Sunday, November 12, 2017

آپ کے سوالات اور مقبول احمد سلفی کے جوابات

آپ کے سوالات اور مقبول احمد سلفی کے جوابات

جوابات از شیخ مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، شمالی طائف (مسرہ)

کئی سالوں سے سوشل میڈیا پہ کام کرنے کی وجہ سےلوگوں میں میرا نام اور نمبر کافی معروف ہوگیا ہے، (اس میں میری کوئی بڑائی نہیں ہرقسم کی تعریف کا مستحق اللہ تعالی ہے)اس لئے بہت سارے سوالات مختلف سماجی روابط پہ مجھ سے کئے جاتے ہیں پہلے میں سائل کووہیں پہ جواب دے دیا کرتا تھا جہاں سوال آتا تھا مگر اسے محفوظ نہیں کرپاتا تھا اب سوشل میڈیا کے مختلف مقامات پہ کئے گئے سارے سوالات کو ایک جگہ جمع کرتا ہوں اور پھر ان سب کا ایک ساتھ جواب شائع کرتا ہوں تاکہ نہ صرف سوال کرنے والا مستفید ہو بلکہ دوسرے حضرات بھی اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس سلسلے کی  کئی کڑیاں گزرچکی ہیں جنہیں میرے بلاگ "مقبول احمد ڈاٹ بلاگ اسپاٹ ڈاٹ کام" پر دیکھ سکتے ہیں ،اس کی ایک اور کڑی پیش خدمت ہے۔

سوال(1):میں نے صحیح بخاری کی ایک حدیث پڑھی "جنت تلوار کی چھاؤں تلے ہے"اس حدیث کا مطلب کیا ہے؟
جواب :  ہاں یہ حدیث صحیح بخاری میں اس طرح سے ہے ۔ الجنة تحت ظلال السيوف(صحيح البخاري:3024) یعنی جنت تلوارکی چھاؤں میں ہے ۔ اس حدیث میں جہاد کی ترغیب دی گئی ہے جس اسلام کو سربلندی حاصل ہوتی ہے اور مسلمان میدان جنگ میں تلواروں سے جہاد کرتے ہیں تو ان تلواروں کی وجہ سے جنت ملتی ہے ۔ یہ حدیث مسلم میں بھی ہے جس کی شرح کرتے ہوئے شارح صحیح مسلم امام نووی لکھتے ہیں کہ اس کا معنی ہے جہاد اور معرکہ قتال میں حاضر ہونا جنت کا راستہ ہے اور اس میں داخل ہونے کا سبب ہے ۔
سوال(2): کیا امام مہدی کی جماعت میں بہت تھوڑے مسلمان شامل ہوں گے؟ اور کیا ان مسلمانوں کی تعداد بھی بتائی گئی ہے؟
جواب :  مہدی علیہ السلام پر ایمان لانے والوں کی تعداد مجھے احادیث میں نہیں ملی مگر ایک ایسی روایت ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عہد مہدی میں  ساری زمین پر عدل قائم ہوجائے گا۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
لو لم يبقَ منَ الدَّهرِ إلَّا يومٌ ، لبعثَ اللَّهُ رجلًا من أَهْلِ بيتي ، يملأُها عدلًا ، كما مُلِئتْ جَورًا(صحيح أبي داود:4283)
ترجمہ: اگر اس زمانے سے ایک دن بھی باقی ہوا تو اللہ تعالیٰ میرے اہل بیت سے ایک آدمی کو اٹھائے گا جو اسے عدل سے بھر دے گا جیسے کہ ظلم سے بھری ہو گی ۔
اہل تشیع کی کتابوں میں تعداد مذکور ہے اس طرف دھیان نہیں دیں ۔
سوال(3): زمیں پر دجال کا فتنہ سب سے بڑا ہے توکیا دجال کے فتنے سے بچنے کے لئے سورہ الکہف کافی ہوگی، مطلب جن لوگوں نے سورہ الکہف حفظ کر لیا ہے وہ دجال کے خروج کے وقت سورہ الکہف پڑھیں گے تواس کے فتنے سے بچ جائیں گے؟
جواب : سورہ کہف کی ابتدائی دس آیات حفظ کرنے سے فتنہ دجال سے حفاظت ہوتی ہے ۔اس کی دلیل مسلم شریف کی مندرجہ ذیل روایت ہے ۔
من حفِظ عشرَ آياتٍ من أولِ سورةِ الكهفِ ، عُصِمَ من الدَّجَّالِ(صحيح مسلم:809)
ترجمہ: جو شخص سورہ کہف کی ابتدائی دس آیات یاد کرے گا وہ دجال کے فتنہ سے بچا لیا جائے گا۔
اس حدیث میں ابتدائی دس آیات حفظ کرنے کی بات ہے ، مسلم کی ایک دوسری روایت میں مطلقا ابتدائی آیات پڑھنے کا ذکر ہےجس سے دس آیات ہی مراد ہیں ۔
فمن أدركه منكم فليقرأْ عليه فواتحَ سورةِ الكهفِ(صحيح مسلم:2937)
ترجمہ: تم میں سے جو شخص دجال کو پائے، اسے چاہیے کہ وہ سورہ کہف کی ابتدائی آیات پڑھے۔
یہ فرمان نبوی ہے اس پر ہمیں ایمان لانا ہے اور یقین کرنا ہے کہ جو سورہ کہف کی تلاوت کرے بالخصوص دس ابتدائی آیات اور یہی آیات دجال کے خروجکے وقت پڑھے تو اس کے فتنے سے محفوظ رہے گا۔ اس پہ تفصیلی مضمون پڑھنے کے لئے میرے بلاگ پر تشریف لائیں ۔
سوال (4): قرضدار زندگی میں قرض ادا کرنے سے قاصر رہا اور موت کی آغوش میں چلا گیا ۔نا اسکے پاس کوئی جائیداد تھی جس سے قرض ادا ہو اور نا ہی کوئی اسکا قرض ادا کیا تو ایسی صورت میں وہ ہمیشہ سزا کا مستحق قرار دیا جائے گا یا اسکی توحید کی وجہ سے اسکو معاف بھی کیا جائے گا ؟
جواب : اولا  بلاضرورت قرض نہیں لینا چاہئے لیکن اگر شدید حاجت پڑجائے تو اس نیت سے قرض لیں کہ اسے چکانا ہے نہ کہ غصب کرجانا ہے ۔ جس کی نیت ایسی تھی کہ وہ قرض کو ادا کرے گا لیکن اس کی ادائیگی سے قبل وفات پاگیا  نہ ہی اس نے مال چھوڑا کہ قرض ادا کیا جائے اور نہ مسلمانوں میں سے کسی نے اس کی جانب سے قرض ادا کیا تو قرض خواہ کو چاہئے کہ معاف کردے ، اللہ نے وقت پر قرض نہ ادا کر سکنے کی وجہ سے سورہ بقرہ (280) میں تنگ دست کے واسطے مہلت دینے کا حکم دیا ہے ۔اور نبی ﷺ کا فرمان ہے : من أخذَ أموالَ النَّاسِ يريدُ أداءَها أدَّى اللهُ عنه ، ومن أخذ يريدُ إتلافَها أتلفَهُ اللهُ(صحيح البخاري:2387)
ترجمہ: جو کوئی لوگوں کا مال قرض کے طور پر ادا کرنے کی نیت سے لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اس کی طرف سے ادا کرے گا اور جو کوئی نہ دینے کے لیے لے، تو اللہ تعالیٰ بھی اس کو تباہ کردے گا۔
قرض خواہ نے اس کی وفات کے بعد معاف کردیا تو ٹھیک ورنہ اللہ تعالی اس کی جانب سے قیامت میں بدلہ دے گا لیکن واضح رہے یہ اس قرض کی بات ہے جو چکانے کی نیت سے لیا گیا ہو۔
سوال (5): عورت کی ڈیلیوری کے وقت کون سی دعا پڑھنی چاہئے ؟
جواب : بچہ ہوتے وقت عورت کوشدید سے شدید تکلیف ہوتی ہے بسااوقات زچگی کی تاب نہ لاکر عورت موت کی آغوش میں بھی چلی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے اس تکلیف کا قرآن میں ذکر کرکے والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے ۔ اللہ کا فرمان ہے :
وَوَصَّيْنَا الْإِنْسَانَ بِوَالِدَيْهِ إِحْسَانًا حَمَلَتْهُ أُمُّهُ كُرْهًا وَوَضَعَتْهُ كُرْهًا(الأحقاف:15) .
ترجمہ: اور ہم نے انسان کو اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا حکم دیا ہے اس کی ماں نے اسے تکلیف جھیل کر پیٹ میں رکھا اور تکلیف برداشت کرکے اسے جنا۔
یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسلام نے اتنی تکلیف دہ حالت زچگی کے لئے کوئی مخصوص دعا یا کوئی مخصوص عمل بتلایا ہے ؟
تو اس کا جواب یہ ہے کہ اسلام میں تکلیف کے وقت کے لئے متعدد دعا موجود ہے مگر زچگی کے لئے کوئی مخصوص ذکر، کوئی مخصوص دعا، کوئی مخصوص وظیفہ اور کوئی مخصوص عمل نہیں بتلایاگیاہے ۔ تکلیف کی حالت میں عورت بغیر تخصیص کے ذکرواذکار، تلاوت قرآن، دعاواستغفاروغیرہ کر سکتی ہے ۔
سوال (6) :عرب کو برا بھلا نہ کہنے کے بارے میں کیا کوئی حدیث ہے ؟ جو عرب کو کھلے عام گالیاں دیتے ہیں ان کا کیا حکم ہے ؟
جواب : عرب کوگالی مت دو ایسی کوئی صحیح حدیث مجھے نہیں ملی ،اس طرح ایک روایت بیان کی جاتی ہے "لا تسبوا العرب فأنا من العرب" کہ تم عرب کو گالی نہ دو کیونکہ میں عرب میں سے ہوں ۔ اس روایت کی کوئی حقیقت نہیں ہے ۔ اسی طرح مندرجہ ذیل روایات بھی موضوع یا ضعیف ہیں ۔
من سبَّ العربَ ؛ فأولئكَ همُ المشركونَ(السلسلة الضعيفة:4601)
ترجمہ: جو عرب کو گالی دیتاہے دراصل وہ مشرک ہے۔
حبُّ العربِ إيمانِ ، وبغضُهم نفاقٌ(ضعيف الجامع:2683)
ترجمہ: عرب سے محبت کرنا ایمان ہے اور ان سے بغض رکھنا نقاق ہے ۔
لا يَبْغَضُ العربَ مؤمنٌ، ولا يُحِبُّ ثَقِيفًا إلا مؤمنٌ( السلسلة الضعيفة:1191)
ترجمہ: عرب سے کوئی مومن بغض نہیں رکھتا اور ثقیف سے مومن ہی محبت کرتا ہے۔
دوسری عام متفق علیہ حدیث کی روشنی میں کہا جاسکتا ہے کہ جس طرح کسی مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اسی طرح عرب کو بھی گالی دینا فسق ہےاور جو اس کا ارتکاب کرے وہ فاسق ہے ۔
سوال(7): ایک مؤحد کی سرکاری نوکری ہے اسے ایک ثقافتی پروگرام میں نظامت کا فریضہ سونپا گیا، دیپ جلانے کے وقت وہ اس سے الگ رہے لیکن مجبورا انہیں بھجن کا اعلان کرنا پڑا ، وہ بھائی شرمندہ ہیں اور پوچھتے ہیں اس کا کیا گناہ اور کیا کفارہ ہے؟
جواب :  کسی سرکاری پروگرام کی نظامت کرنا برا نہیں ہے مگر برائی کا اعلان کرنا بہرحال برا ہے۔ اگر اس موحد کو معلوم تھا کہ اس قسم کے پروگرام میں شرک کا پرچار کرنا پڑے گا تواس کی نظامت قبول نہیں کرنا چاہئے تھا ۔ خیر آئندہ سے احتیاط کرے اور گزشتہ گناہ کی معافی کے لئے اللہ تعالی سے توبہ واستغفار کرے ۔
سوال(8):جب نبی صلى الله عليه وسلم کا نام لکھتے ہیں تو پورا نام نہیں لکھتے ہیں بلکہ نبی صلعم لکھتے ہیں تو کیا اس طرح سے لکھنا صحیح ہے مہربانی کرکے وضاحت کریں؟
جواب : آج کل لوگ موٹی موٹی کتابیں لکھ لیتے ہیں ،لمبے لمبے مضامین ومقالات سے سیکڑوں صفحات سیاہ کرلیتے ہیں مگر چند حروف والفاظ پر مشتمل صلی اللہ علیہ وسلم نہیں لکھ سکتے ۔ صلعم کا کوئی معنی نہیں نکلتا اس لئے ہمیں مکمل صلی اللہ علیہ وسلم لکھنا چاہئے ۔ اگر مضامین ومقالات میں  ہر جگہ اس کا التزام مشکل ہے تو دل میں پڑھ لیا جائے اور آج تو کمپیوٹر سے لکھا جاتا ہے جہاں صلی اللہ علیہ وسلم صرف ایک بٹن دبانے سے آجاتا ہے پھر کون سی پریشانی ؟ موبائل میں بھی ایک حرف لکھنے سے اس کے مساوی  کئی الفاظ آپ خود ظاہر ہوجاتے ہیں لہذا ہمیں مکمل صلی اللہ علیہ وسلم لکھناچاہئے جیساکہ صحابہ کرام ومحدثین عظام جب نبی ﷺ کی کوئی حدیث بیان کرتے تو صلی اللہ علیہ وسلم  لازما کہتے اور لکھتے۔
سوال(9): امام کے مصلی پر جانے سے پہلے ہی موذن نے اقامت شروع کردی تو کیا اس طرح کرنا صحیح ہے ؟
جواب : اقامت کا وقت ہوجائے اور امام مسجد کو آتا ہوا دیکھ لے تو موذن اقامت کہنا شروع کرسکتا ہے اس سے پہلے کی امام مصلی پر کھڑا ہو ۔ اس کی دلیل بخاری ومسلم کی یہ روایت ہے ۔
عن أبي قتادة رضي الله قال : قال رسول الله صلى الله عليه وسلم (إِذَا أُقِيمَتْ الصَّلَاةُ فَلَا تَقُومُوا حَتَّى تَرَوْنِي) رواه البخاري (637) ومسلم (604) وفي رواية لمسلم : (حَتَّى تَرَوْنِي قَدْ خَرَجْتُ).
ترجمہ : حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب اقامت ہوجائے تو تم اس وقت تک نہ کھڑے ہو جب تک مجھے دیکھ نہ لو ۔ اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے ۔ اور مسلم کی ایک روایت میں ہے : یہاں تک کہ تم مجھے نکلتے ہوئے دیکھ لو۔
سوال(10): کیا مشرک کی تعزیت اور تدفین میں شرکت کی جاسکتی ہے؟
جواب : کسی کافر کی میت پہ اس کی تعزیت یعنی صرف صبر کی تلقین کرنا (استغفار جائز نہیں) کرنا جائز ہے لیکن اس کے جنازہ میں شرکت کرنا جائز نہیں ہے ۔آپ ﷺ ابوطالب کی موت پہ ان کے جنازہ میں شریک نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کی تدفین میں جبکہ ابوطالب نے قدم قدم پہ آپ کی مدد کی تھی ۔
ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ اسلام نے کفار سے موالات کو منع فرمایاہے اور کافر کی میت میں شرکت موالات میں سے ہے ، اس میں کافر کا احترام اور اس سے محبت کا اظہار ہے ۔ جنازہ کے پیچھے چلنا، یہ تو ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پہ حق ہے، اسے کافروں کو کیسے دیا جاسکتاہے ۔ کافرمیت پہ اس کے کافر رشتہ داروں کو صبر کی تلقین کرنے کی بات اسلام کے احسان و سلوک کے تئیں ہے ۔
سوال(11):میں نے ایک حدیث پڑھی ہے کہ اعرابی لوگ گوشت لاتے پتہ نہیں اس پر اللہ کا نام لیا ہوتا کہ نہیں نبی ﷺ نے فرمایابسم اللہ کرکے کھالوتو اس حدیث کی روشنی میں ہم یورپ رہنے والے عام دوکانوں سے گوشت خرید کر کھاسکتے ہیں ؟
جواب :  یہ حدیث نسائی وغیرہ میں موجود ہے اور صحیح روایت ہے ۔ یہاں اعرابی سے مراد مدینہ کامسلمان اعرابی ہے ۔ کافر کا ذبیحہ حلال نہیں ہے سوائے اہل کتاب کے ۔ ابوداؤد میں  "إنَّ قومًا حَديثو عَهْدٍ بالجاهليَّةِ" (کچھ لوگ جاہلیت سے نئے نئے نکلے ہیں یعنی نئے مسلمان ہوئے ہیں)کے الفاظ آئے ہیں ۔
یہ روایت بخاری شریف اس طرح مروی ہے ۔
عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا: أَنَّ قَوْمًا قَالُوا لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِنَّ قَوْمًا يَأْتُونَا بِاللَّحْمِ، لاَ نَدْرِي: أَذُكِرَ اسْمُ اللَّهِ عَلَيْهِ أَمْ لاَ؟ فَقَالَ: «سَمُّوا عَلَيْهِ أَنْتُمْ وَكُلُوهُ» قَالَتْ: وَكَانُوا حَدِيثِي عَهْدٍ بِالكُفْرِ (صحیح البخاری : 5507)
ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ گاؤں کے کچھ لوگ ہمارے یہاں گوشت بیچنے لاتے ہیں اور ہمیں معلوم نہیں کہ انہوں نے اس پر اللہ کا نام بھی ذبح کرتے وقت لیا تھا یا نہیں ؟ آپ نے فرمایا کہ تم ان پر کھاتے وقت اللہ کا نام لیا کرو اور کھا لیا کرو ۔
اس حدیث کا معنی یہ ہے کہ مسلمان کا ذبیحہ کھایا کرو اور کھاتے وقت بسم اللہ پڑھ لیا کرو کیونکہ مسلمان اللہ کے نام سے ہی ذبح کرتے ہیں اس لئے مسلمانوں کے بازار سے یا مسلمان کی دوکان سے گوشت بلاپوچھے خرید سکتے ہیں الا یہ کہ تردد ہو  لیکن کافر کی دوکان سے گوشت نہیں لے سکتے ہیں ۔
المعجم الاوسط اور مجمع الزوائد میں اس روایت میں یہ زیادتی ہے ۔
اجهَدوا أيمانَهم أنَّهم ذبَحوها ثمَّ اذكُروا اسمَ اللهِ وكُلوا۔
ترجمہ: ان اعرابی سے قسم کھلاؤ کہ  ذبح کرتے وقت بسم اللہ کہا ہے پھر اللہ کا نام لیکر کھاؤ۔
اس روایت کو شیخ البانی نے ضعیف کہا ہے ۔ ( السلسلة الضعيفة:5494)
سوال(12): میرے پاس سند ہے ،صلاحیت ہے مگر تجرباتی سرٹیفکیٹ نہیں ہے جس کی وجہ سے کہیں نوکری نہیں ملتی کہاجاتا ہے اکسپیرئنس لاؤ ایسی صورت میں جعلی تجرباتی سرٹیفکیٹ بناکر نوکری کرنا کیسا ہے ؟
جواب :  آج حلال روزی کمانا مشکل اور حرام روزی کمانا آسان ہوگیا ہےیہی تو فتنے کے زمانہ میں مومن کی آزمائش ہےاس لئےجس قدر بھی حلال روزی کا حصول مشکل ہو مومن سے حلال کمائی ہی مطلوب ہے ۔ آپ نے اچھی  تعلیم حاصل کی ہے ، قابلیت بھی موجود ہے تو احساس کمتری کا شکار نہ ہوں بہت سارے اداروں میں بغیر تجربہ کے نوکری ملتی ہے ،ہمیں زیادہ تنخواہ کا لالچ غلط راستہ دکھاتا ہے ، کم تنخواہ سے ہی زندگی کا آغاز کریں ،حلال روزی کم بھی ملے تو حرا م کی بے پناہ دولت سے بہتر ہے ۔ اس لئے یاد رکھیں  کسی قسم کی جعلی سرٹیفکیٹ نہ بنائیں یہ جائز نہیں ہے ۔اپنی تعلیم ، محنت ، صلاحیت اور ایمانداری کے بل بوتے پر نوکری حاصل کریں  بھلے ہی کم تنخواہ والی نوکری ملے ۔  
سوال(13): اگر غیرمسلم لڑکی کلمہ پڑھ لے تو مسلمان لڑکا اس سے نکاح کرسکتا ہے؟
جواب : مسلمان اسے کہتے ہیں جو زبان سے کلمہ کا اقرار کرے ، دل سے اس کی تصدیق کرے اور اعضاء وجوارح سے اس پر عمل کرکے دکھائے۔اگر غیرمسلم لڑکی اس طرح سے ایمان لاتی ہے تو اس سے نکاح کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن کلمہ صرف  عشق ومحبت کے چکر میں مسلمان لڑکا سے شادی کرنے کے لئے پڑھتی ہے ، اس کا دل کلمہ کی تصدیق نہیں کررہاہے تو اس سے شادی جائز نہیں ہے ۔ آپ کہیں گے کہ اس کے اسلام کو کیسے پہچانیں تو میرا جواب یہ ہے کہ اسکے عمل وکردار سے پہچانیں ۔ نماز قائم کرتی ہے کہ نہیں ، روزہ رکھتی ہے کہ نہیں ، پردہ کرتی ہے کہ نہیں اور اسی طرح  اسلام کی دیگر تعلیمات؟ ۔ 
سوال(14): کیا ہم اپنے آپ کو اللہ کا غلام نہیں کہہ سکتے ؟ کسی نے مجھ سے کہا کہ یہ اللہ کو پسندنہیں ہمیں اللہ کا بندہ کہنا چاہئے ؟
جواب : ہم اپنے آپ کو اللہ کے بندے اور اس کے غلام دونوں کہہ سکتے ہیں کیونکہ اللہ تعالی ہمارا خالق بھی ہے اور مالک بھی ہے ۔ قرآن میں عبد اور عبید کالفظ آیا ہے ۔
وَمَا رَبُّكَ بِظَلَّامٍ لِّلْعَبِيدِ (فصلت:46)
ترجمہ: اور آپ کا رب بندوں پر ظلم کرنے والا نہیں ۔
وَعِبَادُ الرَّحْمَٰنِ الَّذِينَ يَمْشُونَ عَلَى الْأَرْضِ هَوْنًا (الفرقان:63)
ترجمہ: رحمن کے سچے بندے وہ ہیں جو زمین پر فروتنی کے ساتھ چلتے ہیں۔
یہ دونوں لفظ بندے اور غلام دونوں کے لئے عربی میں مستعمل ہے۔
سوال(15): میرے ذہن میں کئی دنوں سے ایک سوال کھٹکتا ہے وہ یہ کہ انسان دل سے سوچتا ہے یا دماغ سے؟
جواب :  سوچنے اور سمجھنے کا مرکز دل ہے اس لئے قرآن میں تدبر وتفکر کے لئے قلب (دل) کا لفظ آیا ہے اور اسی طرح حدیث میں بھی ۔ اللہ کا فرمان ہے: أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ أَمْ عَلَىٰ قُلُوبٍ أَقْفَالُهَا (سورة محمد :24)
ترجمہ : کیایہ لوگ قرآن میں غورنہیں کرتے ؟ یا ان کے دلوں پہ ان کے تالے لگے ہوئے ہیں۔
نبی ﷺ کا فرمان ہے : ألا وإن في الجسدِ مُضغَةً : إذا صلَحَتْ صلَح الجسدُ كلُّه، وإذا فسَدَتْ فسَد الجسدُ كلُّه، ألا وهي القلبُ .(صحيح البخاري:52)
ترجمہ:سن لو بدن میں ایک گوشت کا ٹکڑا ہے جب وہ درست ہو گا سارا بدن درست ہو گا اور جہاں بگڑا سارا بدن بگڑ گیا۔ سن لو وہ ٹکڑا آدمی کا دل ہے۔
سوال(16): میں نے ایک محلے میں مکان کرائے پر لیکر اس میں سلائی فیکٹری ڈالی ہے،اس کام کے لئے چھ سات افراد مامور ہیں ان کے لئے اس مکان میں ایک کمرہ نماز کے لئے مختص کردیا ہے کیا یہ صحیح ہے جبکہ اس محلہ میں کچھ فاصلے پر مسجد موجود ہے ؟
جواب :  مسجد قریب میں ہو اور اذان کی آواز سنائی دیتی ہو تو مسجد میں حاضر ہوکر جماعت سے نماز ادا کرنا چاہئے ، رسول اللہ ﷺ نے مسجد میں جماعت سے نماز نہ پڑھنے والوں کو سخت وعید سنائی ہے ، نابینا  کو بھی مسجد میں آنے کا حکم دیا ہے تو پھر مسجد چھوڑ کر اس کے بغل میں مصلی کیسے قائم کیا جاسکتا ہے ؟ ہاں مسجد دور ہو تو کام کرنے کی جگہ مصلی قائم کرلینے میں حرج نہیں ہے ۔
سوال(17): تکبیر تحریمہ امام زور سے اور مقتدی آہستہ کہے اس کی صریح دلیل کیا ہے ؟
جواب :  امام کے حق میں نماز کی تمام تکبیریں بلند آواز سے کہنا مسنون ہے جبکہ مقتدی کے حق میں آہستہ سے۔ امام کا  بلند آواز سے اس لئے کہ مقتدی کو امام کی پیروی کرنی ہے جیساکہ اس سے متعلق کئی احادیث موجود ہیں اور مقتدی آہستہ سےاس لئے کہ اس کے حق میں تکبیر سمیت ساری چیزیں سرا ً کہنا مسنون ہے ،صرف وہی کلمات بلند آواز سے کہیں گے جن کا الگ سے مقتدی کے لئے جہرا کہنے کا ثبوت ملتا ہے مثلا جہری نماز میں آمین کہنا۔اس بات کی دلیل وہ ساری احادیث ہیں جن کی بنیاد پر مقتدی کاالتحیات ،درود ، دعا وغیرہ آہستہ کہنے پر دلیل ہیں۔
سوال(18) :ہمارے پڑوس میں ایک ساٹھ سالہ خاتون رہتی ہے جو عمرہ پہ جانا چاہتی ہے مگر اس کا کوئی محرم نہیں ہے کیا کوئی راستہ ہے؟
جواب : بغیر محرم کے عورت کا سفر کرنا جائز نہیں ہے اس لئے اس خاتون کو عمرہ پراس وقت تک  نہیں جانا چاہئے جب تک کوئی محرم نہ مل جائے ۔ ایسی خاتون کے لئے ایک طریقہ یہ ہے کہ وہ اپنے پیسے سے کسی نیک آدمی کو بھیج کر اس کے ذریعہ عمرہ بدل کرالے۔
سوال(20): کیا ایسی کوئی حدیث ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اپنی خوشیوں کو چھپاؤ؟
جواب : اگر کسی مسلمان کو اللہ کی طرف سے کوئی نعمت ملے تو اسے بیان کرنا چاہئے اس سے نعمت کی قدر اور اللہ کا شکر ظاہر ہوتا ہے ۔ اللہ نے نبی ﷺ کو اس بات کا حکم بھی دیا ہے۔
وَأَمَّا بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ (الضحی:11)
ترجمہ: اور اپنے رب کی نعمتوں کا تذکرہ کریں۔
ہاں اگر کسی خاص نعمت کے بیان کرنے سے بغض وحسد کا اندیشہ ہو تو نعمت کا ذکر خصوصیت کے ساتھ نہ کریں بلکہ عمومی انداز میں کریں تاکہ آپ کی اس خاص نعمت کا حاسد کو پتہ نہ چلے جیساکہ اللہ تعالی نے قرآن میں ذکر کیا ہے۔
قَالَ يَا بُنَيَّ لَا تَقْصُصْ رُؤْيَاكَ عَلَى إِخْوَتِكَ فَيَكِيدُوا لَكَ كَيْدًا(یوسف:5)
ترجمہ: یعقوب علیہ السلام نے کہا پیارے بچے ! اپنے اس خواب کا ذکر اپنے بھائیوں سے نہ کرنا، ایسا نہ ہو کہ وہ تیرے ساتھ کوئی فریب کاری کریں ۔
اس آیت میں خواب کی نعمت وبشارت کو اپنے حاسد بھائی سے چھپانے کا ذکر ہے۔
اورفرمان نبوی ہے ۔
استعينوا على إنجْاحِ الحوائِجِ بالكتمانِ ؛ فإنَّ كلَّ ذي نعمةٍ محسودٌ(صحيح الجامع:943)
ترجمہ: لوگوں سے چھپاکر اپنے مقاصد کی کامیابی پرمدد طلب کرو کیونکہ ہر نعمت والا حسد کیا جاتا ہے۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔