Saturday, July 22, 2017

قبروں پر اللہ کی تجلیات وخیروبرکت کا نزول؟

ایک بھائی کا سوال ہے کہ کیا اللہ کے انواروتجلیات یا خیروبرکت کسی اللہ والے کی قبروں پر اترتی ہے ؟
جواب :  قبر اور صاحب قبر کا معاملہ برزخی ہے ، اس کے احوال وکیفیات کوجاننا انسان کے بس میں نہیں ہے ، یہ اللہ کے علم میں ہے۔تاہم اس سے متعلق  قرآن وحدیث میں جو بیان کیا گیا ہے ہمیں اس کی تصدیق کرنی ہے ۔ سوال میں مذکور ہے کہ اللہ والوں کی قبر پر یعنی  ان کی قبر کے اوپراللہ کی تجلی یا خیر نازل ہوتی ہے کہ نہیں ؟ میں نے ابھی ابھی بتلایا کہ قبر کا معاملہ برزخی ہے اس کے حالات انسان نہیں معلوم کرسکتے سوائے اس کے کہ اس سے متعلق جوقرآن اور صحیح احادیث میں وارد ہے اس کی تصدیق کرنے کے ۔اللہ والے اور ان کی قبروں کے اندرونی حالات کے متعلق صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ وہ اللہ کی نعمت میں ہوتے ہیں ، ان کی قبر میں جنت کا فرش بچھا دیا جاتا ہے ، ان کے لئے جنت کا دروازہ کھول دیا جاتا ہے ، انہیں جنت کا لباس پہنایا جاتا ہے جیساکہ ابوداؤد کی حدیث میں مذکور ہے ،جب مومن بندہ فرشتے کے چوتھے سوال : تم نے یہ باتیں کیسے جانیں ؟ کاجواب دے دیتے ہیں تو نبی ﷺ کا فرمان ہے :
فينادي منادٍ منَ السَّماءِ: أن قَد صدقَ عَبدي، فأفرِشوهُ منَ الجنَّةِ، وافتَحوا لَهُ بابًا إلى الجنَّةِ، وألبسوهُ منَ الجنَّةِ قالَ: فيأتيهِ من رَوحِها وطيبِها قالَ: ويُفتَحُ لَهُ فيها مدَّ بصرِهِ(صحيح أبي داود: 4753)
ترجمہ: پھر ایک پکارنے والا آسمان سے پکارتا ہے: میرے بندے نے سچ کہا لہٰذا تم اس کے لیے جنت کا بچھونا بچھا دو، اور اس کے لیے جنت کی طرف کا ایک دروازہ کھول دو، اور اسے جنت کا لباس پہنا دو آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: پھر جنت کی ہوا اور اس کی خوشبو آنے لگتی ہے، اور تا حد نگاہ اس کے لیے قبر کشادہ کر دی جاتی ہے ۔
یہ قبر کے اندر کی کیفیت ہے ، اس کی ہمیں تصدیق کرنی ہے اور قبر کے اوپر اللہ کی تجلی یا خیروبرکت نازل ہونے سے متعلق  کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ ممکن ہے کہ کسی نیک آدمی کی قبر پر نور دکھائی دے یاوہاں سے خوشبو آتی ہو لیکن فی زمانہ قبر پرستوں نے قبروں کی تجارت کرکے اس قسم کابڑا ڈرامہ رچا ہوا ہے ، جس کی قبر پہ مزار بناہو یا مزار بنانے کا ارادہ ہو وہاں خود سے جادوئی روشنی کایا مصنوعی خوشبو ظاہر کرکے لوگوں کومبہوت کرتے ہیں اور ان کی توجہ اللہ کی طرف سے موڑ پر قبر کی طرف کردیتے ہیں تاکہ قبر کی تجارت کو فروغ ملے ۔اس لئے اس وقت اس قسم کی باتوں پہ اپنا ایمان نہ ضائع کریں ۔ اگر کسی قبر سے واقعی  خوشبو آتی ہے یا وہاں واقعی نور نظر آتا ہے تو صاحب قبر کے لئے مزید مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کریں گے بس۔
واللہ اعلم
کتبہ
مقبول احمد سلفی

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کوئی تبصرہ کرنا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں تبصرہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔