قرآن حفظ
کرنے والی خواتین کو نصیحت
تحریر:مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر،شمالی
طائف(مسرہ)سعودی عرب
قرآن اللہ کا مقدس کلام ہے
، اس کتاب سے مسلمانوں کو بے پناہ محبت ہے ، یہ بے چینوں کے لئے سکون وراحت کا
سامان ، بیماروں کے لئے نسخہ کیمیا، اندھیر قلب ونظر کےلئے ایمان ویقین کی روشنی ،
گمراہ نفس کے لئےسراپا ہدایت کا سرچشمہ
اور مومن کے لئے دنیا وآخرت کی کامرانی کا ضامن ہے ۔ مسلمانوں کی قرآن سے شدید
محبت کی وجہ سے اس کے یاد کرنے والے بھی ہردور میں کثیر تعداد میں رہے ہیں ۔ دنیا
کاایسا کوئی کونہ یا روئے زمین کا کوئی ایسا ٹکرا نہیں ہےجہاں مسلمان رہتے ہوں اور
وہاں کوئی حافظ قرآن نہ پایا جاتا ہو۔ مسلمانوں کی قرآن سے اسی بے پناہ محبت کی
وجہ سے ہردور میں کفار نے اس کتاب مقدس کو جلانے اور مٹانے کی ناپاک کوشش کی مگر
اپنی ناپاک کوشش میں کبھی کامیاب نہ ہوسکے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کتاب کی حفاظت
اللہ رب العالمین نے اپنے ذمہ لے رکھی ہے ۔ کہا جاتا ہے " جسے اللہ رکھے اسے
کون چکھے"۔
نورحق شمع الہی کو بجھا
سکتا ہے کون
جس کا حامی ہو خدا اس کو
مٹاسکتا ہے کون
اسلام ہی ایک ایسا مذمب ہے
جس کی مذہبی کتاب قرآن کے حافظ بے شمار تعداد میں ہرجگہ پائے جاتے ہیں اور کسی
مذہب کے اندر مذہبی کتاب اس قدر حفظ کرنے کی مثال نہیں ملتی ۔کفاراسلام دشمنی میں
قرآن جلاسکتے ہیں ، دوچار حفاظ کو شہید کرسکتے ہیں مگرلاکھوں کروڑوں حفاظ کے سینوں سےاسے نہیں نکال سکتے ۔یہ اللہ کا مسلمانوں پر خاص فضل
وکرم ہے۔
قرآن کے حفظ کرنے والے
جہاں مرد حضرات ہیں وہیں خواتین کی بھی کم تعداد نہیں رہی ہے ۔ آج کل گھریلو
اورسماجی مسائل بڑھنے کی وجہ سے عورتوں کے لئے گھر اور قرآن کا حفظ کچھ مشکل مرحلہ نظر آتا ہے ، یہ ان خواتین کی بات
ہے جنہیں بچپن میں قرآن حفظ کرنے کا موقع نہیں ملاورنہ توصغر سنی میں حفظ قرآن بہت
ہی آسان ہے اور لڑکا ہو یا لڑکی کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے بس سرپرست کی خاصی توجہ کی
ضرورت ہے ۔ جس خاتون کی عمر شادی کے قریب ہوگئی یا شادی ہوگئی اور اس عمر میں حفظ
قرآن کا شوق پیدا ہوگیا تو کوئی حرج کی بات نہیں ہے ،اس مرحلہ میں بھی کچھ پریشانی
کا سامنا کرکے قرآن پاک حفظ کرسکتی ہے مگر کچھ مسائل تو ہیں اسی سبب ہندوستان کے صوبہ
بہار سے محترمہ زیبا فاطمہ صاحبہ خاکسار سے پوچھتی ہیں کہ" کچھ مسلم خواتین قرآن
حفظ کر رہی ہیں انکے لئے کچھ نصیحت کریں جس سے انکے مقصد میں آسانی ہو کہ باوجود
گھر کے کام کاج اور تمام ذمہ داریوں کے وہ قرآن حفظ کر رہی ہیں۔میرا ایک سوال یہ
بھی ہے کہ کیا قرآن گھر پر خود سے حفظ کیا جا سکتا ہے یا کسی حافظ کی نگرانی میں
ہی حفظ کرنا چاہیے؟ "
اللہ کی کتاب پڑھنے ، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے
کے لئے نازل ہوئی ہے ۔ جو قرآن سے جس قدر وابستہ ہوگا ، اس کے اندرعمل کا جذبہ اتنا
ہی بیدار ہوگا۔ اسی لئے ہم دیکھتے ہیں کہ قرآن کے حافظوں کا درجہ بہت بلند ہے۔ نبی
ﷺ کا فرمان ہے:
يُقالُ لصاحِبِ القرآنِ اقرأ وارتَقِ ورتِّل كما
كنتَ ترتِّلُ في الدُّنيا فإنَّ منزلَكَ عندَ آخرِ آيةٍ تقرؤُها(صحيح أبي
داود:1464)
ترجمہ: صاحب قرآن کوکہا جاۓ گا کہ جس طرح تم دنیا
میں ترتیل کے ساتھ قرآن مجید پڑھتے تھے آج بھی پڑھتے جاؤ جہاں تم آخری آیت پڑھوگے
وہی تمہاری منزل ہوگي ۔
یہاں صاحب قرآن سے مراد حافظ قرآن ہے ، حافظ
ابن حجر رحمہ اللہ نے
لکھا ہے کہ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ یہ عظیم ثواب اسی کو ملے گا جس نے قرآن حفظ
کیا، اس کی ادائیگی اور قرات کو مستحکم کیاجیساکہ اس کی شان ہے۔(مرعاۃ المفاتیح
،کتاب فضائل القرآن)
صاحب
قرآن کے والدین کو قیامت میں نور کا تاج پہنایا جائے گا۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
من قرأ القرآنَ وتعلَّمه وعمِل به ؛ أُلبِسَ
والداه يومَ القيامةِ تاجًا من نورٍ (صحيح الترغيب: 1434)
ترجمہ : جس نے قرآن پڑھا ،اسے سیکھااور اس پہ
عمل کیا تو اس کے والدین کو قیامت کے دن نور کا تاج پہنایاجائے گا۔
ان کے علاوہ صاحب قرآن کے
بے شمار فضائل ہیں ، صرف انہیں دو احادیث پہ غور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ہرمسلمان
مردوعورت کو چاہئے کہ قرآن یاد کرے (جس قدرممکن ہو)، اس کا علم حاصل کرے اور اس پر
عمل کرے ۔اس لئے میں اپنی مسلمان بہنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا قرآن حفظ کرنا
بہت مبارک عمل ہے ، اس سے دین وآخرت دونوں سنور جائے گی ۔ اپنے دین وعقائد کو درست
کرتے ہوئے دین پر صحیح سے عمل کرسکیں گی ، ساتھ ہی دوسری خواتین کی اصلاح بھی بہتر
انداز میں کر سکتی ہیں ۔ مثال کے طور پر آپ کےپاس ایک ایسی عورت آئی جو مزاروں پہ
جاتی ہے ، غیراللہ سے فریاد رسی کرتی ہیں ، میت کے لئے نذر مانتی ہے ، قرآن اس کی
زندگی میں تعویذ کی حد تک ہے وغیرہ ۔ اس عورت کے سامنے اگر قرآن سے چند آیات پڑھ
کر ترجمہ کردیں ، مختصر سمجھا دیں گویالمحہ بھر میں آپ نے اس کے عقیدہ کی اصلاح
کردی ۔ماننا نہ ماننا اپنی جگہ آپ نے دعوت کا حق ادا کردیااور یقین کریں قرآن پڑھ
کے آپ کا سمجھانا بہت ہی موثر ہوگا،ویسے بھی عورتوں میں اصلاح کی سخت ضرورت ہے ۔
جو خواتین قرآن حفظ کرنا
چاہتی ہیں ، ان کے سامنے کئی امور اور مراحل ہوں گے ، کام کاج، شادی بیاہ ، ماں
باپ او ر شوہر واولاد وغیرہ ان سب مراحل میں آپ کے لئے دشواری پیش آسکتی ہے ، اس
سے پہلے بنیادی طور پریہ سمجھ لینا چاہئےکہ قرآن کا حفظ کرنا بہت بڑے اجر کا باعث ہے مگر
ہرمسلمان کو مکمل قرآن یاد کرنا ضروری نہیں ہے ۔ تاہم اتنا ضرور یاد ہو کہ اس کے
لئے پنج وقتہ نماز اور تراویح وتہجد میں آسانی رہے ۔ جب آپ مکمل قرآن کریم حفظ کرنے کا ارادہ کریں تو چند باتوں کو ملحوظ رکھیں ۔
(1) سب سے پہلے نیت خالص
کریں اور اللہ تعالی سے حفظ قرآن میں آسانی کے لئے مدد طلب کریں ۔
(2) پھر عزم مصمم کرلیں کہ
مجھے حفظ کرنا ہے اس کے لئے ایک مناسب وقت متعین کرلیں تاکہ ہمیشہ اس وقت کام کاج
چھوڑ کر یاد کرنے لگ جائیں ۔ یاد رہے حفظ کا شوق نہیں ہوگا تو یہ کام مشکل تر
ہوجائے گااس لئے شوق کو کم نہ ہونے دیں۔
(3) اگر آپ کا ناظرہ
بہترین ہے اور نہایت دلجمعی سے حفظ کررہے ہیں توگھر میں اپنےسے بھی قرآن یاد
کرسکتے ہیں کسی معاون کی اشد ضرورت نہیں ہے لیکن معاون کا ہونا زیادہ اچھا ہے ۔اس
لئےآپ کے حق میں بہتر یہی ہےکہ یاد کئے
سبق کو سنانے کے لئے ایک اچھی قارئہ کا انتخاب کریں جسے روزانہ سنا سکیں ، روزانہ
ممکن نہ ہو تو ہفتے بھر کا سبق ضرور سنائیں مگر دقت نظری کے ساتھ تاکہ جہاں کہیں
اصلاح کی ضرروت ہو اس کی اصلاح کرلیں۔
(4) کوئی قارئہ نہ ملے یا قارئہ کو سبق سنانے میں ناغہ
ہوجایاکرے تو موبائل یا کمپیوٹریاٹیپ
رکارڈ سے وہ سبق سن لیا کریں ، اس سے حفظ کے ساتھ قرات میں بھی فائدہ ہوگا۔
(5) حفظ کے لئے ایک ہی
مصحف کا انتخاب کریں اور فجر یا عشاء کے
بعد کا وقت حفظ کے لئے بہت موزوں ہے اسے چن لیں یا پھرآپ کے لئے جس میں آسانی ہو۔
(6) ایک اور بات حفظ کے ساتھ یا حفظ کے بعد جب آپ کے
لئے آسانی ہو تھوڑا تھوڑا کرکے یاد کئے اسباق کو ترجمہ ومختصر تفسیر سے سمجھنے کی
بھی کوشش کرتے رہیں۔
(7) ایک اہم بات اگر آپ
شادی شدہ ہیں تو یاد رہے کہیں حفظ قرآن حقوق کی ادائیگی میں مخل نہ ہواور غیرشادی
شدہ ہیں پھر بھی آپ کےذمہ جو کام ہو اسے ادا کرلیا کریں ۔
خواتین اسلا م کی عبرت کے
لئے میں یہاں دو واقعہ ذکر رہاہوں ایک واقعہ میرے دور طالب علمی کا ہے ۔ ایک لڑکےکو
میں نے دیکھا وہ عالمانہ پڑھائی بھی کررہاہے اوراز خود تھوڑا تھوڑا قرآن یاد کررہاہے
، پھر ہوا یوں کہ وہ ادھر مدرسہ سے فارغ
ہوا اور ادھر پورا قرآن حفظ کرلیا۔ اسی طرح ایک دوسرا واقعہ میں نے سعودی عرب کے
ریڈیو پہ سنا ، ایک پروگرام ہے اذاعۃ القرآن ، اس کے ذریعہ عصر کے وقت مع القرآن
کے نام سے ایک عصری پروگرام چلتاہے جس میں پہلے سے طے رہتا ہے کہ آج مشارکین کو
فلاں جگہ سے فلاں جگہ کی آیات ترتیل سے سنانی ہیں ۔ ایک دن تقریبا پچاس سال کی عمر
کی عورت نے قرآن سنایا ، پھر ریڈیو والے نے پوچھا کہ کتنا قرآن یاد ہے ؟ تو انہوں
نے بتایا کہ میں آنکھوں سے اندھی ہوں اور ٹیپ رکارڈ سے سن سن کر میں نے گھر میں
تئیس سپارے حفظ کرلئے ۔ بس چند پارے باقی بچ گئے ہیں۔میرے آنکھوں سے آنسو جاری
ہوگئے ۔ سعودی عرب میں رہتے مجھے اندازہ ہوا کہ یہاں عام طور سے مردوں کو جتنا
قرآن یاد ہوتا ہے اتنا اپنے یہاں بہت سے مولوی کو بھی یاد نہیں رہتا ہے ۔ یہی حال
سعودی کی خواتین کا بھی ہے ، ان میں بھی حفظ قرآن عام ہے ۔ اللہ تعالی ہمارے سماج
کے مردوخواتین کوبھی اس کا جذبہ دےاور حفظ
کرے والی تمام عورتوں کے کام اور حفظ میں
آسانی پیدا فرمائے آمین۔
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔