Monday, March 21, 2016

واٹس اپ گروپ : اصول ونظریات

واٹس اپ گروپ : اصول ونظریات
================
مقبول احمد سلفی

واٹس اپ سوشل میڈیا کا زبردست حصہ ہے ، اس کے ذریعہ جہاں تخریبی کام کیاجاسکتا ہے وہیں دینی اعتبارسے بھی اسکی افادیت کا انکار نہیں کیاجاسکتا۔
واٹس اپ کی افادیت میں سےہے کہ اس پہ گروپ بناکر دعوت وتبلیغ کانمایاں کام بآسانی انجام دیاجاسکتا ہے اور الحمد للہ متحرک وفعال مسلم نوجوانوں نے اس کی طرف توجہ مبذول کی اور نوع بنوع گروپ بناکر مختلف طریقے سے دین کی تبلیغ کا کام لیااور لیاجاتا رہے گا۔
سیکڑوں  گروپ کا ممبر ہونے سےذاتی طورپہ مجھے کافی تجربہ ہوا،اس وجہ سے  گروپ  سے متعلق مفید پہلوؤں پہ لکھنے کا شوق پیدا ہوا۔ انہیں میں چند نکات میں الگ الگ بیان کرتاہوں۔

واٹس اپ گروپ کا نام
٭ اگرکوئی خاص ہدف ہو تو ہدف کے مطابق گروپ کا  مخصوص  نام رکھا جائے مثلا تلاوت وترجمہ، درس قرآن ، درس حدیث،علمی مباحثہ ،وائس میسیج ، خطبات وغیرہ
٭ویسے عمومی طورپہ واٹس اپ کے لئے مختصر اور عمومی نام رکھنا زیادہ بہتر ہے تاکہ اس میں دین سے متعلق ہرقسم کی مفید اشیاء شیئر کی جاسکے ۔
٭ لمبے ناموں سے کوئی فائدہ نہیں کیونکہ وہ اسکرین پہ مکمل ظاہرنہیں ہوتا۔

واٹس اپ گروپ کے مقاصد
٭ ہرمسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دین کا صحیح علم حاصل کرے اور ہرممکن وسائل کے ذریعہ علم کی نشرواشاعت کرے ۔ واٹس اپ بھی دین کی اشاعت کا اہم ذریعہ ہے لہذا جو اس پہ کام کرسکتے ہیں انہیں  اس پہ بھی دینی کام کرنا چاہئے ۔
٭گروپ کا اہم مقصد فقط صحیح دین کی رہنمائی اور اس کا فروغ ہو مگر کچھ لوگوں نے اسے وقت گذاری کا مشغلہ بنارکھا ہے جو زندگی کے قیمتی لمحات کے لئے زہرہلاہل ہے ۔
٭دین کے نام پہ فضول کلام،نادانوں سے طول کلامی،بلاوجہ بحث وتکراراور غیرضروری امور پہ بات چیت تضییع اوقات کے ساتھ فتنہ وفساد کی جڑ ہے ۔
٭بعض لوگ گروپ کا مقصد مخالفین کو طعن وتشنیع ، عیب جوئی اور گالی گلوج سمجھ رکھاہے ۔ اس سے سوائے فساد وتشدد کے کچھ ہاتھ نہیں آتا۔اس لئے ہرکسی سے حکمت وموعظت کے ساتھ بات کی جائے ۔

واٹس گروپ کے اصول ونظریات
٭ اگر کوئی مخصوص علمی گروپ ہو تو اس میں وہی پوسٹ ڈالی جائے جس مقصد کے تحت گروپ معرض وجود میں آیا ہے ۔
٭عام گروپ میں دین سے متعلق ہرقسم کی باتیں پوسٹ کی جاسکتی ہیں ، ساتھ ساتھ گروپ کا رکھ رکھاؤ برقرار رکھنے کے لئے  کثرت مضمون اور غیرضروری اشیاء پہ  اڈمن کی طرف سے  پابندی ہوسکتی ہے ۔
٭واٹس اپ کا کوئی بھی گروپ ہو اس میں لمبی پوسٹ سے بچنا چاہئے اور اگر کوئی آڈیو یا ویڈیو نشر کرے تو لازما تحریری طور پہ اس کی مختصر وضاحت کردے۔
٭گروپ کے اصول میں بعض کے یہاں امیج کی ممانعت، بعض کے یہاں ویڈیو کی ممانعت تو بعض کے یہاں تحریر یا کمنٹ کی ممانعت ہوتی ہے ۔ یہاں میں یہ مشورہ دینا چاہتاہوں کہ اگر مخصوص گروپ نہ ہوبلکہ عمومی ہوتوان چیزوں کی ممانعت نہیں ہونی چاہئے کیونکہ کسی مسئلے کا حل کبھی امیج میں ہوتا ہے تو کبھی تحریر یا آڈیو،ویڈیو میں ۔
٭ مخصوص علمی گروپ کا نام بھی مخصوص ہونا چاہئے تاکہ مواد شیئر کرنے والے کے لئے  ہمیشہ گروپ کا مقصد واضح رہے ۔  
٭ بعض لوگ گروپ کا نام عمومی رکھتے ہیں مگر مقصد خاص ہوتا ہے جوکہ گروپ ممبرکے لئے خاصا دشوار ہے ۔ اس کی وجہ ایک آدمی کئی گروپ میں شامل ہوتا ہے اسے الگ الگ ہرگروپ کا مقصد اوراصول ازبر نہیں ہوتا ۔اس لئے عمومی نام کو خاص علمی مقصد کے تحت استعمال نہ کیا جائے ۔
٭ دیکھنے میں آیا ہے  بعض گروپ کی ہدایت ہوتی ہے کہ فلاں وقت سے فلاں وقت تک کوئی میسیج نہیں کرے۔ میرے خیال سے یہ اصول پرسنل میسیج کے لئےتو ہوسکتا ہے مگر گروپ کے لئے نہیں کیونکہ ہرآدمی اپنے وقت اور سہولت کے حساب سے واٹس اپ استعمال کرتا ہے ۔ اگر کسی کو رات یا دن کے کسی حصے میں آوازسےیا میسیج سے دشواری معلوم ہوتی ہے تووہ آواز بھی بند کرسکتا ہے اور نٹ بھی ۔
٭ گروپ کا ایک اہم اصول یہ بھی ہوکہ غیرضروری مواد سے بچنے کے علاوہ صرف دلائل سے مستحکم پوسٹ ہی شیئر کی جائے ۔ غلط افکار،پروپیگنڈا،لایعنی باتیں خصوصاغیرشرعی امور سے یکسر اجتناب کیاجائے۔
٭گروپ میں بات چیت یا کسی مسئلے پہ مباحثہ اسلامی آداب اور اسلامی ماحول میں ہو۔
٭ آپ جب بھی کوئی تحریر لکھیں تو لازما اس پہ اپنا نام لکھیں تاکہ مضمون ، صاحب مضمون سے جانا جائے اور عوام کے لئے الجھن  کا سبب نہ بنے۔
٭کسی کی ذاتی پوسٹ پہ اپنانام اور موبائل نمبرلکھنا یا رنجش وحسد میں پوسٹ سے محرر کا نام  ہٹاناعلمی اعتبار سے قبیح عمل ہے ۔

گروپ اڈمن کے اصول
٭ واٹس اپ پہ گروپ کی سہولت ہونے کی وجہ سے ہرکوئی چاہتاہے کہ اس کا اپنا الگ گروپ ہو اور وہ جیسے تیسے بغیر اجازت لوگوں کو شامل کرلیتاہے جس کی وجہ سے گروپ کی کثرت تو نظر آتی ہے مگر افادیت نظر نہیں آتی ۔  اسلامی گروپ اڈمن کے لئے  علمی صلاحیت کا ہونا بہت ضروری ہے تاکہ وہ لوگوں کی صحیح رہنمائی کرے ۔
٭ آپ کہیں گے کہ اڈمن کے لئے صلاحیت کی کیا ضرورت ہے ؟ میں کہوں گا گروپ میں جو بھی پوسٹ کی جائے گی اس کی صحت وضعف کی طرف کون اشارہ کرے گا؟ گروپ کی حیثیت ڈبے کی  نہیں ہے جس میں بغیرتمیز کئے غلط سلط ہربات ڈالی جاتی رہے ۔ورنہ گروپ کا کوئی مقصد ہی نہیں رہ جائے گا۔
٭ ہاں اگر گروپ اڈمن میں صلاحیت کی کمی ہے تو گروپ ممبر کی رہنمائی کے لئے کسی باصلاحیت ممبر کو شامل کرے ۔
٭ گروپ اڈمن کے لئے نہایت ضروری ہے کہ وہ اپنے گروپ میں بغیر اجازت کسی بھی ممبر کو شامل نہ کرے اور شمولیت کے لئے گروپ کے اصول ونظریات سے بھی واقف کرائے ۔
٭کسی ممبر سے لغزش ہونے پہ پہلے اسے تنبیہ کرے ۔ غلطی پہ مصر رہنے کے عالم میں اسےگروپ سے باہر کردے ورنہ گروپ کا ماحول خراب ہوجائے گا۔
٭  وقت گذاری، ہنسی مذاق ، لہو و لعب اور فحش وبیہودہ گوئی کی خاطر کوئی گروپ نہ بنائے ورنہ اس کا وبال اڈمن کے سرہی آئے گا۔
٭ اڈمن بغیر جابنداری کے تمام ممبران کا ادب واحترام کرے اور ہرایک دوسرے کا احترام کرے اس بات کی ہدایت جاری کرے۔
٭ بسااوقات نااہل اور بداخلاق ممبر کی وجہ سے کبھی کبھی دوسرے ممبرکو اس کی بدگوئی سے تکلیف ہوتی ہے تو کبھی اڈمن کو۔میرا مشورہ یہ ہے کہ جس کے متعلق بداخلاقی کا تجربہ ہوجائے ،بجائے اس کے کہ اس کے ساتھ بھی بداخلاقی کی جائے اسے بلاک کردیا جائے ۔
٭ واٹس اپ کے ذریعہ بعض مسلم نوجوان بہت کام انجام دے رہے ہیں جس کے بدلے انہیں مخالفین کی طرف سے گالی دی جاتی ہے ، اس بات پہ میں صبر کی تلقین کرتا ہوں۔

ایک اہم انتباہ
اولا اپنی ذات کو پھر واٹس اپ سے جڑے ہرآدمی کو یہ نصیحت کرتاہوں کہ کبھی بھی کوئی غلط یا فحش چیزشائع نہ کریں ۔ ایک دفعہ شائع ہونے کے بعد وہ ہمیشہ گردش میں رہے گی اور سب کا گناہ ہمارے سر آئے گا۔ اسی طرح ہمیں جو پوسٹ ملے اس کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اچھی طرح تحقیق کرلیں ۔ بسااوقات قرآن کی آیت میں غلطی ہوتی ہے اور کبھی حدیث لکھی رہتی ہے مگر وہ حدیث نہیں ہوتی ۔ اور کبھی کبھی قرآن و حدیث کا الٹا پلٹا مطلب نکالا گیاہوتا ۔ اسلئے اس معاملے میں ہمیں احتیاط سے کام لینا چاہئے ۔




0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔