جنازہ سے متعلق چند سوالوں
کے جواب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
جنازہ کے متعلق کچھ سوالات کے جوابات مطلوب ہیں
۔
پہلا سوال : کیا کسی کا انتقال ہو جائے تو ان کی
چارپائی قبلہ رخ ہونی چاہیے؟
دوسراسوال : جب جنازہ کو گھر سے مسجد لے جاتے
ہیں یا مسجد سے قبرستان لے جاتے ہیں اس وقت میت کا سر شمال کی جانب ہوناچاہئے یا
جنوب کی جانب؟.
تیسرا سوال : میت کو قبر میں اتارنے سے پہلے قبر
میں عبیر کا پاوڈر ,گلاب کا پانی یا بعض لوگ زمزم کا پانی چھڑکتے ہیں کیا یہ صحیح
ہے؟
چوتھا سوال : خبر میں میت کو رکھنے کے بعد بعض
لوگ لکڑی یا بعض جگہ پتھر دیتے ہیں کیا یہ وہ کچی اینٹوں کی طرح ہے جو رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں قبرمیں رکھی جاتی تھی جیساکہ سعودیہ میں آج بھی
اس کا رواج ہے۔ کیا یہ صحیح ہے ؟ اور میت کو دفنانے کے بعد قبر کو کوہان کے مانند
بنانا صحیح ہے؟
پانچواں سوال : کیا قبرستان میں میت کی تدفین کے
وقت آنے والے افراد کی نصیحت کے لیے کوئی عالم یا کوئی جاننے والا کچھ دیر فکر
آخرت دلاتے ہوئے بیان کرے تو یہ جائز ہے؟
چھٹا سوال: میت کے گھر پہ دفنانے کے بعد دو دن
یا تین دن یا ہفتہ کے بعد میت کے گھر والوں کو وعظ و نصیحت کے لیے جمع ہونا، میت
کے گھر والوں کی طرف سے دی گئی کھانے کی دعوت تناول فرمانا شریعت کی نظر میں کیا
حکم رکھتا ہے؟
ساتواں سوال : عورتوں کے لئے کفن کا کپڑا تین ہے
یا پانچ ؟
آٹھواں سوال : عورتوں کے سر کی چوٹی کو کتنے حصے
کیا جائے اور بال پیٹ یا پیچھے یا سینے پر رکھے جائیں ؟
نواں سوال : بیری کے پتوں کی کیا خصوصیت ہے اور
اس میں کیا حکمت ہے میت کو غسل دینے کے لئے اس کے استعمال کا کیوں حکم دیا گیا؟
مہربانی فرما کر ان سوالات کے جواب قرآن و سنت
کی روشنی میں دے کر عنداللہ ماجور ہوں ۔
سائل : عبداللہ تلنگانہ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمدللہ :
ان میں سے اکثر سوالات کے مدلل ومفصل جواب میری
کتاب جنازہ کے اہم مسائل واحکام میں موجود ہیں پھر بھی سائل کے اصرار پہ ان کا
مختصر جواب دیا جارہاہے ۔
پہلے سوال کا جواب : جس پارپائی پہ کسی کی وفات ہوئی ہے اس چارپائی
کا کوئی مسئلہ نہیں وہ جوں کا توں رہے گی البتہ اچھا ہے کہ میت کا چہرہ قبلہ رخ
کردیا جائے ۔ ابن حزم نے کہا:
وتوجيه الميِّت إلى القِبلة حسَنٌ، فإن لَم
يُوجَّه، فلا حرَج؛ قال الله تعالى: فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللَّهِ
[البقرة: 115]،ولَم يأتِ نصٌّ بتوجيهه إلى القِبلة(المحلى :1/ 256).
ترجمہ: میت کو قبلہ کی طرف کرنا اچھا ہے اوراگر
نہ کیا جائے تو بھی کوئی حرج نہیں ہے۔اللہ کا فرمان ہے : تم جدھر بھی منہ کرو ادھر
ہی اللہ کا منہ ہے۔ میت کو قبلہ رخ کرنے سے متعلق کوئی دلیل وارد نہیں ہے۔
شیخ ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سنت یہ ہے
کہ میت کو قبلہ رخ کیا جائے ، کعبہ زندہ اور مردہ تمام مسلمانوں کا قبلہ ہے۔ (موقع
شیخ ابن باز)
ابوقتادہ سے مروی قبلہ رخ کرنے والی روایت کو
شیخ البانی نے ضعیف کہا ہے ۔(إرواء الغليل: 3 / 153)
خلاصہ یہ ہوا کہ صرف میت کو وفات کے وقت قبلہ رخ
کردیا جائے یہ بہتر ہے اور نہ بھی کیا گیا تو کوئی حرج نہیں ہے۔
دوسرے سوال کا جواب : جنازہ لے جاتے ہوئے راستہ میں شمال وجنوب کا
بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے ، بس اتنی سی بات ہو کہ میت کولے جاتے ہوئے سر کا حصہ آگے کی طرف ہو۔
تیسرے سوال کا جواب : میت کو قبر میں اتارنے سے پہلے کوئی چیز چھڑکنے
کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی دلیل ہے البتہ میت کو غسل دیتے وقت بیری
اور کافور (خوشبو) کا استعمال کیا جائے۔کافور آخری مرتبہ غسل دیتے وقت استعمال
کریں تاکہ خوشبو باقی رہے ، اسی طرح غسل کے بعد کستوری، عنبر اور کافور والی
خوشبومیت کے بدن کو لگائی جائے بطور خاص سجدہ والی جگہوں کو اور کفن کو بھی خوشبو
کی دھونی دی جائے ۔ میت کےلئےخوشبو کے تعلق بس یہی عمل مسنون ہے۔ اور قبر کے اندر
گلاب وعنبراور زمزم چھڑکنا یا قبر کے اوپر چھڑکنا اپنی من مانی ہے ۔ قبر کے اوپر
دفن کے فورا بعدصرف پانی چھڑک سکتے ہیں
یہ مستحب ہے ضروری نہیں ہے۔
چوتھے سوال کا جواب : نبی ﷺ نے حضرت عثمان بن مظعون کی قبر کو پتھر
سے نشان زد کیاتھا اس سے دلیل پکڑتے
ہوئےکسی قبر کو نشان زد کرنے کے لئے اس کے پاس پتھر یا تختی نصب کرنا درست ہے مگر
قبر پہ لکھنا یا کتبہ لگانا یا قبر کو ایک بالشت سے زیادہ اونچی کرنا جائز نہیں
ہے۔ اورجمہور علماء کا قول ہے کہ کوہان نما قبر سنت ہے جیساکہ صحیح بخاری میں
روایت ہے :
عَنْ سُفْيَانَ التَّمَّارِ، أَنَّهُ حَدَّثَهُ:
أَنَّهُ رَأَى قَبْرَ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُسَنَّمًا.(1405)
ترجمہ: حضرت سفیان تمار سے روایت ہے،انھوں
نےبتایا:میں نے نبی کریم ﷺ کی قبر مبارک کو کوہان شتر(اونٹ کے کوہان) کی طرح ابھری
ہوئی دیکھا ہے۔
پانچویں سوال کا جواب : نمازجنازہ سے قبل خطبہ دینا یا وعظ ونصیحت کو
لازم پکڑنا جائز نہیں ہے ۔ جنازہ کا تقاضہ ہے کہ بلاتاخیر نمازجنازہ پڑھ کر جلدسے
جلد میت کو دفن کردیا جائے ۔ بسااوقات جنازہ کے لئے کافی لوگ جمع ہوتے ہیں اور کچھ
کا انتظار کیا جارہا ہوتا
ہےاس صورت میں بغیر خطبے کی شکل کے چند ناصحانہ کلمات کہنے میں کوئی حرج نہیں مگر
یاد رہے وعظ ونصیحت کے نام پہ جنازہ میں تاخیر کرنا خلاف سنت ہے، نصیحت کے لئے کسی
کا جنازہ اٹھنااور قبرستان جانا کافی ہے ۔(تفصیل کے لئے میری کتاب دیکھیں )
چھٹے سوال کا جواب : اہل میت کے یہاں جمع ہونا اور پھر ان لوگوں کے
لئے اہل میت کا کھانا پکانا نہ صرف زمانہ جاہلیت کے عمل میں سے ہے بلکہ یہ نوحہ
میں شمار ہے ۔
كنَّا نرى الاجتماعَ إلى أَهلِ الميِّتِ وصنعةَ
الطَّعامِ منَ النِّياحة(صحيح ابن ماجه:1318)
ترجمہ: ہم گروہِ صحابہ اہل میّت کے یہاں جمع
ہونے اور ان کے کھانا تیار کرانے کو مردے کی نیاحت سے شمار کرتے تھے۔
امام نووی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ اہل میت کا
کھانا بنانا، دوسروں کا ان کے یہاں جمع ہونا اس سلسلے میں کوئی چیز منقول نہیں ہے
اس لئے یہ کام بدعت اور غیرمستحب ہے ۔ (روضة الطالبين:2/145).
اس لئے اہل میت کا میت کی وفات پہ تیجا، دسواں،
تیرہواں ، چالیسواں یا کوئی اوراس طرح کا دن منانا بدعت ہے البتہ گھر آئے مہمان کی
ضیافت کرنا اس سے مستثنی ہے ۔اہل میت کو چاہئے کہ میت کی طرف سے فقراء ومساکین میں
بغیر دن کی تعیین کے صدقہ کرے ۔
ساتویں سوال کا جواب : عورت کو بھی مردوں کی طرح تین چادروں میں دفن
کیا جائے گا ، عورت ومرد کے کفن میں فرق کرنے کی کوئی صحیح حدیث نہیں ہے ۔ ابوداؤد
میں پانچ کپڑوں سے متعلق ایک روایت ہے جسے لیلیٰ بنت قائف ثقفیہ بیان کرتی ہیں
جنہوں نے نبی ﷺ کی بیٹی ام کلثوم کو غسل دیا تھا۔ اس روایت کو شیخ زبیرعلی زئی
رحمہ اللہ ضعیف قرار دیتے ہیں اور شیخ البانی نے بھی ضعیف کہا ہے ۔ دیکھیں : (ضعيف
أبي داود:3157)
اس لئے شیخ البانی نے احکام الجنائز میں عورت
ومردکے لئے یکسان کفن بتلایا ہے اور کہا کہ فرق کی کوئی دلیل نہیں ہے ۔ شیخ ابن
عثیمین رحمہ اللہ شرح ممتع میں ذکر کرتے ہیں کہ عورت کو مرد کی طرح کفن دیا جائے
گا یعنی تین کپڑوں میں ، ایک کو دوسرے پر لپیٹ دیا جائے گا۔
آٹھویں سوال کا جواب : ام عطیہ رضی اللہ عنہا نبی ﷺ کی ایک صاحبزادی
کی وفات پر ان کے غسل سے متعلق ایک حدیث بیان کرتی ہیں اس حدیث کے آخری الفاظ ہیں : فَضَفَرْنَا
شَعَرَهَا ثَلَاثَةَ قُرُونٍ وَأَلْقَيْنَاهَا خَلْفَهَا(صحيح البخاري: 1276)
ترجمہ: ہم نے ان کے بال گوندھ کر تین چوٹیاں
بنائیں اور انھیں پیٹھ کے پیچھے ڈال دیا۔
نویں سوال کا جواب : بیری کے پتے کی یہی بڑی خصوصیت ہے کہ نبی ﷺ نے
میت کو اس سے غسل دینے کا حکم دیا ہے ، علماء نے اس کی حکمت بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ
اس سے بدن کی اچھی صفائی ہوتی ہے۔
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، شمالی
طائف (مسرہ) سعودی عرب
0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔