Thursday, October 27, 2016

رخصت ہوتے وقت کیا کہیں ؟

رخصت ہوتے وقت کیا کہیں ؟
==============

مقبول احمد سلفی

عام طور سے لوگوں میں ملتے وقت ہائی ہیلو اور جدا ہوتے وقت بائی بائی کہنے کا چلن ہے جو کہ مغرب سے منتقل ہوکرآیاہے ۔ ہم مسلم قوم ہیں ہمیں رسول اللہ ﷺ نے ملنے جلنےاور رخصت ہونے  کے آداب سکھلائے ہیں بلکہ شعبہائے حیات کے تمام امور سے آگاہ کیا ہے اس لئے  ہمیں کسی  معاملہ میں دوسری قوم کی نقالی کی ضرورت ہی نہیں ۔
اسلام کی تعلیم ہے کہ جب مسلمان آپس میں ملیں تو سلام کریں ، اسی طرح جدا ہوتے وقت بھی سلام کے ذریعہ جدا ہوں یہ سب سے اچھا اور مبارک عمل ہے ۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
إذا انتهى أحدُكم إلى المجلسِ فليسلِّم، فإذا أراد أن يقوم فلْيسلمْ ؛ فليستِ الأولى بأحقُّ من الآخرةِ(صحيح أبي داود:5208)
ترجمہ: جب تم میں سے کوئی کسی مجلس میں پہنچے تو چاہیئے کہ سلام کہے اور جب وہاں سے اٹھنا چاہے تو بھی سلام کہے , پہلی دفعہ سلام کہنا دوسری دفعہ کے مقابلے میں کوئی زیادہ اہم نہیں ہے ۔
یہ حدیث ہمیں بتلاتی ہے کہ مجلس سے اٹھتے وقت یعنی جدا ہوتے وقت بھی سلام کرنا چاہئے ۔ سلام میں طرفین کے لئے اللہ کی سلامتی ہے وہ بھی سنت طریقہ سے ۔ پھر اس کے بعد دیگر الفاظ کہیں مثلا اللہ حافظ ، یا مزید دعا دیں تو اس میں کوئی حرج نہیں ۔ اگر کسی کو سفر پہ رخصت کررہے ہیں تو ان کو اس طرح سے دعا دینا مسنون ہے جیساکہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما جب کسی شخص کو سفر کیلئے رخصت کرتے تو فرماتے : آؤ میں تمہیں ویسے ہی رخصت کروں جس طرح رسول اللہ ﷺ ہم کو رخصت کرتے تھے ۔ آپ ﷺ فرماتے تھے :
أستودعُ اللَّهَ دينَك وأمانتَك وخواتيمَ عملِك(صحيح الترمذي:3443)
ترجمہ: میں تمہارے دین اور تمہاری امانت اور تمہارے آخری عمل کو اللہ کے سپرد کرتا ہوں ۔

اللہ تعالی ہمیں سنت پر چلنے کی توفیق دے ۔ آمین

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔