Thursday, November 12, 2015

اسلام میں منگنی کا تصور

اسلام میں منگنی کا تصور

مقبول احمد سلفی
نکاح کے امور میں سے ایک امر منگنی بھی ہے ۔ یہ ہندی لفظ ہے اسے عربی میں خطبہ کہتے ہیں اور اردو میں شادی کا پیغام دینا کہتے ہیں  جو عقد نکاح سے پہلے ہوتا ہے ۔ ویسےعقد نکاح شرعی طریقے پہ انجام دینے سے پورا ہوجاتا ہے یعنی لڑکی کے ولی کی طرف سے ایجاب اور لڑکا کی طرف سے قبول ہو اور یہ ایجاب و قبول دو عادل گواہوں کی موجودگی میں ہو۔  
اسلام میں منگنی کا ثبوت ملتا ہے اس کے کئی دلائل ہیں ، چند ایک ملاحظہ فرمائیں :
(1) اللہ تعالی فرمان ہے :
ولا جناح عليكم فيما عرضتم به من خطبة النساء (البقرة :235)
ترجمہ: اور تم پر کوئی گناہ نہیں کہ تم عورتوں کو اشارے کنائے میں نکاح کا پیغام دو ۔
(2) نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے کہ انہوں نے عائشہ رضي اللہ تعالی عنہا کو شادی کا پیغام دیا تھا اور ان سے منگنی کی تھی ۔(بخاری :4793 )
(3)نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حفصہ رضي اللہ تعالی عنہا سے منگنی کی تھی۔( صحیح بخاری :4830 ) ۔
شرعی حکم : مذکورہ دلائل کی روشنی میں منگنی مشروع ہے، لہذا منگنی ہونے کے بعد بغیر کسی عیب کے قول و قرار سے مکرنا جائز نہیں ہے۔ہاں اگر فریقین میں سے کسی پہ کوئی معقول عیب ظاہر ہوجائے تو منگنی ختم کرسکتا ہے ۔
منگنی کی حکمت اور فوائد:
روزمرہ کی زندگی میں ہم دیکھتے ہیں کہ جب بھی دو فریق یا دو ادارہ یا دو محکمہ میں معاہدہ ہوتا ہے تو آپس میں ملاقات کرتے ہیں ، منگنی کی رسم بھی صدیوں سے ہے شکل مختلف رہی ہوگی ۔ اس کی حکمت ایک دوسرے کو قاعدے سے جان لینا ہے۔ اس کا بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے جانبین کو قریب سے دیکھ کر شادی کا معاملہ طے کرنے یا انکار کرنے میں آسانی پیدا ہوجاتی ہے ۔
منگنی کے مباح امور:
٭ کسی سے منگنی کا ارادہ ہو تو استخارہ کرے جیساکہ فرمان نبوی ہے "جب تم میں سے كوئی شخص كسی (مباح) كام كا ارادہ كرے تو دو ركعات نفل نماز پڑھے اس كے بعد دعا كرے"۔(بخاری : 6382)
٭دیندار لڑکی کو پیغام دے :
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : ( تُنْكَحُ الْمَرْأَةُ لِأَرْبَعٍ : لِمَالِهَا ، وَلِحَسَبِهَا ، وَلِجَمَالِهَا ، وَلِدِينِهَا ، فَاظْفَرْ بِذَاتِ الدِّينِ تَرِبَتْ يَدَاكَ ۔ (متفق علیہ)
ترجمہ : ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے بیان کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (عورت سے شادی چار اشیاء کی وجہ سے کی جاتی ہے، اس کے مال، حسب نسب، حسن، اور دین کیوجہ سے، دین دار کو پا لو تمہارے ہاتھ خاک آلود کر دے گی)۔
٭باکرہ سے شادی: آپ ﷺ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے فرماتے ہیں :
فهلا بكراً تلا عبها وترعبك (متفق عليه)
ترجمہ: کیوں تم نے کنواری سے شادی نہیں کی، وہ تم سے کھیلتی اور تم اس سے کھیلتے۔
(اس حدیث کو امام بخاری، مسلم اور اصحابِ سنن نے روایت کیا ہے۔)
٭زیادہ بچہ جننے والی عورت سے شادی:
اللہ کے رسول صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:
تَزَوَّجُوا الوَدُودَ الوَلُودَ ، فَاِنِّی مُکَاثِر بِکُمُ الأُمَمَ۔( أبوداوؤد )
ترجمہ: تم زیادہ محبت کرنے والی اور زیادہ بچے جنم دینے والی عورتوں سے شادی کرو ، کیونکہ دیگر امتوںکے مقابلے میں مجھے اپنی امت کی کثرتِ تعداد پر فخر ہوگا۔
٭ منگیتر کو دیکھنا:
شادی سے پہلے لڑکی (منگیتر)  کو دیکھنادیکھنا مسنو ن ہے چنانچہ
مغیرہ بن شعبہ رضي اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ میں ایک عورت کو نکاح کا پیغام بھیجنے والا ہوں، آپ نے فرمایا: جاؤ اسے جاکر دیکھ لو،کیونکہ ایسا کرنا تم دونوں کے مابین زيادہ استقرار (محبت اور رشتے کی مضبوطی) کا باعث بنے گا ۔( صحیح ابن ماجہ : 1524)
منگنی کے غیر شرعی امور:
(1) منگنی پہ منگنی:نبی اکرم صلى الله عليه وسلم کا ارشاد ہے:
لا یخطب الرجل علی خطبة اخیہ حتی ینکحہ او یترک (رواہ البخاری) ترجمہ: آدمی اپنے بھائی کے پیغام نکاح پر پیغام نکاح نہ دے یہاں تک وہ اس سے شادی کرلے یا چھوڑ دے“ (صحیح بخاری)
(2) انگوٹھی کی رسم: منگنی میں لڑکا اور لڑکی انگوٹگیوں کا تبادلہ کرتے ہیں جسے ڈبلہ کا نام دیا جاتا ہے۔ اس اعتقاد کے ساتھ کے اس کے اس کے پہننے سے فائدہ ہوگا۔ یہ جاہلی تصور ہے بلکہ ضفیف الاعتقادی ہے اور یہ غیروں کی نقالی بھی ہے ۔ سونے کی انگوٹھی مردوں پہ حرام ہے ۔
(3) منگنی پہ آڈر کی دعوت: اگر مہمانی کے طور پر دعوت کھلادی جائے تو کوئی حرج نہیں مگر آڈر کرکے جبری دعوت کھانا جائز نہیں ہے ، اسی طرح مٹھائیاں تقسیم کرنے کی رسم بھی درست نہیں ہے ۔
(4) پھول مالا پیش کرنا: بعض علاقوں میں رسم کے طور پہ پھول مالا پیش کئے جاتے ہیں یہ بھی غیر شرعی ہے ۔
(5) شراب و کباب کی محفل: منگنی کے نام ستارے ہوٹلوں میں شراب و کباب اور رقص و سرود کی محفل قائم کی جاتی ہے جو سراسر حرام ہے ۔
(6) اختلاط : منگنی کی رسم میں بے پردہ خواتین اجبنی مردوں کے ساتھ اکٹھی ہوتی ہیں یہ بھی اسلام میں حرام ہے ۔
(7) مہنگے تحائف: اس موقع سے ایک دوسرے کو مہنگے تحائف پیش کئے جاتے ہیں ، یہاں تک کہ پیسے نہ ہوں تو اس رسم کی ادائیگی کے لئے قرض لیا جاتا ہے ۔ یہ غیرشرعی رسم کے ساتھ ساتھ فضول خرچی میں بھی شامل ہے ۔  
(8) منگیتر سے متعلق غیر شرعی امور:
٭ اسلامی اعتبار سے منگیتر کا ہتھیلی اور اس کا چہرہ دیکھنا جائز ہے مگر یہاں بدن کا حصہ تک کھول کر دیکھا جاتا ہے ، یہ کام کہیں لڑکا انجام دیتا ہے تو کہیں منگنی میں آنے والی خواتین انجام دیتی ہیں۔
٭لڑکا کو خلوت کی چھوٹ دی جاتی ہے تاکہ ایک دوسرے کو اچھی طرح جان لے، یہ حرام کام ہے ۔
٭ منگنی کے بعد لڑکی سے رابطہ ، فون پہ بات چیت اور اس کے ساتھ ادھر ادھر گھوم گھام شروع ہوجاتا ہے ۔
٭ بسا اوقات کھلی جھوٹ سے شادی پہ برا اثر پڑتا ہے اور شادی سے پہلے لڑکا اور لڑکی جسمانی تعلق تک قائم کر لیتے ہیں ۔ یہ زنا کاری جسے اسلام نے حرام ٹھہرایا ہے ۔
لمحہ فکریہ:
کچھ لوگوں نے منگنی کے نام پہ لڑکیوں کو دیکھنا، دعوت کھانا، تحائف حاصل کرنا دھندا بنالیاہے ، شادی کا پیغام محض ایک بہانہ ہوتا ہے ۔
غریب گھر کی بیٹی یا خوبصورتی سے محروم لڑکی  کی شادی اس وقت ایک چیلنج بن گیاہے ،  ہزاروں گھر سے لڑکے والے دیکھنے آتے ہیں، اورجہاں ایک طرف کھاپی کے مزید کنگال بناتے ہیں وہیں طرح طرح کے عیب نکال کر سماج میں بدنام بھی کرتے ہیں ۔ اگر منگنی کا یہی مطلب ہے تو اسلام ایسی منگنی کی اجازت نہیں دیتا۔  










0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔