعائے خیرکرےتو میت کو اس کا ثواب ملتا ہے ۔ جس طرح والدین کی تربیت یافتہ اولاد کے نیک اعمال کا فیض والدین کو پہنچتا ہے اسی طرح استاد /رہنما اپنی علمی رہنمائی کی وجہ سے رہنمائی پانے والوں کی نیکی سے اجر پاتے ہیں ۔ ساتھ ہی یہ بھی معلوم رہے کہ اگر ہم نے اولاد کی تربیت نہیں کی جس کی وجہ سے وہ غلط راستے پر چل پڑا تو ہمیں اس کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔
اس لئے ہم میں سے ہرمسلمان کو چاہئے کہ وہ اپنی زندگی میں یہ تینوں نیک کام کرکے جائے یا ان کاموں پر جس طرح کا ممکنہ تعاون کرسکتا ہےاس طرح کا تعاون کرکے جائے تاکہ ان کا اجر قبر میں بھی ملتا رہے اورایسا کوئی کام کرکے نہ مرے جس سے عذاب میں دوگنااضافہ ہوتا ہے بلکہ برے کاموں پر ذرہ برابر بھی تعاون نہ کرے ، اللہ تعالی نے ہمیں شر کے کاموں پر تعاون کرنے سے منع کیا ہے۔ ممکن ہے ہم میں سے کسی سے ایسی خطا سرزد ہوگئی ہوجس کی بدولت قبر میں عذاب بڑھ سکتا ہے تو مرنے سے پہلے توبہ کرلے، کسی نے کمائی کے واسطے مزار بنالیا تھا اسے اپنی غلطی کا احساس ہوگیا وہ اللہ سے توبہ کرے اور اس مزار کو ڈھادے تاکہ شرک وکفر کا دروازہ بند ہوجائے پھر کوئی وہاں غیراللہ سے فریاد نہ کرے، نہ کسی قبروں کو سجدہ کرے ۔کسی نے اپنی تقریر وتحریر کے ذریعہ امت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی وہ اس سے رجوع کرلے ، کسی نے ناج گانے ، شراب وکباب اور فسق وفجور کے کاموں پربرے لوگوں کا تعاون کیا تھا وہ سچے دل سے توبہ کرلے اللہ تعالی بڑا ہی بخشنے والا ہے۔
میت کے لئے ایصال ثواب کے جائز طریقے:
انسان کی دنیاوی زندگی محدود ہے ،ہرکوئی اپنی حد زندگی تک پہنچ کر دم توڑ دیتا ہے ۔ انسان کی انتہاء موت ہے ۔ موت کے بعد انسان دنیا سے لاتعلق ہوجاتا ہے ، وہ اب کوئی دنیاوی عمل انجام دینے سے قاضر ہوجاتا ہے کیونکہ اس کی حس وحرکت نظام الہی کے تحت بند ہوجاتی ہے ۔ موت کے سبب اعمال کے منقطع ہونے کی دلیل آگے گزرچکی ہے ۔ یہ مشاہدہ بھی ہے کہ میت کے تمام اعمال بند ہوجاتے ہیں اسی لئے اس کے رشتہ دار اسے نہلاتے ہیں ، کفن دیتے ہیں ،اپنے کندھوں پراٹھاکر قبرستان لے جاتے ہیں وہاں قبر کھود کر دفن کردیتے ہیں ۔ یہ مشاہدہ بھی بتلاتا ہے اگر میت میں عمل کرنے کی صلاحیت ہوتی تو ان کاموں کے لئے وہ دوسروں کا محتاج نہیں ہوتا اور اسے مٹی کے نیچے دفن نہیں کرتے جہاں سانس بھی نہیں لے سکتے ۔ یہ تو وہ جگہ جہاں زندوں کو دفن کیا جائے دم گھٹ جائے گا۔ آپ نے دورجاہلیت میں زندہ درگور ہونے والی لڑکیوں کے واقعات پڑھے ہوں گے ، درگور ہونے والی لڑکیا ں قبروں سے واپس نہیں لوٹتیں کیونکہ قبر میں دفن کرنے سے جان نکل جاتی تھی ۔
اس عنوان کے تحت اتنی تمہید باندھنے کا میرا مقصد یہ ہے کہ لوگوں میں میت کے ایصال ثواب کے تعلق سے بہت سارے خرافات پائے جاتے ہیں ۔ وفات کے بعد تیجا، فاتحہ،قرآن خوانی، نذرونیاز،ساتواں ، دسواں، تیسرہواں، چالیسواں ، برسی اور عرس وغیرہ بدعتی کام کئے جاتے ہیں یہ سب میت کے نام سے، اس کی محبت و عقیدت میں  اور اس کو فائدہ پہنچانے کے واسطے انجام دئے جاتے ہیں جبکہ دین محمدی میں ان کاموں کا کوئی ثبوت نہیں ہے ۔
اللہ تعالی نے دنیا میں آنے والے کو جو مہلت دی وہی اس کے لئے عمل کرنے کا محدود وقت تھا جس کی بنیاد پر قیامت میں اللہ تعالی فیصلہ کرے گا۔ جب انسان کی دنیاوی مہلت ختم ہوگئی ، اس کی موت واقع ہوگئی اب نہ وہ کوئی کام کرسکتا ہے اور نہ ہی اسے دنیا کے کسی بندے کا عمل اسے فائدہ پہنچائے گا۔ اللہ تعالی نے قرآن میں اور نبی کریم ﷺ نے اپنے فرامین میں اس بات کو کئی پیرائے میں بیان کیا ہے ۔
 اس سلسلے میں چند دلائل کا مطالعہ کرتے ہیں اور میت کے ایصال ثواب کے واسطے پہلے اسلام کے چند بنیادی اصول دیکھتے ہیں پھر ان بعض مشروع طریقوں کو بیان کیا جائےگا جن کے ذریعہ میت کے لئے ایصال ثواب کرسکتے ہیں ۔
(1) میت کوئی عمل نہیں کر سکتا ہے: اس کی دلیل اوپر گزری مسلم شریف کی حدیث ہے کہ جب آدمی فوت ہوجاتا ہے تو اس کے سارے اعمال منقطع ہوجاتے ہیں ۔
(2) میت بول بھی نہیں سکتاہے: حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے :
أَنَّ رجلًا قال للنبيِّ صلى الله عليه وسلم : إِنَّ أمِّي افْتُلِتَتْ نفسُها ، وأظنُّها لو تكلمَتْ تَصدَّقَتْ ، فهل لها أجرٌ إِنْ تَصدَّقَتْ عنها ؟ قال : نعم .(صحيح البخاري:1388)
ترجمہ: ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ میری ماں کا اچانک انتقال ہو گیا اور میرا خیال ہے کہ اگر انہیں بات کرنے کا موقع ملتا تو وہ کچھ نہ کچھ خیرات کرتیں۔ اگر میں ان کی طرف سے کچھ خیرات کر دوں تو کیا انہیں اس کا ثواب ملے گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہاں ملے گا۔
(3) کوئی میت کو اس کی قبر میں سنا بھی نہیں سکتا ہے : اللہ کا فرمان ہے : إِنَّكَ لَا تُسْمِعُ الْمَوْتَىٰ وَلَا تُسْمِعُ الصُّمَّ الدُّعَاءَ إِذَا وَلَّوْا مُدْبِرِينَ (النمل:80)
ترجمہ: بے شک آپ نہ مردوں کو سنا سکتے اور نہ بہروں کو اپنی پکار سنا سکتے جبکہ وہ پیٹھ پھیرے روگرداں جا رہے ہوں ۔
(4)آخرت میں  کوئی بیٹا بھی اپنے باپ کو فائدہ نہیں پہنچا سکتاہےچہ جائیکہ غیر ہو: اللہ کا فرمان ہے :
يَا أَيُّهَا النَّاسُ اتَّقُوا رَبَّكُمْ وَاخْشَوْا يَوْمًا لَّا يَجْزِي وَالِدٌ عَن وَلَدِهِ وَلَا مَوْلُودٌ هُوَ جَازٍ عَن وَالِدِهِ شَيْئًا ۚ إِنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ ۖ فَلَا تَغُرَّنَّكُمُ الْحَيَاةُ الدُّنْيَا وَلَا يَغُرَّنَّكُم بِاللَّهِ الْغَرُورُ (لقمان :33)
ترجمہ: لوگو !اپنے رب سے ڈرو اور اس دن کا خوف کرو جس دن باپ اپنے بیٹے کو کوئی نفع نہ پہنچا سکے گا اور نہ بیٹا اپنے باپ کا ذرا سا بھی نفع کرنے والا ہوگا ( یاد رکھو ) اللہ کا وعدہ سچا ہے ( دیکھو ) تمہیں دنیا کی زندگی دھوکے میں نہ ڈالے اور نہ دھوکے باز ( شیطان ) تمہیں دھوکے میں ڈال دے ۔
(5) ہرکوئی اپنے عمل کا ذمہ دار ہے: اللہ کا کلام ہے: وَلَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَىٰ(فاطر:18)
ترجمہ: کوئی کسی کا بوجھ نہیں اٹھائے گا۔
(6) جتنا جس کے پاس عمل ہوگا اتنا  ہی بدلہ پائے گا۔ اللہ کا فرمان ہے : وَأَن لَّيْسَ لِلْإِنسَانِ إِلَّا مَا سَعَىٰ (النجم:39)
ترجمہ: انسان کو صرف اپنی محنت کا صلہ ملتا ہے ۔
(7) جس کے پاس عمل کی کمی ہوگی اور مجرم قرار پائے گا ، آخرت میں  کوئی مددگار نہ پائے گا تو اللہ سے دوبارہ عمل کرنے کے لئے دنیا میں آنے کی درخواست کرے گا۔ فرمان باری تعالی ہے:
وَلَوْ تَرَىٰ إِذِ الْمُجْرِمُونَ نَاكِسُو رُءُوسِهِمْ عِندَ رَبِّهِمْ رَبَّنَا أَبْصَرْنَا وَسَمِعْنَا فَارْجِعْنَا نَعْمَلْ صَالِحًا إِنَّا مُوقِنُونَ (السجدۃ:12)
ترجمہ: کاش کہ آپ دیکھتے جبکہ گنہگار لوگ اپنے رب کے سامنے سر جھکائے ہوئے ہوں گے ، کہیں گے اے ہمارے رب ! ہم نے دیکھ لیا اور سن لیا اب تو ہمیں واپس لوٹا دے ہم نیک اعمال کریں گے ہم یقین کرنے والے ہیں ۔
(8) آخر کار قیامت میں انسان کو خود انہی کا عمل فائدہ پہنچائے گا، نہ مال کام آئے گا ،نہ اولاد کام آئے گی۔ اللہ کا فرمان ہے :
يَوْمَ لَا يَنفَعُ مَالٌ وَلَا بَنُونَ (الشعراء :88)
ترجمہ: جس دن کہ مال اور اولاد کچھ کام نہ آئے گی ۔
میت کے لئے ایصال ثواب کے مشروع طریقے :
قاعدہ یہی ہے کہ ہے میت کو اصلا اپنے ہی عمل کا ثواب ملتا ہے جیساکہ چند بنیادی اصول کے تحت ہم نے دلائل سے اندازہ لگایا ہے اور پھر مسلم شریف کی حدیث سے معلوم ہوا کہ میت نے خود اپنی زندگی میں صدقہ جاریہ ، نفع بخش علمی کام کیا ہو یا صالح اولاد چھوڑی ہو جو دعا کرے تو میت کو ان تین کاموں کا اجر قبر میں ملتا ہے ۔ یہ تینوں کام خود میت نے کئے ہیں تو ان کا اجر باقی رہتا ہے ۔
شریعت میں ایسے بھی بعض کام ہیں جن کو میت نے خود نہیں کیا ہے ، کوئی دوسرا میت کی جانب سے انجام دے گا اور ان کا اجر میت کو قبر میں پہنچے گا ۔ وہ چند کام ہیں جنہیں ہم ایصال ثواب کے مشروع طریقے کہہ کہتے ہیں ۔
٭ میت کے قرض کی ادائیگی :
قرض کا معاملہ بہت ہی سنگین ہے ،اس کا تعلق حقوق العباد سے ہے جس کے ذمہ قرض باقی رہ گیا قیامت میں اس کی نیکی بقدربدلہ قرض خواہ کو دیدی جائے گی ۔بخاری میں ہےجب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کسی ایسے شخص کا جنازہ لایا جاتا جس پر قرض ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم پہلے پوچھتے کہ کیا یہ شخص اپنا قرض ادا کرنے کے لئے کچھ مال چھوڑ کر مرا ہے؟ اگر یہ بتایا جاتا کہ یہ شخص اتنا مال چھوڑ کر مرا ہے جس سے اس کا قرض ادا ہو سکتا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی نماز جناہ پڑھ لیتے اور اگر یہ معلوم ہوتا کہ کچھ بھی چھوڑ کر نہیں مرا ہے تو پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی نماز جنازہ خود نہ پڑھتے بلکہ مسلمانوں سے فرماتے : ( صلُّوا على صاحبكم) تم اپنے ساتھی کی نماز جنازہ پڑھ لو۔(صحيح البخاري:2298)
نبی ﷺ کا یہ بھی فرمان ہے: نفسُ المؤمنِ معلَّقةٌ بِدَينِه حتَّى يُقضَى عنهُ(صحيح الترمذي:1078)
ترجمہ: مؤمن کی روح اپنے قرض کی وجہ سے اس وقت تک معلق رہتی ہے جب تک کہ اس کا قرض ادا نہ ہو جائے ۔
اس لئے وفات کے بعد ممکن ہوتو دفن سے پہلے ہی ورنہ تدفین کے فورا بعد میت کے ترکہ میں سے اس کے قرض کی ادائیگی کرے ۔ اگر میت نے ترکہ نہیں چھوڑا ہے تو کوئی دوسرا بھی میت کا قرض ادا کرسکتا ہے ۔ اس سے میت کا قرض ادا ہوجائے گا ۔ اس کی دلیل مستدرک حاکم(2346) میں جابر بن عبداللہ سے مروی روایت ہے ایک شخص کے ذمہ دو دینار تھااس کا انتقال ہوگیا ، اس نے ترکہ بھی نہیں چھوڑا ،یہ بات آپ کو معلوم ہوئی تو آپ نے کہا اپنے بھائی کا جنازہ پڑھ لوپھر ابوقتادہ نے اس کی ذمہ داری لی تو آپ نے جنازہ پڑھا یا، آپ نے فرمایا: (هما عليكَ، وفي مالِكَ، والميِّتُ منهُما برئ)وہ دونوں تمہارے ذمہ اور تمہارے مال میں ہیں اور میت ان سے بری ہے؟۔ اگلے دن آپ نے اس صحابی سے پوچھا دو دینار کا کیا ہواکہا کہ ادا کردیاتو آپ نے فرمایا: (الآنَ حينَ برَّدتَ علَيهِ جلدَهُ)اب اسے سکون ملا۔
٭ موحد مسلمان کی جنازے میں شرکت اور سفارش کرنا :
نبی ﷺ کا فرمان ہے : ما من رجلٍ مسلمٍ يموتُ فيقوم على جنازتِه أربعون رجلًا ، لا يشركون بالله شيئًا إلا شفَّعهم اللهُ فيه(صحيح مسلم:948)
ترجمہ:جو بھی مسلمان فوت ہو جا تا ہے اور اس کے جنا زے پر (ایسے )چالیس آدمی (نماز ادا کرنے کے لیے) کھڑے ہو جا تے ہیں جو اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہیں ٹھہر اتے تو اللہ تعا لیٰ اس کے بارے میں ان کی سفارش کو قبول فر لیتا ہے ۔
نبی ﷺ کا فرمان ہے :ما من ميِّتٍ تُصلِّي عليه أمَّةٌ من المسلمين يبلغون مائةً . كلُّهم يشفعون له . إلَّا شُفِّعوا فيه(صحيح مسلم:947)
ترجمہ:کو ئی بھی (مسلمان ) مرنے والا جس کی نماز جناز ہ مسلمانو کی ایک جماعت جن کی تعداد سو تک پہنچی ہو ادا کرے وہ سب اس کی سفارش کریں تو اس کے بارے میں ان کی سفارش قبول کر لی جا تی ہے ۔
ان دونوں حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جس میت کے جنازہ میں کثیر تعداد شامل ہو اور وہ سب موحد ہوں یعنی شرک کرنے والے مسلمان نہ ہوں اور وہ موحد مسلمان میت کے لئے سفارش کریں تو اللہ ان موحدین کی سفارش قبول کرتا ہے ۔
٭ میت کے لئے دعاواستغفار:
میت کے لئے ہمہ وقت دعا کرنا مشروع ہے ، نبی ﷺ نے وفات ہونے پر گھروالوں کو، میت کی خبر پانے پر ،نماز جنازہ میں ،دفن کرنے کے بعد ، قبرستان کی زیارت کرتے وقت صرف دعا کی تعلیم دی ہے ۔ میت کے حق میں دعا مفید اور اجر کے باعث ہے ۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے : وَالَّذِينَ جَاءُوا مِنْ بَعْدِهِمْ يَقُولُونَ رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِينَ سَبَقُونَا بِالْإِيمَانِ(الحشر: ١٠)
ترجمہ: ور جو لوگ ان کے بعد آئے وہ دعا کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب ہماری اور ہمارے ان بھائیوں کی مغفرت فرما جو ایمان میں ہم سے سبقت لے گئے۔
نبی ﷺ کا فرمان ہے:إذا صلَّيتُم على الميِّتِ فأخلِصوا لَه الدُّعاءَ(صحيح أبي داود:3199)
ترجمہ: جب تم میت کی نماز( جنازہ) پڑھو تو اس کے لیے خلوص سے دعا کرو۔
تدفین کے فورا بعد نبی ﷺ کا فرمان ہے:استغفِروا لأخيكُم ، وسَلوا لَهُ التَّثبيتَ ، فإنَّهُ الآنَ يُسأَلُ(صحيح أبي داود:3221)
ترجمہ:تم لوگ اپنے بھائی کے لئے مغفرت کی دعا کرو اور اس کے لئے ثبات قدمی مانگو کیونکہ اس وقت اس سے سوال کیا جارہا ہے۔
نبی ﷺ کا عمومی فرمان ہے : دعوةُ المسلمِ لأخيه ، بظهرِ الغيبِ ، مُستجابةٌ . عند رأسِه ملَكٌ مُوكَّلٌ . كلما دعا لأخيه بخيرٍ ، قال الملَكُ الموكلُ به : آمين . ولكَ بمِثل " .(صحيح مسلم:2733)
ترجمہ: مسلمان کی اس کے بھائی کے لئے اس کے پیٹھ پیچھے کی دعا قبول کی جاتی ہے اور اس کے سر کے پاس ایک فرشتہ مقرر ہوتا ہے جو جب جب یہ اپنے بھائی کے لئے خیر کی دعا کرتا ہے تو کہتا ہے آمین اور تیرے لئے بھی اسی کے مثل ہو ۔
ان کے علاوہ بے شمار دلائل ہیں جن سے پتہ چلتا ہے میت کو دعاواستغفار کا فائدہ ہوتا ہے ، سلف وخلف نے  اس پر بلاتردد کثرت سے عمل کیا ہے اس لئے ہمیں کثرت کے ساتھ میت کے حق میں دعائے استغفار کرنا چاہئے ۔
٭میت کی جانب سے صدقہ وخیرات :
میت کی جانب سے مالی صدقہ کرنا اجر کا باعث ہے ۔ میت کے مال سے ہو یا اپنے مال سے ، صدقہ اولاد کرے یا کوئی اور میت کو صدقہ کا ثواب پہنچتا ہے اس بات پر متعدد علماء نے اجماع اور اتفاق نقل کیا ہے۔ احادیث سے یہ بات ثابت ہے۔ سعد بن عبادہ سے روایت ہے وہ پوچھتے ہیں:
يا رسولَ اللهِ ! إنَّ أمي ماتت ، أفأتصدقُ عنها ؟ قال : نعم . قلتُ : فأيُّ الصدقةِ أفضلُ ؟ قال : سقْيُ الماءِ(صحيح النسائي؛3666)
ترجمہ: یا رسول اللہ! میری والدہ وفات پاگئیں، اگر میں ان کی طرف سے صدقہ کروں تو وہ انہيں فائدہ دے گا؟ فرمایا: ہاں، میں نے پوچھا کہ کون سا صدقہ افضل ہے تو آپ نے فرمایاپانی پلانا۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے:
أنَّ رجلًا قال : يا رسولَ اللهِ ! إنَّ أُمَّهُ تُوفيت ، أفينفعُها إن تصدقتُ عنها ؟ قال : نعم ، قال : فإنَّ لي مخرفًا ، فأُشهدُك أني قد تصدقتُ به عنها(صحيح النسائي:3657)
ترجمہ: ایک آدمی نے کہا:اے اللہ کے رسول!میری والدہ فوت ہو گئی ہے - اگر میں اس کی جانب سے صدقہ کردوں تو کیا اسے فائدہ ہو گا؟ آپ نے فرمایا:ہاں-اس آدمی نے کہا :میرے پاس ایک باغ ہے -میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ میں نے اس کی طرف سے صدقہ کر دیا ہے۔
میت کی طرف سے مالی طور پر کوئی بھی صدقہ کیا جاسکتا ہے مثلا مسکینوں کو کھانا کھلانا، قرآن خرید کر ہدیہ کرنا، دینی کاموں میں صدقہ دینا، مساجد ومدارس کی تعمیر کرنا، مسافرخانہ، نہر، کنواں ، سڑک وغیرہ بنانا ۔
میت کی جانب سے سب سے افضل صدقہ پانی پلانا ہے اس بابت اوپر حدیث گزری ہے ۔
٭ میت کے نام سے حج وعمرہ:
مشروع ایصال ثواب میں میت کی جانب سے حج وعمرہ کرنا بھی شامل ہے ۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے:
أنَّ امرأةً من جُهينةَ، جاءت إلى النبيِّ صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّمَ فقالت : إن أمي نذرت أن تحجَّ، فلم تحج حتى ماتت، أفأحجُّ عنها ؟ قال : نعم، حجي عنها، أرأيتِ لو كان على أمكِ دينٌ أكنتِ قاضيتِة ؟ . اقضوا اللهَ، فاللهُ أحقُّ بالوفاءِ .(صحيح البخاري:1852)
ترجمہ: قبیلہ جہینہ کی ایک عورت نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور عرض کیا: میری ماں نے حج کرنے کی نذر مانی تھی۔ مگر اسے حج کیے بغیر موت آگئی ہے۔ آیا میں اس کی طرف سے حج کرسکتی ہوں؟آپ نے فرمایا::ہاں اس کی طرف سے حج کرو۔ مجھے بتاؤ اگر تمھاری ماں کے ذمے قرض ہوتا تو کیا تو اسے ادا کرتی؟اللہ کا حق بھی ادا کرو۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ زیادہ لائق ہے کہ اس کا قرض ادا کیا جائے۔
میت کی طرف سے حج کی طرح عمرہ بھی کرسکتے ہیں اور میت کے اوپر حج فرض تھا، وہ بغیر حج کئےوفات پاگیا اور اس نے مال بھی چھوڑا تب تو اس کے وارث پر واجب ہے کہ اس کی جانب سے حج کرے خواہ وصیت کی ہو یا نہ کی ہولیکن اگر مال نہیں چھوڑا تو واجب نہیں ہے تاہم وارث کے لئے اپنے مال سے حج بدل کرنے کا استحباب باقی رہتا ہے۔اسی طرح غیرمستطیع (مرجائے)میت کی جانب سے بھی حج وعمر کرنا جائزہے۔حج وعمرہ بدل کرنے والے کے لئے شرط ہے کہ پہلے وہ اپنا حج وعمرہ کر چکا ہو۔ ایک ساتھ اپنی اور میت کی نیت نہیں کرسکتا ۔ مرد عورت کی طرف سے اور عورت مرد کی طرف سے حج وعمرہ بدل کرسکتے ہیں۔
٭ نذر،کفارات  اورچھوٹے روزے کی قضا:
میت کے ذمہ رمضان کے چھوٹے روزے ، کفارات کے روزے اور نذر کے روزے باقی ہوں تو اس کے وارثین کے ذمہ ہے کہ وہ ان کی قضا کرے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے : من مات وعليه صيامٌ, صام عنه وليُّه.( صحيح البخاري:1952، صحيح مسلم:1147)
ترجمہ: جو شخص اس حالت میں فوت ہو کہ اس کے ذمہ روزے تھے تو اس کی طرف سے اس کا ولی روزے رکھے گا۔
میت کی طرف سے چھوٹے ہوئے روزوں کے متعلق تفاصیل ہیں جنہیں میں نے الگ مضمون میں ذکر کیا اس کا مطالعہ کرنے کے لئے میرے بلاگ کی زیارت کریں ۔
٭ وصیت کئے گئے نیکی کے کاموں کا نفاذ:
وصیت دوچیزوں سے متعلق ہوتی ہے ، ایک مال سے متعلق اور دوسری اعمال سے متعلق ۔
مال سے متعلق ایک وصیت تو یہ ہے کہ آدمی کے اوپر لوگوں کے حقوق ہوں اس کی وصیت کرے مثلاقرض ، امانت وغیرہ ۔مال سے متعلق دوسری وصیت عام ہے وہ کسی غیر وارث کو دینے کے لئےتہائی مال یا اس سے کم کی وصیت کرنا ہےمثلا بیٹے کی موجودگی میں بھائی کوکچھ مال کی وصیت کرنا۔
اعمال سے متعلق ایک وصیت مال کے ساتھ معلق ہے یعنی وصیت کرنے والا اپنی وفات کے بعد اللہ کے راستے میں مال خرچ کرنے کی وصیت کرجائے مثلا مسجد بنانے، یتیم خانہ تعمیر کرنے ، جہاد میں پیسہ لگانے ، غیر متعین مسکین وفقراء میں متعین مال تقسیم کرنے کی وصیت کرنا۔ اعمال سے متعلق ایک دوسری وصیت بغیر مال کے ہے ، وہ اس طرح کہ وصیت کرنے والا اپنی اولاد،اعزاء واقرباء کو نمازکی وصیت، تقوی کی وصیت، شرک سے بچنے کی وصیت اور دیگر اعمال صالحہ کی وصیت کرے اور یہ عظیم وصیت ہے۔
لقمان علیہ السلام اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے کہتے ہیں :
وَإِذْ قَالَ لُقْمَانُ لِابْنِهِ وَهُوَ يَعِظُهُ يَا بُنَيَّ لَا تُشْرِكْ بِاللَّهِ ۖ إِنَّ الشِّرْكَ لَظُلْمٌ عَظِيمٌ (لقمان:13)
ترجمہ: اور جب کہ لقمان نے وعظ کرتے ہوئے اپنے لڑکے سے فرمایا کہ میرے پیارے بچے! اللہ کے ساتھ شریک نہ کرنا بےشک شرک بھاری ظلم ہے۔
میت کے وارثین کو چاہئے کہ میت نے جن چیزوں کی وصیت کی ہے اگر ان میں کوئی شرعی مخالفت نہیں ہے تو اسے نافذ کرے ۔
حضرت ثرید بن سوید ثقفی ؓ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا:
أتيتُ رسولَ اللهِ صلَّى اللهُ عليْهِ وسلَّمَ ، فقلتُ : إنَّ أمي أوصتْ أن تُعتقَ عنها رقبةٌ ، وإنَّ عندي جاريةً نوبيَّةً ، أفيُجزئُ عني أن أعْتِقَها عنها ؟ قال : ائْتِني بها . فأتيتُه بها ، فقال لها النبيُّ : من ربك . قالت : اللهُ ! قال : من أنا . قالت : أنت رسولُ اللهِ ! قال : فأعتِقْها فإنها مؤمنةٌ(صحيح النسائي3655)
ترجمہ: میں رسول اللہﷺ کی خدمت اقدس میںحاضر ہوا اور عرض کیا کہ میری والدہ نے (وفات کے وقت) وصیت کی تھی کہ میری طرف سے ایک غلام آزاد کیا جائے۔ میرے پاس ایک حبشی لونڈی ہے۔ اگر میں اسے آزاد کرادوں تو کیا میری ذمہ داری ادا ہوجائے گی؟ آپ نے فرمایا: اسے میرے پاس لے کر آ۔‘‘ میں لے کر آیا نبیﷺ نے اسے فرمایا: تیرا رب کون ہے؟ اس نے کہا: اللہ۔ آپ نے فرمایا:میں کون ہوں؟ اس نے کہا: آپ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں۔ آپ نے فرمایا: اسے آزاد کردے۔ یہ مومن ہے۔
ایصال ثواب کے ان مشروع طریقوں کے علاوہ میت کی طرف سے اور کوئی عمل انجام نہیں دینا چاہئے ۔ سب سے بہتر ہے کثرت سےاس کے حق میں دعا کرے اور جس قدر صدقہ کرسکتا ہے صدقہ کرے ۔ میت کی جانب سے قربانی اور عقیقہ کا بھی ثبوت نہیں ہے اس لئے ان دو کاموں اور پہلے بیان کردہ ایصال ثواب کے ناجائز طریقے سے بچے ۔ دین میں نئی ایجاد بدعت کہلاتی ہے اور ہر بدعت گمراہی کا نام ہے اور ہرگمراہی جہنم میں لے جانے والی ہے ۔

نوٹ : جنازہ کے احکام ومسائل کے علاوہ جنازہ سے متعلق مختلف قسم کے سوالوں کے جواب بھی الگ سے دئے گئے ہیں جنہیں میں نے ایک جگہ جمع کردیا ہے۔ 

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔