Monday, April 24, 2017

مشکل نذر کا کفارہ


مشکل نذر کا کفارہ

مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر- طائف


کسی شخص نے ایسی منت مان لی  کہ فلاں کام ہوجائے گا تو مسلسل نو مہینے روزہ رکھوں گا یا  ہرماہ ایک ہزار روپئےصدقہ کروں گا یا روزانہ سورکعات نفل نماز پڑھوں گا وغیرہ ۔ اتفاق سے اس بندے کا  سوچا ہواکام پورا ہوگیا ، کام پورا ہونے کے بعد مانی ہوئی منت مشکل معلوم ہورہی ہےیعنی منت پوری کرنے کی طاقت نہیں ہے تو سوال یہ ہے کہ اس منت کو کیسے پوری کی جائے ، اسلام میں اس کا کیا حل ہے ؟
اسلام نے ہمیں نذر ماننے سے روکا ہے کیونکہ آدمی نذر پر بھروسہ کرلیتا ہے جبکہ ہرچیز کا اختیار اللہ کے پاس ہے ، وہی جو چاہتا ہے ہوتاہے ،اس لئے مسلمان کو اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہئے اور مشکل سے مشکل وقت میں اس کی طرف رجوع کرکے صدقہ، دعا، استغفاراور نیکی کے ذریعہ آسانی کا سوال کرنا چاہئے ۔ اللہ تعالی بندوں پر نہایت ہی مہربان اور بڑا ہی شفقت کرنے والا ہے ۔
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنھما سے روایت ہے :
نهَى رسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّم عن النَّذرِ ، وقال : إنَّه لا يرُدُّ شيئًا ، إنَّما يُستخرَجُ به من الشَّحيحِ( صحيح النسائي: 3811)
ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مرتبہ نذر ماننے سے منع کرنے لگے اور فرمانے لگے کہ وہ کسی ہونے والی چیز کو پھیر نہیں سکتی، البتہ اُس کے ذریعہ سے کچھ مال بخیل سے نکلوا لیا جاتا ہے۔
اس حدیث سے معلوم ہواکہ  اولا ہمیں نذر سے پرہیز کرنا چاہئے لیکن اگر کسی نے نذر مان لی ہے اور اس نذر میں اللہ کی معصیت بھی  نہیں ہے تو پھر اسے پورا کرے اور یہ پورا کرنا فرض ہوجاتا ہے ۔ اللہ کا فرمان ہے :
{ ثم ليقضوا تفثهم وليوفوا نذورهم } {الحج : 29}
ترجمہ: پھر وہ اپنا میل کچیل دور کریں اور اپنی نذریں پوری کریں ۔
اور نبی ﷺ کا فرمان ہے :
من نذر أن يُطِيعَ اللهَ فلْيُطِعْهُ ، ومن نذرَ أن يعصِيَه فلا يَعْصِه(صحيح البخاري:6696)
ترجمہ: جو شخص اس بات کی نذر مانے کہ وہ اللہ تعالی کی اطاعت کرے گا تو اسے اللہ تعالی کی اطاعت کرنی جاہیے یعنی نذر پوری کرنی جاہیے اور جو شخص نذر مانے کہ وہ اللہ تعالی کی نافرمانی کرے گا تو وہ اللہ تعالی کی نافرمانی نہ کرے۔
کوشش کے باوجوداگر کوئی  نذر پوری نہیں  کرپارہا ہے یا حالات کچھ ایسے پیدا ہوگئے جن کی وجہ سے مانی ہوئی اطاعت والی نذر کا پورا کرنا دشوار ہوگیا تو ایسی صورت میں نذر کا کفارہ ادا کردے تو نذر پوری ہوجائے گی ۔ نذر کا کفارہ وہی ہے جو قسم کا کفارہ ہے ، نبی ﷺ کا فرمان ہے :
كفارةُ النذرِ كفارةُ اليمينِ(صحيح مسلم:1645)
ترجمہ: نذر کا کفارہ وہی ہے جو قسم کا کفارہ ہے۔
اور قسم کے کفارے کا بیان قرآن میں مذکور ہے ، اللہ کا فرمان ہے :
لَا يُؤَاخِذُكُمُ اللَّهُ بِاللَّغْوِ فِي أَيْمَانِكُمْ وَلَٰكِنْ يُؤَاخِذُكُمْ بِمَا عَقَّدْتُمُ الْأَيْمَانَ ۖ فَكَفَّارَتُهُ إِطْعَامُ عَشَرَةِ مَسَاكِينَ مِنْ أَوْسَطِ مَا تُطْعِمُونَ أَهْلِيكُمْ أَوْ كِسْوَتُهُمْ أَوْ تَحْرِيرُ رَقَبَةٍ ۖ فَمَنْ لَمْ يَجِدْ فَصِيَامُ ثَلَاثَةِ أَيَّامٍ ۚ ذَٰلِكَ كَفَّارَةُ أَيْمَانِكُمْ إِذَا حَلَفْتُمْ ۚ وَاحْفَظُوا أَيْمَانَكُمْ ۚ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ اللَّهُ لَكُمْ آيَاتِهِ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُونَ( المائدۃ: 89)
ترجمہ: اللہ تمہاری بے مقصد قسموں پر تمہارا مواخذہ نہیں کرے گا لیکن جو سنجیدہ قسمیں تم کھاتے ہو ان کا مواخذہ ہو گا، پس اس (قسم توڑنے) کا کفارہ دس محتاجوں کو اوسط درجے کا کھانا کھلانا ہے جو تم اپنے گھر والوں کو کھلاتے ہو یا انہیں کپڑا پہنانا یا غلام آزاد کرنا ہے اور جسے یہ میسر نہ ہو وہ تین دن روزے رکھے، جب تم قسم کھاؤ (اور اسے توڑ دو) تو یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے اور اپنی قسموں کی حفاظت کرو، اللہ اسی طرح اپنی آیات تمہارے لیے کھول کر بیان فرماتا ہے تاکہ تم شکر ادا کرو.
گویا ایسی منتیں جن کا پورا کرنا اختیار سے باہر ہوں اس کے لئے نذر کا کفارہ ادا کردے جس کا ذکر اوپر والی آیت میں ہے یعنی دس مسکینوں کو کھانا کھلانا، یا انہیں کپڑا پہنانا، یا ایک غلام آزاد کرنا ،، ان  تینوں میں سے جس کی سہولت ہو کرسکتا ہے اور ان تینوں میں سے کسی کی طاقت نہ ہو تو تین روزے رکھے  ۔ 


0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔