Tuesday, April 25, 2017

عصر حاضر کا سلفی ومعیاری ترجمان مجلہ الفیض

عصر حاضر کا سلفی  ومعیاری ترجمان مجلہ الفیض

صحافت وکتابت جہاں زوداثرہے وہیں اس کے گہرے نقوش اذہان وقلوب پر ثبت ہوتے ہیں،اس لئے اسلاف نے کتاب وسنت کی ترویج واشاعت میں تقریر کے ساتھ تحریر کا بھی علم بلند کیا بلکہ انہوں نے جو تحریری وراثت چھوڑی ان سے قیامت تک خوشہ چینی ہوتی رہے گی ، اس وقت عموما لوگ ان  ہی  کے علمی شہ پاروں اور دینی حکمت وبصیرت سے علم کشید کررہے ہیں ۔ایک ایک موضوع پر ضخیم سے ضخیم کتابیں یا دو دو، تین تین  ہندسوں پر محیط جلدیں اعلی پیمانے پر تحریروکتابت اور پرنٹ میڈیا کے ذریعہ دین متین کی دعوت وتبلیغ کا غماز ہیں ۔دراصل یہ سنت نبوی ﷺہے ۔آپ ﷺنے صحابہ کو قرآن کی کتابت کا حکم دیا ،ساتھ ہی احادیث کو بھی الگ سے تحریر کرنے کا حکم صادر فرمایااور صحابہ کرام نے فرمان نبوی کو عملی جامہ پہنایا۔اس لحاظ سے دینی اداروں اور تعلیمی مراکز سے شائع ہونے والے ماہانہ ،سہ ماہی ، ششماہی اور سالانہ دینی وعلمی مجلے سنت نبوی اور اسلاف کا ترجمان ہیں ۔
صوبہ بہار کا ایک اہم ضلع ارریہ جہاں سلطان  شیرشاہ سوری نےکٹیہار، پورنیہ ، کشن گنج اور سپول کے علاوہ یہاں بھی  مسلم قوم کو بسایا تھا اور چند سالوں پہلےان علاقوں میں  علم وثقافت کی روشنی مدھم تھی مگرکچھ نوجوان اس تیزی سے ابھرے کہ قلیل عرصے میں ٹاپو کہے جانے علاقوں میں علم  وحکمت سے  دلوں کومنور، تہذیب وثقافت سے سماج کو مہذب اوربے لوث خدمات سے دامن انسانیت بھر دیا۔ان غیور وباہمت وحوصلہ نوجوان میں سنہرے حروف سے لکھا جانے والا نام ڈاکٹر امان اللہ اسماعیل مدنی حفظہ اللہ کا ہے ۔آپ کی حسن سرپرستی میں،ارریہ ضلع میں فیض ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے ماتحت تعلیمی ادارہ  الفیض ماڈل اکیڈمی اور معہد حفصہ للبنات چل رہے ہیں  ۔ اس سوسائٹی کے زیر اہتمام کئی سالوں سے پابندی کے ساتھ ایک سہ ماہی مجلہ بنام الفیض جاری وساری ہے ۔ کئی مہینوں سے مسلسل ناچیز کو بھی  اس مجلے سے مستفید ہونے کا موقع مل رہا ہے ۔عصر حاضر میں سلفی منہج کی عکاسی اور خالص سلفیت کی نشر واشاعت کرنے والے مجلوں میں اس کا شمار ہوتا ہے ۔ یہ مجلہ ہندوستان ونیپال کے مختلف علاقوں میں مقبول خاص وعام ہے ۔ مضامین کا تنوع اور ان کا حسن انتخاب ، حالات کی عکاسی اور ان کا تجزیہ ، مؤقر علمائے کرام کے رشحات قلم اور اہم مسائل وفقہ کا اضافہ اس مجلے کے امتیازی محاسن ہیں ۔ اس پر مستزاد ڈاکٹر صاحب کی بصیرت افروز نگرانی مجلے کو چار چاند لگادیتی ہے ۔ دینی مجلوں کے گرتے گراف کو دیکھتے ہوئے بلکہ دین کے نام پرآج  مجلوں کے ذریعہ بدعات وخرافات اور کشف وکرامات کو ہوا دی جارہی ہے ایسے ماحول میں عوام الناس سے گزارش کے قرآن وحدیث سے مزین الفیض کو حاصل کریں اور دین کا صحیح علم حاصل کریں ، اگر آسانی سے کوئی دوسرا مجلہ بھی دستیاب ہوسکے  جوقال اللہ اور قال الرسول کے عطر سے مشکبارہو تو اسے بھی علم کے حصول کا اپنا ذریعہ بنائیں ۔
آخر میں اللہ تعالی سے دعاگوہوں کہ فیض ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی اور اس کے ماتحت چلنے والے سبھی ادروں کو امت کے لئے نفع بخش بنائے ، بالخصوص مجلہ  الفیض کا فیض ساری امت میں عام کرے اور ان کے شرکاء، معاونین ، منتظمین اور جملہ کارکنان کو جزائے خیر سے نوازے ۔ آمین
مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر-طائف



0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔